Live Updates

عمران خان نے آج شام زمان پارک میں آپریشن شروع کرنے کا خدشہ ظاہر کردیا

جیل میں چلا جاؤں گا اپنے لوگوں کا قتلِ عام نہیں چاہتا،میرے خلاف کوئی نیا وارنٹ لے کر آئیں تو کارکنان انہیں آنے دیں، ہم نے کسی قسم کے تصادم میں حصہ نہیں لینا،اشتعال دلانے کی کوشش کریں گے تو کسی قسم کا ری ایکشن نہیں دینا۔چئیرمین پی ٹی آئی کا خطاب

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 22 مارچ 2023 16:59

عمران خان نے آج شام زمان پارک میں آپریشن شروع کرنے کا خدشہ ظاہر کردیا
لاہور(اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 22 مارچ 2023ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے آج شام زمان پارک میں آپریشن شروع کرنے کا خدشہ ظاہر کردیا۔انہوں نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھ پر ہر قسم کا کیس بنایا گیا،ملکی تاریخ کے تمام مقدمات کے ریکارڈ توڑچکا ہوں، ہمارے کارکنان کو پکڑا جا رہا ہے ، ایسا کریک ڈاؤن کر رہے ہیں جس کی جمہوریت میں مثال نہیں ملتی۔

پرویز مشرف کا مارشل لا دیکھا، کبھی اس طرح کا کریک ڈاؤن نہیں دیکھا۔ہمارے اوپرہی حملہ ہوا اور کیس بھی ہم پر ہی بن رہے ہیں، یہ ایسے ظاہر کررہے ہیں جیسے پی ٹی آئی کوئی بہت خطرناک جماعت ہے۔انہوں نے رکاوٹیں پیدا کیں اور میں اسلام آباد کی عدالت میں پیش نہیں ہو سکا۔ جیسے جیسے میں ان کے پاس جاتا رہا دیکھا کہ پولیس کی نفری بڑھتی گئی۔

(جاری ہے)

ہم پر ٹئیر گیس کا آغاز ہوا، لوگوں میں اشتعال پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔

جب دروازے پر پہنچا تو پولیس والے پتھر مار رہے تھے۔ مجھے قتل کرنے کا پورا منصبوبہ بنایا گیا تھا۔ ۔عدالت سے بڑی مشکل سے جان بچا کر نکلا۔ عمران خان نے مزید کہا کہ یہ لوگ چاہتے ہیں میں کسی طرح الیکشن سے باہر ہو جاؤں۔انہوں نے زما ن پارک پرایسے حملہ کیا جیسے کوئی دہشتگرد چھپا ہوا ہو۔چیف جسٹس پاکستان دیکھیں کیا کبھی کسی سیاسی لیڈر کے ساتھ ایسا ہوا۔

عدلیہ ہمارے بنیادی حقوق کا تحفظ کرے۔عمران خان نے آج شام زمان پارک میں آپریشن شروع کرنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ یہ یہاں سانحہ ماڈل ٹاؤن بنانا چاہتے ہیں، میرے خلاف کوئی نیا وارنٹ لے کر آئیں تو کارکنان انہیں آنے دیں، ہم نے کسی قسم کے تصادم میں حصہ نہیں لینا اشتعال دلانے کی کوشش کریں گے تو کسی قسم کا ری ایکشن نہیں دینا۔عمران خان نے یہ اعلان کیا کہ ہفتے کے روز لاہور میں جلسہ کریں گے۔ہمارا جلسہ اس حکومت کے خلاف ریفرنڈم ہوگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات