Live Updates

چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف سائفر کیس کی سماعت اٹک جیل میں کرنے کا فیصلہ

سائفر کیس کی سماعت کرنے والے جج ابو الحسنات ذوالقرنین کل اٹک جائیں گے اور جیل میں ہی کیس کی سماعت کریں گے

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 29 اگست 2023 21:46

چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف سائفر کیس کی سماعت اٹک جیل میں کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اگست2023ء) چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف سائفر کیس کی سماعت اٹک جیل میں کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز کے مطابق سائفر کیس کی سماعت کرنے والے جج ابو الحسنات ذوالقرنین کل اٹک جائیں گے اور جیل میں ہی کیس کی سماعت کریں گے۔ اس حوالے سے وزارت قانون کی جانب سے سائفر کیس کی خصوصی عدالت اٹک جیل میں لگانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطل کرتے ہوئے انھیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ جس کا 8 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ کیس میں دی گئی سزا کم دورانیئے کی ہے، عدالت سمجھتی ہے کہ درخواستگزار سزا معطلی اور ضمانت پر رہائی کا حق دار ہے، درخواستگزار کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے پر ضمانت پر رہا کردیا جائے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطلی کا 8 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے، تحریری فیصلہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے جاری کیا۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ ٹرائل کورٹ کی سنائی گئی 3 سال قید ایک لاکھ جرمانے کی سزا معطل کی جاتی ہے، ٹرائل کورٹ نے الیکشن ایکٹ کے تحت الیکشن کمیشن کی شکایت پر سز اکا فیصلہ سنایا۔

سزا معطلی کے فیصلے میں سپریم کورٹ کے فیصلے قائم علی شاہ کیس کا بھی حوالہ دیا گیا۔ اس فیصلے میں سپریم کورٹ نے قراردیا کہ سزا دینا یا انکار کرنا اسلام آباد ہائیکورٹ کی صوابدیدہے، عدالت سمجھتی ہے کہ درخواستگزار سزا معطلی اور ضمانت پر رہائی کا حق دار ہے،اس کیس میں دی گئی سزا کم دورانیئے کی ہے، سزا معطلی کی درخواست منظور کرکے 5اگست کا ٹرائل کورٹ کا فیصلہ معطل کیا جاتا ہے ۔

درخواستگزار کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے پر ضمانت پر رہا کردیا جائے۔یاد رہے اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کی سزا معطلی کی درخواست منظور کر لی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے زبانی طور پر مختصر فیصلہ سنایا اور چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطلی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سزا معطل کر دی۔

عدالت نے سابق وزیر اعظم کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔عدالت نے مختصر فیصلے میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سزا معطل کرتے ہوئے ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے پی ٹی آئی کے وکلا سے کہا کہ تحریری فیصلے میں سزا معطلی کی وجوہات بتائی جائیں گی اور تحریری فیصلہ جلد جاری کردیا جائے گا۔ توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کی سزا کے خلاف درخواست پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے گزشتہ روز فیصلہ محفوظ کیا تھا۔5 اگست کو سیشن کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین کو تین سال کی قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات