Live Updates

ملک کی معاشی صورتحال کے ذمہ دار موجودہ حکمران ہیں، حکومت ہر شعبہ میں ناکام ہو چکی ہے، شاہ محمود قریشی

منگل 24 جنوری 2023 21:29

ملک کی معاشی صورتحال کے ذمہ دار موجودہ حکمران ہیں، حکومت ہر شعبہ میں ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2023ء) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی صورتحال کے ذمہ دار موجودہ حکمران ہیں، حکومت ہر شعبہ میں ناکام ہو چکی ہے، 8ماہ میں حکومت کی کارکردگی قوم کے سامنے ہے،ایسی کیا کارکردگی دکھائی جو قوم ان پر اعتماد کرے، گزشتہ روز بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا، اربو ں روپے کا نقصان ہوا، حکومت نے خاموش تماشائی کا کردار اداکیا،حکومت سے فیصلے کرنا مشکل ہو رہا ہے، ملکی معیشت کی حالت بگڑتی جارہی ہے،تجارت نہیں ہو رہی،ایل سیز نہیں کھل رہیں،صنعتیں بند ہو رہی ہیں، بے روزگاری میں اضافہ ہو رہاہے،پڑھے لکھے افراد بیرون ملک جانے پر مجبور ہو چکے ہیں،حکومت کے پاس ملک چلانے کیلئے کوئی منصوبہ بندی نہیں، اسے عوام کے مسائل اور پریشانی سے کوئی سروکار نہیں۔

(جاری ہے)

وہ اقتدار کو طول دینے کیلئے منصوبہ بندی کررہی ہے،پی ڈی ایم کے پاس پاکستان کیلئے بڑے فیصلے لینے کا مینڈیٹ نہیں ، ملک بچانے کیلئے فوری اور شفاف انتخابات کروانا ہونگے،عوامی مینڈیٹ کی حامل حکومت کو فیصلے کرنے کا اختیار دیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں این اے 156 کی یونین کونسل 47 میں مختلف مقامات پر تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما حاجی اختر بھٹہ‘ شیخ طاہر‘چودھری ساجد نصیر‘ سابق یوتھ کونسلر عمران سومرو‘ یاسر بھٹہ‘ صوفی اکرم‘ شریف کمبوہ‘ اکرم شاد‘ ماسٹر طاہر‘ فیاض رحمانی‘ ساغر شاہ‘ ہنی شاہ‘ فلک شیر وٹو ایڈووکیٹ‘ ضیائ خان کاکڑ‘ اشتیاق گجر‘ بلال بھٹی‘ یوسف پڑھیاڑ‘ فیاض بھٹی‘ راؤ یاسر سمیت یونین کونسل کے عمائدین کثیر تعداد میں موجود تھے۔

انہوں نے کہا تحریک انصاف ملک میں شفاف انتخابات کروانا چاہتی ہے۔ پنجاب میں جانبدار نگراں وزیراعلیٰ کی تعیناتی پر احتجاج ریکارڈ کرارہے ہیں۔حکومت من پسند لوگوں کو لاکر مرضی کے نتائج چاہتی ہے۔ہم نے بہترین لوگوں کے نام دیئے۔ تحریک انصاف ایسے لوگوں کو لانا چاہتی ہے جن کی تعیناتی سے تنازعہ نہ کھڑا ہواو رجن میں شفاف انتخابات کرانے کی اہلیت ہوجن کی شہرت اچھی ہو۔

ہم نے ایسی شخصیات کے نام دیے جن کے ساتھ ن لیگ کام کرچکی تھی۔لیکن حکومت نے پنجاب میں محسن نقوی کا تقرر کرکے آنے والے الیکشن کو متنازعہ بنا دیا۔ نگران وزیراعلیٰ پر کیسز ہیں، ان کا کردار مشکوک ہے۔ رجیم چینج میں انکا کردار تھا۔ ان کی تعیناتی پر ان کے عزیز بھی معترض ہیں۔ کیا حکومت کو 22 کروڑ عوام میں کوئی ایسا شخص نہیں ملا جو غیر متنازعہ ہو۔

انہو ں نے کے پی کے میں ہماری اکثریت تھی۔ ہم نے آئین اور قانون کے مطابق اپوزیشن کی طر ف سے بھیجے گئے ناموں میں سے موزو ں شخص کو نگران وزیراعلیٰ بنایا۔ ہم پنجاب میں بھی یہی پریکٹس چاہتے تھے۔ لیکن حکومت نے جانبدار شخص اور متنازعہ شخص کا بطور نگران وزیراعلیٰ تقرر کرکے سیاسی کھلواڑہ کیا۔تحریک انصاف اس تقرری پر ملک بھر میں سراپا احتجاج ہے۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے فیصلے پر مایوسی ہوئی ہے، اس معاملے پرعمران خان قانونی معاملات پر گفتگو کرینگے۔انہوں نے کہاو زیراعظم شہباز شریف قومی اسمبلی میں اکثریت کھو چکے ہیں، وہ اعتماد کا ووٹ لینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ ہم اسمبلی سے لاتعلق ہوچکے ہیں لیکن حکومتی چالوں میں رکاوٹ ڈالنے کیلئے واپس آرہے تھے۔ اس وقت ہمارے پاس اتنے نمبر موجود ہیں کہ اپوزیشن لیڈر اپنا لاسکیں کیونکہ موجودہ اپوزیشن لیڈر صرف نام کے ہیں، وہ اپنا کوئی کردار ادا نہیں کررہے ہیں۔

حکومت کو ایسا قائد حزب اختلاف چاہیے تھا جو انگوٹھا لگا سکے، ایسا بندہ چاہیے تھا جو حکومت کا ایجنڈا آگے بڑھا سکے۔انہوں نے کہا موجودہ سیٹ اپ الیکشن نہیں کرانا چاہتا اور الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داری نہیں نبھارہا جبکہ صاف اورشفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا تحریک انصاف نے حکومت کی چالوں اور پنجاب میں جانبدار نگران وزیراعلیٰ کے تقرر کے خلاف عدالتوں میں جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اور دوسری جانب عوام کی عدالت میں بھی جانے کا فیصلہ کیا ہے جہاں پر عوام کو متحرک کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا ملکی حالات کو دیکھ کر پاکستان کی عوام شدید اضطراب اور مایوسی کا شکار ہیں۔ عوام کو بنیادی ضروریات زندگی سے محروم کردیا گیا ہے۔ عوام کو آٹا لینے کیلئے لائنوں پر لگنا پڑ رہاہے۔ وقت آگیا ہے عوام کو اپنے حق کیلئے باہر نکلناہوگا۔

عمران خان کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈالنا ہونگے۔ عمران خان کا ساتھ دینا ہوگا۔ عمران خان واحد سیاسی قیادت ہیں جو ملک کیلئے مخلص ہیں۔ جو اپنے مفادات کیلئے نہیں بلکہ ملک اور قوم کی آئندہ آنے والی نسلوں کیلئے جنگ کررہے ہیں اور لٹیروں سے ان کی جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک قومی خزانہ لوٹنے والے قانون کے شکنجے میں نہیں آجاتے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے یونین کونسل 47 کا تفصیلی دورہ کیا۔ وہ مختلف شخصیات سے ملے۔ وفات پا جانے والی شخصیات کی رہائش گاہوں پر گئے۔ یونین کونسل کے عمائدین سے یونین کونسل میں کرائے جانے والے ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات