نریندرمودی بھارت کے آئندہ انتخابات جیتنے کے لیے یاسین ملک کو پھانسی دلوانے کی سازش کررہے ہیں، عالمی برادری نوٹس لے ، نائب امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر

بدھ 31 مئی 2023 19:01

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2023ء) جماعت اسلامی آزادکشمیر کے نائب امیر شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ نریندرمودی بھارت کے آئندہ انتخابات جیتنے کے لیے یاسین ملک کو پھانسی دلوانے کی سازش کررہے ہیں، عالمی برادری اس کا نوٹس لے ۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بھارت حریت پسند قیادت کو راستے سے ہٹانا چاہتا ہے ،اشرف صحرائی کا جنازہ جیل سے نکلا ،سید علی شاہ گیلانی نظری بندی میں شہید کیے گئے، اب یاسین ملک سمیت دیگر حریت قائدین بھارت کاہدف ہیں، حکومت پاکستان عالمی سطح پر اس مسئلے کو جارحانہ انداز سے اٹھائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت تحریک آزادی کشمیر کو کچلنے کے لیے قائدین حریت سمیت ہزاروں بے گناہ کشمیریوں کو پابند سلاسل کررہا ہے ،بھارت کی دور دراز جیلوں کے اندر قید کشمیریوں کو بنیادی انسانی حقو ق سے بھی محروم کردیا گیا ہے، کشمیری اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہدکررہے ہیں اور اپنا حق مانگنے کی پاداش میں قابض بھارتی فوج جنگی جرائم کی مرتکب ہورہی ہے، کشمیریوں کی نسل کشی کی جارہی ہے ، جماعت اسلامی کی جائیدادیں ضبط کی جارہی ہیں اور اس سلسلے میں گزشتہ روز جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے کشمیریوں کی دکانوں کو سیل کردیا گیا جو کشمیریوں کو معاشی قتل ہے۔