Live Updates

عمران خان الیکشن نہیں پھر سے اپنی سلیکشن چاہتے ہیں، مریم اور نگزیب

لاہور کے لوگوں نے عمران خان کو مسترد کردیا، ہاکی گراؤنڈ اور مینار پاکستان کی تصویریں جوڑ جوڑ کر پیش کی گئیں،عمران خان کے مسئلے سیاسی نہیں نفسیاتی ہیں، توجہ ہٹانے کیلئے بڑی بڑی کہانیاں گھڑتے ہیں، حیران ہوں کون لوگ ہیں جو عمران خان کی جھوٹی کہانیوں پر یقین کرلیتے ہیں، خوف کے بت توڑنے کا درس دینا والا عمران خان خود بلٹ پروف گلاس کے پیچھے تقریر کرتے ہیں ،شیطانی عادت کے اوپر ملک کا آئین و قانون نہیں چل سکتا، میڈیا سے گفتگو

اتوار 26 مارچ 2023 14:05

عمران خان الیکشن نہیں پھر سے اپنی سلیکشن چاہتے ہیں، مریم اور نگزیب
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2023ء) وزیراطلاعات مریم اورنگیزب نے کہا ہے کہ عمران خان الیکشن نہیں پھر سے اپنی سلیکشن چاہتے ہیں، لاہور کے لوگوں نے عمران خان کو مسترد کردیا، ہاکی گراؤنڈ اور مینار پاکستان کی تصویریں جوڑ جوڑ کر پیش کی گئیں،عمران خان کے مسئلے سیاسی نہیں نفسیاتی ہیں، توجہ ہٹانے کیلئے بڑی بڑی کہانیاں گھڑتے ہیں، حیران ہوں کون لوگ ہیں جو عمران خان کی جھوٹی کہانیوں پر یقین کرلیتے ہیں، خوف کے بت توڑنے کا درس دینا والا عمران خان خود بلٹ پروف گلاس کے پیچھے تقریر کرتے ہیں ،شیطانی عادت کے اوپر ملک کا آئین و قانون نہیں چل سکتا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات مریم اورنگیزب نے کہا کہ ایک شخص نے اپنے اقتدار کو بچانے کیلئے ہر حربہ استعمال کیا، سازشی بیانیہ پیش کیا گیا جو ان کے پیروکاروں نے من و عن قبول کرلیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے مسئلے سیاسی نہیں نفسیاتی ہیں، وہ توجہ ہٹانے کے لیے بڑی بڑی کہانیاں گھڑتے ہیں، حیران ہوتی ہوں کہ کون لوگ ہیں جو عمران خان کی جھوٹی کہانیوں پر یقین کرلیتے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ لاہور کے لوگوں نے عمران خان کو مسترد کردیا، ہاکی گراؤنڈ اور مینار پاکستان کی تصویریں جوڑ جوڑ کر پیش کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان لوگوں کو کہتے ہیں کہ خوف کے بت توڑ دو تاہم خود بلٹ پروف گلاس کے پیچھے سے تقریر کرتے ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ روز عمران خان نے 10 نکاتی ایجنڈا پیش کیا کہ میں ملک کی گورننس ٹھیک کردوں گا، یہ 10 سال خیبرپختونخوا میں حکومت کرتے رہے، وہاں سے گورننس ٹھیک نہ کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ یہ 4 سال پنجاب اور وفاق میں بھی حکومت کرتے رہے، کیا گورننس ٹھیک کرنے کا یہ مطلب تھا کہ گورنس پنکی پیرنی اور فرح گوگی کے حوالے کردیں وزیراطلاعات نے کہا کہ یہ 10 سال خیبر پختونخوا کی معیشت ٹھیک نہ کرسکے، 25 ہزار ارب کا قرضہ 44 ہزار ارب تک لے گئے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ کرپشن اور منی لانڈرنگ پر قابو پائیں گے، یہ فارن فانڈنگ کا جواب دے دیں تو منی لانڈرنگ پر خود قابو پالیا جائے گا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف مہنگائی کی شرح 3.7 فیصد پر چھوڑ کر گیا تھا جو تم نے 16 سے 18 فیصد پر پہنچا دی تھی، ترقی کی شرح 1.6 فیصد پر چھوڑ کر گئے تھے جو انہوں نے منفی کردی اور پھر اپنے اثاثوں میں اضافے کے ساتھ اسے اوپر نیچے کرتے رہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ عمران خان عدالت کے کٹہرے اور جوابدہی سے بچنا چاہتے ہیں، عدالت نہیں جانا، جلسہ کرنے مینار پاکستان جانا ہے۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ عمران خان ملک میں الیکشن یا آئین کی حکمرانی چاہتے تھے تو اسمبلی کیوں توڑی اب عمران خان کے پاس کوئی آپشن نہیں بچا، عمران خان کی تمام سازشیں، ایجنڈا ناکام ہوگیا، اب آپ اس ملک میں سلیکٹ ہوکر آسکتے ہیں نہ الیکٹ ہوکر۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات