امید ہے کہ نگراں وزیراعظم کا معاملہ الیکشن کمیشن میں نہیں جائے گا

نگران حکومت کے معاملے پر وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر مشاورت کریں گے، امید ہے دونوں میں نگران وزیراعظم کے نام پر اتفاق ہوجائے گا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 9 اگست 2023 21:51

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اگست 2023ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ امید ہے کہ نگراں وزیراعظم کا معاملہ الیکشن کمیشن میں نہیں جائے گا، نگران حکومت کے معاملے پر وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر مشاورت کریں گے۔امید ہے دونوں میں نگران وزیراعظم کے نام پر اتفاق ہوجائے گا۔ انہوں نے نیوزکانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جیسے ہی وزارت سنبھالی تو خارجہ پالیسی کا بہت دباؤ کا شکار تھی ، پاکستان کے عالمی ممالک کے ساتھ تعلقات خراب تھے، پاکستان کو درپیش چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، حکومت میں آئے تو چین کے ساتھ تعلقات مسائل کا شکار تھے، سی پیک بحال کیا اور 10سالہ تقریبات کا انعقاد کیا، ہمارے چین کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم ہوئے۔

چین، سعودی عرب اور یواے ای نے مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا، ہمارا امریکا کے ساتھ اعلیٰ سطح پر رابطہ رہا، یوکرین کے معاملے پر ہمارا مئوقف واضح رہا، یوکرین اور بیلا روس کے وزرائے خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا، دنیا کے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

افغانستان میں خواتین کی تعلیم کے بارے بھی پاکستان کا واضح مئوقف رہا۔ پاکستان کے امن و استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔

پی ٹی آئی حکومت میں پاکستان کی خارجہ پالیسی کو بڑا دھچکا لگا۔ پاکستان فیٹف کی گرے لسٹ میں تھا،فیٹف کے معاملے پر حنا ربانی کھر سے بہت کام کیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ نگران حکومت کے معاملے پر وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر مشاورت کریں گے۔امید ہے کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر نگران وزیراعظم کے نام پر اتفاق کرلیں گے۔ امید ہے کہ نگراں وزیراعظم کا معاملہ الیکشن کمیشن میں نہیں جائے گا۔ سیلاب سے متاثرہ 2 ملین خاندانوں کو گھر بنا کر دوں گا۔