Live Updates

مسلم لیگ ن کی زلمے خلیل زاد کے بیان کی مذمت

فارن فنڈنگ کے مجرم کے ہینڈلرز سامنے آتے جا رہے ہیں،کٹھ پتلی پاکستان میں مالیاتی،سیاسی اور سفارتی تباہی کی ذمہ دار ہے،وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب

Abdul Jabbar عبدالجبار بدھ 22 مارچ 2023 14:28

مسلم لیگ ن کی زلمے خلیل زاد کے بیان کی مذمت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 22 مارچ 2023ء) وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے زلمے خلیل زاد کے عمران خان سے متعلق بیان کی مذمت کر دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ امریکی سازش اور امپورٹڈ رجیم کی اصلیت سامنے آ گئی ہے اور لابی اپنی کٹھ پتلی بچانے کیلئے سامنے آ چکی ہے۔ فارن فنڈنگ کے مجرم کے ہینڈلرز سامنے آتے جا رہے ہیں،فارن فنڈنگ کا گٹھ جوڑ بے نقاب ہو گیا۔

انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ فارن ایجنٹ کون ہے؟ثابت ہو گیا،کٹھ پتلی نے چار سال انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں کیں،آپ کی کٹھ پتلی پاکستان میں مالیاتی،سیاسی اور سفارتی تباہی کی ذمہ دار ہے۔ یاد رہے کہ سابق امریکی سفیر زلمے خلیل زاد نے پاکستان کی سیاسی صورتحال حال کے حوالے سے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اشارے مل رہے ہیں پاکستانی پارلیمنٹ سپریم کورٹ سے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کو نااہل کرنے کا کہہ سکتی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی حکومت نے عمران خان کو ریاست کا اولین دشمن قررا دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایسے اقدامات پاکستان کے سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی بحران کو گہرا کر دیں گے۔ زلمے خلیل نے کہا کہ پہلے ہی کچھ ممالک طے شدہ سرمایہ کاری منصوبے معطل کر چکے ہیں،آئی ایم ایف سپورٹ اب تک مشکوک ہے۔ایسے اقدامات کیے گئے تو پاکستان کی بین الاقوامی سپورٹ کم ہو جائے گی اور ایسے اقدامات سے سیاسی افراتفری اور تشدد کے واقعات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ جبکہ اس سے قبل زلمے خلیل زاد نے پاکستان میں جون میں الیکشن کرانے کی تجویز دی اور کہا کہ عمران خان کی گرفتاری سے پاکستان میں جاری سیاسی بحران مزید سنگین ہوجائے گا،سیاسی لیڈروں کو جیلوں میں ڈالنا، پھانسی پر لٹکانا یا قتل کرانا غلط روش ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات