چودھری یاسین کا مودی کے خطاب کا بائیکاٹ کرنے والے کانگریس اراکین کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین

دنیا میں حق ،سچ کا ساتھ دینے والے آج بھی موجود ہیں ،مودی کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا ہے ، وفود سے گفتگو

جمعہ 23 جون 2023 23:13

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2023ء) صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یٰسین نے امریکن صدر جو بائیڈن اور نریندر مودی کی ملاقات کے بعد جاری ہونے والے اعلامیہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خطاب کے دوران بائیکاٹ کرنے والے کانگریس اراکین کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں حق اور سچ کا ساتھ دینے والے آج بھی موجود ہیں جنہوں نے مودی کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سے ڈومور کا مطالبہ کرنے والے پاکستان میں دہشت گردی کروانے والوں کے ماسٹر مائنڈ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کون تھا اور کلبوشن یادو بھارت کا حاضر سروس آفیسر بلوچستان میں کیا کر رہا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دھشت گردی میں ملوث کردار دھشت گردوں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دھشت گردی کے خلاف جنگ میں 80ہزار قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں اور شہریوں کی شہادتیں دی ہیں اور افواج پاکستان نے دپشت گردی کے عفریت پر قابو پایا اور یہ بات پاکستان دشمن قوتوں کو ہضم نہیں ہو پا رہی۔انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنی آزادی کی جنگ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نائن الیون کے بعد آزادی کی تحریکوں کو بھی دھشت گردی کا رنگ دینے کی ناکام کوششیں کی گئی کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادیں واضح ہیں۔