Live Updates

عمران خان پر قاتلانہ حملے کے ملزم کے فون سے نمبرز اور کالز کا ریکارڈ مل گیا

ملزم کے پاس ایک نمبر ’نہ ہے ،نہ ہوگا نہ رہے جی ‘کے نام سے محفوظ تھا،ملزم کے فون میں تھائی لینڈ کا ایک نمبر اور دو مقامی نمبر تفتیش کے لیے اہم قرار

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 7 جنوری 2023 13:11

عمران خان پر قاتلانہ حملے کے ملزم کے فون سے نمبرز اور کالز کا ریکارڈ ..
لاہور (اردوپوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 07 جنوری 2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملہ کرنے والے ملزم نوید کے موبائل فون کی فرانزک رپورٹ آگئی۔جیو نیوز کے مطابق ملزم کے فون سے دو مختلف کمپنیوں کی سم برآمد ہوئی ہیں۔ملزم کے پاس ایک نمبر نہ ہے ،نہ ہوگا نہ رہے جی کے نام سے محفوظ تھا۔ملزم کے فون سے 138 فون نمبر اور 1869 کالز کا ریکارڈ مل گیا۔

فرانزک رپورٹ کے مطابق ملزم کے فون میں 337 ایس ایم ایس، 1956 تصاویر اور 212 ویڈیوز موجود ہیں۔ملزم کے فون سے ڈیلیٹ کیا ڈیٹا ریکور نہیں کیا جا سکا۔ملزم کے فون میں تھائی لینڈ کا ایک نمبر اور دو مقامی نمبر تفتیش کے لیے اہم ہیں۔ملتان نوید کے فون کی آڈیو اور ویڈیو کی ڈی وی ڈی بنا کر جے آئی ٹی کے حوالے کردی گئی۔یاد رہے کہ عمران خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 11 میں سے 8 ضمنی انتخابات جیتے تو قتل کا پلان بنایا گیا، مجھے اندر سے پیغام آیا کہ آپ کو قتل کرنے کی سازش ہو رہی ہے، اسکرپٹ یہ تھی کہ عمران خان نے توہین مذہب کی اس لیے مار دیا، ملزم نوید کو جو پڑھایا گیا اس نے وہ کہا، پنجاب میں ہماری حکومت تھی لیکن میں آج تک ایف آئی آر ر جسٹرڈ نہیں کروا سکا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی تک ترقی نہیں ہوسکتی، مجھ پر قاتلانہ حملے سے متعلق جے آئی ٹی کی فائنڈنگ سب کے سامنے لانا چاہتا ہوں،عمران خان نے کہا کہ ہمارے اوپر تشدد کیا گیا اور کیسز بنائے گئے، میرے خلاف دہشت گردی کے کیسز بنائے گئے، ہمیں راستے سے ہٹانے کے لئے کیا کچھ نہیں کیا گیا؟ پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران خواتین اور بچوں پر تشدد کیاگیا، لانگ مارچ سے پہلے پولیس گھروں کی دیواریں پھلانگ کر لوگوں کو اٹھا کر لےگئی، عوام بتا رہے ہیں کہ ہم پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم ڈنڈوں سے ان کو ٹھیک کریں گے، مجھے مارنے کا پلان بنایا گیا ایک پلان کے بعد دوسرا پلان بنایا گیا، جاویدلطیف نے میر ے خلاف پریس کانفرنس کی، سرکاری ٹی وی کو حکم دیا گیا کہ چار دن عمران خان کیخلاف مہم چلائے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ لوگ باہر جا کر خود کو لبرل کہتے تھے ان کے بیانات موجود ہیں، میں نے اسلامو فوبیا کے خلاف ہر فورم پر بات کی، مجھے ایجنسیز کے اندر سے پیغام آیا کہ آپ کو قتل کرنے کی سازش ہو رہی ہے، میں نے اپنے جلسوں میں بتایا کہ مجھے قتل کرنے کی سازش ہو رہی ہے، مجھے اندر سے پیغام آیا کہ آپکو قتل کرنے کی سازش ہو رہی ہے، وہ کون تھا جو ہمیں روک رہا تھا، کون تھا جو تفتیش سے ڈر رہا تھا، پنجاب میں ہماری حکومت تھی لیکن میں آج تک ایف آئی آر ر جسٹرڈ نہیں کروا سکا، ہمارے ہوتے ہوئے ہمارا ڈی پی او جے آئی ٹی میں نہیں آرہا، کون ہے جو ان کو روک رہا ہے ظاہر ہے کوئی طاقت ور ہے جو روک رہا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات