Live Updates

نواز شریف نے 2016ءمیں آئی ایم ایف کو خداحافظ کردیاتھا، حالیہ مہنگائی کاذمہ دار عمران خان ہے،مریم نواز

اتوار 5 فروری 2023 21:00

نواز شریف نے 2016ءمیں آئی ایم ایف کو خداحافظ کردیاتھا، حالیہ مہنگائی ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 فروری2023ء) مسلم لیگ(ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزرمریم نواز نے کہا ہے کہ تاریخ گواہ ہے کہ ملک جب بھی بحرانوں کا شکارہوا تو ملک کومشکل کی اس گھڑی میں ہمیشہ نوازشریف نے ہی نکالا۔انہوں نے کہا کہ اگر مسلم لیگ(ن) اس ملک کو مشکلات سے نہیں نکال سکتی تو پاکستان میں کوئی سیاسی جماعت ایسی نہیں ہے جو اس ملک کو مشکلات سے نکال کر لے جائے، عوام حوصلہ رکھیں لیکن وہ وقت آئے گا جب ہم آپ کو مشکلات سے نکال کر لے جائیں گے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے ملتان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناءبھی ان کے ہمراہ تھے۔ مریم نواز نے مزیدکہا کہ مجھے، نواز شریف اور شہباز شریف کو شدید احساس اور دل سے تکلیف ہوتی ہے کہ آ ج ملک جن مشکلات میں گھرا ہو ا ہے۔

(جاری ہے)

مہنگائی ہے ۔میرا دل آپ کے ساتھ دھڑکتا ہے لیکن آپ سب کو علم ہونا چاہیے کہ یہ مہنگائی کس کی لائی ہوئی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ آئی ایم ایف کے معاہدے سے قیمتیں نہیں بڑھتیں، نواز شریف نے 2016 میں آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہا تھا لیکن آئی ایم ایف کے ساتھ ایک معاہدہ عمران خان بھی کر کے گیا، آج ہمیں جو قیمتیں بڑھانی پڑ رہی ہیں وہ اس معاہدے کی وجہ سے ہیں جو عمران خان کر کے گیا اور جاتے جاتے اس معاہدے کو پھاڑ کر اور بھی زیادہ تباہی کر کے گیا۔آج آئی ایم ایف کہتی ہے کہ عمران خان نے جو دھوکا دیا اس کی وجہ سے ہم آپ کی بات نہیں سنیں گے، پہلے قیمتیں بڑھائو اس کی بعد بات سنیں گے، اگر آئی ایم ایف کی بات سنیں تو مہنگائی ہوتی ہے اور اگر آئی ایم ایف کی بات نہ سنیں تو ملک دیوالیہ ہونے کو آ جاتا ہے، ہمارے ہاتھ اس وقت آئی ایم ایف کے معاہدے نے باندھ رکھے ہیں لیکن عمران خان کو تو نواز شریف سے ترقی کرتا ہوا پاکستان ملا تھا، وہ ملک کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک تباہی پھیلا کرچلاگیا۔

مریم نوازنے مزید کہا کہ باجوہ صاحب جب ریٹائر ہوئے تو انہوں نے لوگوں سے کہا کہ میں مانتا ہوں کہ ہم سے عمران خان جیسا بلنڈر ہوا ہے، یہ پاکستان کے 75سالوں میں تاریخ کا سب سے بڑا بلنڈر تھا لہٰذا صرف بلنڈر کرنے کا اعتراف کافی نہیں بلکہ اس فتنے کو اٹھا کر سیاست سے باہر پھینکنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ اب صرف بلنڈر کرنے کا اعتراف کافی نہیں بلکہ جو داغ ملک اور قوم کے ماتھے پر لگایا اس کو دھونا پڑے گا، اس فتنے کو اٹھا کر سیاست سے باہر پھینکنا پڑے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ ان کی صرف حکومت میں پرفارمنس خراب نہیں تھی بلکہ اپوزیشن میں بھی پرفارمنس خراب ہے، دو دو گھنٹے کی گرفتاریوں میں یہ جیسے بچوں کی طرح بلک بلک کر رو رہے ہیں، تو قسم سے ان پر ترس آتا ہے، اگر نواز شریف سے حکومت کرنی نہیں سیکھی تھی تو اپوزیشن کرنی ہی سیکھ لیتے۔انہوں نے کہا کہ ٹینکوں کے سامنے لیٹنے کا دعویٰ کرنے والے بار بار بلک بلک کر رو رہے ہیں، پہلی بار بے فیض ہوئے ہیں تو ان کو سمجھ نہیں آ رہی کیونکہ فیض کے سر پر سیاست کرتے رہے، اس کی بیساکھیوں پر سیاست کرتے رہے، اب ان کو سمجھ نہیں آ رہی۔

مریم نواز نے کہا کہ کل میں سن رہی تھی کہ عمران خانہ جیل بھرو تحریک کا کہہ رہا تھا، چار سال جب یہ وزیراعظم بنا بیٹھا تھا تو جیب بھرو تحریک چلا رہا تھا اور کارکنوں کو کہتا ہے کہ جیل بھرو تحریک شروع کرو، اگر جیلیں بھرنی ہیں تو سب سے پہلے اپنی ضمانتیں منسوخ کرائو اور پھر آئو۔انہوں نے کہاکہ یہ لوگوں کو جیل بھرنے کا کہتا ہے اور خود زمان پارک کے بنکر میں چھپ کر بیٹھا ہے، خواتین کو بلا کر زمان پارک میں کھڑا کیا ہوا ہے کہ کہیں مجھے پولیس پکڑ کر نہ لے جائے۔

انہوں نے کہا کہ آج کہاں ہے وہ پانچ کا ٹولہ، سب اپنی جگہ رہ کر خون کے آنسو رو رہے ہیں، تو یہ تو ہونا ہی تھا، نواز شریف یا شہبازشریف نے کوئی انتقام نہیں لیا، ایک چیز ہے کہ جس کا نام ہے مکافات عمل، وہ دنیا کی سب سے بڑی حقیقت ہے، حساب کتاب صرف آخرت میں نہیں بلکہ اس دنیا میں بھی ہو گا۔مریم نوازنے مزید کہاکہ قوم گواہ ہے کہ جب جب نواز شریف کی حکومت آئی، تب تب پاکستان نے بلندیوں کا سفر کیا، ہر بار جب نواز شریف کی حکومت آئی تو مہنگائی بھی کم ہوئی، پاکستان میں ترقی بھی آئی، بڑے بڑے منصوبے بھی آئے اور آج میں دعوے کے ساتھ کہہ سکتی ہوں کہ پاکستان کے 75سال میں نواز شریف کے 9سال نکال دیئے جائیں تو اس ملک میں کھنڈرات کے علاوہ کچھ نہیں بچتا۔

انہوں نے کہاکہ اگر ملک کی 75سالہ تاریخ سے ایٹمی دھماکے، موٹرویز، سڑکوں کے جال اور سی پیک کو نکال دیں تو ملک میں کچھ نہیں بچتا۔مریم نواز نے کہا کہ 2013 میں بھی نواز شریف کو اجڑا ہوا پاکستان ملا تھا، ہچکولے کھاتی ہوئی معیشت ملی تھی لیکن 2013 سے 2017 تک جب نواز شریف وزیر اعظم کی کرسی پر بیٹھا تھا تو تاریخ گواہ ہے کہ نہ بجلی کی قیمت بڑھی، نہ آٹے کی قیمت بڑھی، چار سال نہ چینی کی قیمت بڑھی اورنہ ہی تیل کی قیمت بڑھی۔

انہوں نے کہا کہ 2022 میں بھی ہمیں اجڑا ہوا پاکستان ملا ہے لیکن عمران خان کی طرح ہم چار سال یہ نہیں روئیں گے کہ پچھلی حکومت کر گئی، ہم آپ کو حقائق ضرور بتائیں گے مگر ساتھ آپ کو یہ بھی بتائیں گے کہ جس طرح نواز شریف نے ہر بار قوم کو اللہ کے فضل سے مشکل سے نکالا، اس بار بھی نواز شریف پاکستان کو نکال کر لے جائے گا۔انہوں نے کہاکہ 75سال کی تاریخ میں مسلم لیگ(ن) کی واحد حکومت رہی جس میںآٹا 35روپے کلو ، چینی 50 سے 55 روپے کلو اور گھی 140 روپے کلو ملتارہا، وہ بھی وقت تھا کہ روٹی دو روپے اور پانچ روپے کی ملتی تھی۔مریم نوازنے کہا کہ پارٹی کارکن الیکشن کی تیاریں کریں اور ہم نے تیاری جیتنے کے لیے کرنی ہے۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ امید کا دیا جلائے رکھیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات