کراچی میں راشن کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے11افراد جاں بحق، متعدد زخمی

فیکٹری میں مستحق افراد میں زکٰوۃ کی رقم، راشن تقسیم کیا جارہا تھا، جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، زخمی افراد کو تشویشناک حالت میں سول اور عباسی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، 7افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 31 مارچ 2023 19:07

کراچی میں راشن کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے11افراد جاں بحق، متعدد ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 مارچ 2023ء) سائٹ کراچی میں راشن کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے 11افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، زخمی افراد کو تشویشناک حالت میں سول اور عباسی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ جیو نیوز کے مطابق سائٹ کراچی میں نورس چورنگی کے قریب ڈائنگ فیکٹری میں راشن کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے 11افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے،15زخمی افراد کو تشویشناک حالت میں سول اور عباسی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

راشن کی تقسیم کے دوران فیکٹری میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ بتایا گیا ہے کہ بھگدڑ مچنے سے قریبی دیوار بھی گر گئی، دیوار گرنے اور نالے میں گرنے سے 2بچے بھی جاں بحق ہوئے ہیں، اسی طرح نالے میں گر کر کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

عباسی شہید ہسپتال میں 9لاشوں کو لایا گیا، عباسی شہید ہسپتال میں لائی گئی تمام لاشیں خواتین کی ہیں، ایس پی سائٹ مغیث ہاشمی کا کہنا ہے کہ راشن تقسیم سے متعلق ایریا پولیس کو مطلع نہیں کیا گیا تھا۔

لوگوں کی ہلاکتیں راشن کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے ہوئیں، ہلاکتوں کی تعدا دمیں اضافے کا خدشہ ہے۔بھگدڑ کے دوران پانی کی لائن بھی پھٹ گئی تھی۔پولیس نے 7افردا کو حراست میں لے لیا ہے ،جن سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا 12 واں اجلاس منعقد ہوا، کابینہ نے وزیراعظم پاکستان اور پنجاب حکومت کی مفت آٹا سکیم میں مزید خاندانوں کو شامل کرنے کابڑا فیصلہ کیا۔

کابینہ کے فیصلے کے مطابق نادرا میں رجسٹرڈ خاندانوں کو بھی مفت آٹا دیاجائے گا۔پنجاب کابینہ نے نادرا میں رجسٹرڈ خاندانوں کو مفت آٹے سکیم میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرا م میں رجسٹرڈ ایک کروڑ 58 لاکھ خاندانو ں کو پہلے ہی مفت آٹا فراہم کیا جارہا ہے ۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے صوبائی وزراء اور سیکرٹریز کو فری آٹا ڈسٹری بیوشن سنٹرز کے دورے جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی وزراء اور سیکرٹریز کی فری آٹا کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے کاوشیں لائق تحسین ہیں۔