Live Updates

آصف زرداری کا محسن نقوی کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب مقررکرنےکےفیصلےکا خیرمقدم

محسن نقوی ایک سیلف میڈ انسان ہیں، ان کے تعلقات تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ ہیں، انہوں نے کبھی الیکشن لڑا نہ کسی سیاسی سرگرمی کا حصہ بنے، سابق صدر آصف زرداری

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 22 جنوری 2023 23:52

آصف زرداری کا محسن نقوی کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب مقررکرنےکےفیصلےکا ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22 جنوری 2023ء ) سابق صدر پاکستان اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے محسن نقوی کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب مقررکرنےکےفیصلےکا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محسن نقوی ایک سیلف میڈ انسان ہیں، ان کے تعلقات تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ ہیں، انہوں نے کبھی الیکشن لڑا نہ کسی سیاسی سرگرمی کا حصہ بنے۔

آصف زرداری نےکہا کہ محسن نقوی پر اعتراضات کرنے والے بتائیں کہ اگر ارشاد احمد حقانی اور عارف نظامی جیسے قابل احترام صحافی نگران حکومتوں کا حصہ بن سکتے ہیں، نجم سیٹھی نگران وزیراعلیٰ بن سکتے ہیں تو محسن نقوی اس عہدے کے لیے موزوں کیوں نہیں ہیں ؟ آصف زرداری نے توقع ظاہر کی کہ محسن نقوی بہت جلد اپنے حسن کردار اور قابلیت سے ناقدین کے منہ بند کر دیں گے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے محسن نقوی کی تعیناتی سپریم کورٹ میں چیلنج کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے پارٹی قیادت اور قانونی ٹیم کو فیصلےکو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنےکاحکم دیا۔ نجی ٹی وی چینل کے ذرائع کا کہنا ہےکہ عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو پیغام دیا ہےکہ محسن نقوی ایک متنازع شخصیت ہے، محسن نقوی نے ہماری حکومت کے خلاف بیرونی سازش میں آلہ کار کا کردار ادا کیا تھا۔

عمران خان نے تمام کارکنان کو ہدایت کی ہےکہ محسن نقوی کی بطور نگران وزیراعلیٰ پنجاب تعیناتی کے خلاف ملک گیر احتجاج میں حصہ لیں۔ اسی طرح پی ٹی آئی نے محسن نقوی کو پنجاب کا نگراں وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ مسترد کردیا۔ رہنما پی ٹی آئی فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ اس نظام کے خلاف سڑکوں پر جدوجہد کےعلاوہ کوئی راستہ نہیں، کارکنان تیاری کریں، عمران خان کی قیادت میں بڑی مہم چلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے کبھی مایوس نہیں کیا، محسن نقوی جیسے متنازعہ سخص کو وزیر اعلی مقرر کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے نام کا اعلان کردیا۔ چیف الیکشن کمشنرکی سربراہی میں اجلاس کے بعد حکام نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کےلیے محسن نقوی کو نامزد کردیا۔ پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد سابق وزیراعلیٰ پرویزالہیٰ کی طرف سے صوبے کے نگران وزیراعلیٰ کے لئے احمد نواز سکھیرا اور نوید اکرم چیمہ کے نام تجویز گئے تھے، جب کہ اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے احد چیمہ اور محسن نقوی کے نام بھیجے۔

اپوزیشن اور حکومت کی جانب سے تجویز کردہ ناموں پر اتفاق نہ ہونے کے بعد چاروں نام الیکشن کمیشن کو بھیجے گئے تھے۔ دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا نے اعظم خان کو کے پی کا نگران وزیر اعلٰی تعینات کر دیا۔ خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کی مشاورت کے بعد جمعے کوریٹائرڈ بیوروکریٹ محمد اعظم خان کو نگران وزیراعلی بنانے کے لیے اتفاق ہوا تھا۔

گورنر خیبر پختونخوا غلام علی نے محمد اعظم خان کو بطور نگران وزیراعلٰی تعیناتی کا اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔ محمد اعظم خان کا نام اپوزیشن کی جانب سے پیش کیا گیا تھا، جس پر محمود خان نے بھی اتفاق کیا۔اعظم خان کا پورا نام محمد اعظم خان ہے، وہ ایک ریٹائرڈ بیوروکریٹ ہیں، جو کہ ماضی میں وزیر خزانہ اور وفاقی سیکریٹری وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل اور وفاقی سیکریٹری مذہبی امور رہ چکے ہیں۔ اعظم خان نے ماضی میں چیف سیکریٹری اور مختلف وزارتوں کے سیکریٹری کے طور پر کام کیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات