Live Updates

امپورٹڈ حکمران اقتدار کو طول دینے کیلئے حیلے بہانے کررہے ہیں، شاہ محمود قریشی

سپیکر قومی اسمبلی کو جس ایجنڈے کے تحت ذمہ داری سونپی گئی وہ اسی ایجنڈے کے تحت کام کررہے ہیں، سابق وزیر فوری اور شفاف الیکشن ملک کی ضرورت بن چکے ہیں، حکمران الیکشن سے راہ فرار اختیار کررہے ہیں، ملک الیکشن کی طرف جا رہا ہے، جلداورشفاف الیکشن کروانا ہونگے، تقریب سے خطاب

اتوار 22 جنوری 2023 20:10

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2023ء) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکمران اقتدار کو طول دینے کیلئے حیلے بہانے کررہے ہیں، ناکام نظام کو بچانے کیلئے غیر آئینی ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں، حکومت پر گھبراہٹ اور بوکھلاہٹ طاری ہو چکی ہے،سپیکر قومی اسمبلی کو جس ایجنڈے کے تحت ذمہ داری سونپی گئی وہ اسی ایجنڈے کے تحت کام کررہے ہیں، قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کے ووٹ سے بچنے کیلئے اور نام نہاد اپوزیشن لیڈر کو بچانے کیلئے ہمارے اراکین کے استعفے منٹوں میں منظور کئے گئے،سپیکر صاحب سے درخواست کرتے ہیں کہ ہمارے باقی اراکین اسمبلی کے استعفے بھی منظور کئے جائیں،فوری اور شفاف الیکشن ملک کی ضرورت بن چکے ہیں، حکمران الیکشن سے راہ فرار اختیار کررہے ہیں، ملک الیکشن کی طرف جا رہا ہے، جلداورشفاف الیکشن کروانا ہونگے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونین کونسل 44 میں سابق چیئرمین ملک ظہور بھٹہ کی رہائش گاہ پر استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ملک اسحاق بھٹہ، ملک جاوید بھٹہ جانباز‘ ملک عثمان ظہور بھٹہ‘ ملک اعجاز بھٹہ جانباز‘ ملک طاہر‘ ثقلین سعیدی سمیت اہلیان علاقہ کثیر تعداد میں موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے 11سو ارب روپے کی چوری کی، حکمران اپنے خلاف کرپشن کے مقدمات ختم کرنے کیلئے اقتدار کو طول دینا چاہتے ہیں، قوم دیکھ رہی ہے، قومی مجرموں کے کرپشن کے مقدمات بتدریج ختم ہو رہے ہیں، اس بات میں کوئی ابہام نہیں رہا یہ لوگ جس ایجنڈے کی تکمیل کیلئے اقتدار میں آئے اس ایجنڈے پر کامیابی سے چل رہے ہیں، قومی لٹیروں کو کلین چٹ دی جارہی ہے، عمران خان نے این آر او دینے سے انکارکیا، عمران خان کو اقتدار سے الگ کرکے لٹیروں کو این آر او دیکر کلین چٹ دی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ نواز شریف صحت کی خرابی کا بہانہ بنا کر ملک سے باہر گئے، ان کی صحت پتہ نہیں ٹھیک ہوئی یا نہیں ہوئی، ان کے بھائی ملک کے وزیراعظم بن گئے،بھتیجا پنجاب کا وزیراعلیٰ رہا،خاندان کے افراد کے کرپشن کے مقدمات ختم ہوتے جارہے ہیں،نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے قانونی رکاوٹیں دور کی جارہی ہیں،جلد ہی ایک سزا یافتہ شخص کو پروٹوکول کے ساتھ وطن واپس لایا جائیگا۔

قبل ازیں این اے 156 میں احساس پروگرام رجسٹریشن سینٹر چوک شاہ عباس کے دورہ کے موقع پر پی ٹی آئی کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا تحریک انصاف نے مشکل وقت میں اقتدار سنبھالا۔ اس وقت قومی خزانہ خالی اور ملک مشکل حالات میں تھا۔ عمران خان نے سخت فیصلے کئے، نامساعد معاشی حالات کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم کیا۔ عوام کو احساس پروگرام، احساس صحت کارڈ کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کیا۔

موجودہ حکومت نے صحت کارڈ کو ختم کرنے کی کوشش کی۔ بعد ازاں صحت کارڈ کے بجٹ کو کم کردیا،حکومت کو عوام کی تکلیف کا کوئی احساس نہیں،ہمارے دور حکومت میں 55روپے کلو والا آٹا آج 155 روپے میں بھی ناپید ہے، یہ سب کچھ نااہل حکمرانوں کی نااہلیت کی وجہ سے ہو رہاہے، قوم آٹے کے حصول کیلئے لائنوں میں خوار ہو رہی ہے اور حکمران اقتدار کو طول دینے میں مصروف ہیں، مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے، عوام تحریک انصاف کے ساڑھے تین سالہ دور حکومت کی مہنگائی کا 8 ماہ کی پی ڈی ایم حکومت کے دور کی مہنگائی کا موازنہ کریں،امپورٹڈ حکمرانوں کی کارکردگی کی بدولت ان کی مقبولیت روز بروز گر رہی ہے، عمران خان کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، آئندہ جنرل الیکشن میں پاکستان کی عوام ملک کو بحرانوں میں ڈالنے والے اور مہنگائی کے ذمہ دار پی ڈی ایم حکمرانوں کو بری طرح مسترد کریں گے، عوام کی امید ایک بار پھر عمران خان ہیں، عمران خان ہی ہیں جو ملک کو بحرانوں سے نکال کر ایک مرتبہ پھر ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں،آنے والا وقت تحریک انصاف اور عمران خان کا ہے، عمران خان ایک بار پھر بھاری اکثریت سے ملک کے وزیراعظم ہونگے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں مصروف دن گزارا۔انہوں نے یوسی 43 اور یوسی 44 میں مختلف استقبالیہ تقاریب میں شرکت کی۔ انہوں نے پی ٹی آئی رہنما نجف خان سیال کے بھائی کی قل خوانی میں شرکت کی۔ انہوں نے موضع لوٹھڑ میں قل خوانی میں شرکت کی۔پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی مخدومزادہ زین حسین قریشی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات