Live Updates

جمہوریت کی بقاء کیلئے تحریک انصاف آخری حد تک جائے گی

مضبوط پاکستان کیلئے مضبوط فوج انتہائی ضروری ہے، عدلیہ کی آزادی اور آئین پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، آزادانہ الیکشن ہی تمام مسائل کا حل ہیں،چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سینئر صحافیوں سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 31 مارچ 2023 20:30

جمہوریت کی بقاء کیلئے تحریک انصاف آخری حد تک جائے گی
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 مارچ 2023ء) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ جمہوریت کی بقاء کیلئے تحریک انصاف آخری حد تک جائے گی، عدلیہ کی آزادی اور آئین پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، آزادانہ الیکشن ہی تمام مسائل کا حل ہیں۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے سینئر صحافیوں نے ملاقات کی۔ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ پاکستان فوج میری فوج ہے اور پاکستان ہم سب کا ہے ،مضبوط پاکستان کیلئے مضبوط فوج انتہائی ضروری ہے، عدلیہ کی آزادی اور آئین پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، آزادانہ الیکشن ہی تمام مسائل کا حل ہیں، جمہوریت کی بقاء کیلئے تحریک انصاف آخری حد تک جائے گی۔

وکلاء تحریک میں پوری قوم ان کے ساتھ ہوگی۔

(جاری ہے)

ہمارے قومی ادارے اور ان کی مضبوطی ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہزاروں ساتھیوں کو گھروں سے اٹھایا گیا، یہ کارکن کہاں ہیں کسی کو علم نہیں، مذاکرات کیلئے تیار ہیں لیکن آئین قانون سے ہٹ کر کوئی بات نہیں ہوگی۔ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے عوام کو ایک بار پھر سڑکوں پر آنے کی تیاری کرنے کی اپیل کی ۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ جیسا کہ مسلم لیگ ن نے 1997 میں نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کرنے والے چیف جسٹس سجاد علی شاہ پر حملہ کرنے کے لیے سپریم کورٹ پر حملہ کیا تھا، آج ن لیگ دوبارہ سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کو دھمکیاں دے رہی ہے کیونکہ وہ انتخابات سے خوفزدہ ہیں۔ میں چاہتا ہوں کہ پاکستان کے عوام قانون کی حکمرانی کو بچانے کے لیے سڑکوں پر نکلنے کے لیے تیار رہیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ہم ان تمام سیاسی جماعتوں سے بات کریں گے جو اس سازش کے خلاف کھڑے ہونے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں خاص طور پر وکلاء برادری سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ پاکستان کے آئین اور قانون کی حکمرانی کے تحفظ کے لیے 2007 کی وکلاء تحریک کی طرح دوبارہ قیادت کریں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات