تحریک آزادی جموں و کشمیر کے قائد سید علی گیلانی کی دوسری برسی پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام سیمینار کا انعقاد

جمعہ 1 ستمبر 2023 22:50

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2023ء) تحریک آزادی جموں و کشمیر کے قائد سید علی گیلانی کی دوسری برسی پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام سیمینارکا انعقادکیاگیا، سیمینار میں، چوہدری لطیف اکبر سپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی،وزیر اعظم پاکستان کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک، سردار محمد یعقوب خان،سابق وزیراعظم اور صدر آزاد کشمیر،سردار عتیق احمد خان سابق وزیر اعظم اے جے کے ، خواجہ فاروق احمد اپوزیشن لیڈر آزاد کشمیر اسمبلی، حسن ابراہیم، صدر جے کے پی پی، عبدالرشید ترابی سابق امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر،غلام محمد صفی، محمود ساغر کنوینئر حریت کانفرنس، شیخ متین، امتیاز وانی، فاروق رحمانی، محمود رحمانی، الطاف وانی، سلیم ہارون، رفیق احمد ڈار، الطاف بٹ، سید فیض نقشبندی، حسن البنی، انجینئر محمود، ڈاکٹر مشتاق امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر و گلگت بلتستان، سید عزادار کاظمی، راجہ نجابت حسین، افضل بٹ،صدر پی ایف یو جے ‘انور رضا صدر این پی سی ،عابد عباسی صدر آرآئی یوجے، ایڈوکیٹ ناصر قادری ایگزیکٹو ڈائریکٹر لیگل فورم کشمیر،زمان باجوہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر وائی کے ایف ، پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر سے مختلف سیاسی،مذہبی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی اورخطاب کیا، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز تحریک آزادی جموں و کشمیر کے قائد سید علی گیلانی کی دوسری برسی پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام سیمینار کا انعقاد اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں کیا گیا۔

(جاری ہے)

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری لطیف اکبر اسپیکر قانون ساز اسمبلی نے کہا کہ کہ سید علی گیلانی کے گھر جا کر رہنے کا موقع ملا، جس تحریک کے لیے لیڈران نے بھی جان کا نذرانہ پیش کیا ہو وہ تحریک کبھی ناکام نہیں ہوتی، بین الاقوامی دنیا سے کہتا ہوں کہ ان کے لیے بھی دکھ اور افسوس ہونا چاہئے کہ تمام تحریک کے لیڈران کو جیل میں ڈالا گیا ہے۔

کشمیری عوام کا کوئی لالچ و کمزوری نہیں رہی ہے، بچے، بچیاں، مائیں، بہنیں قربان ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا میں ریاست کے یہاں یا وہاں کی بات کو تسلیم نہیں کرتا ریاست ایک وحدت ہے، آزاد کشمیر کی حکومت حریت کے ساتھ ہے، ہندوستان کا کھیل ہندوستان کو ٹکڑے ٹکڑے کر کے رکھ دے گا۔ وزیر اعظم پاکستان کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک نےکہا کہ تحریک آزادی کے لیے سید علی گیلانی نے تمام عمر تحریک آزادی کے لیے وقف کر دی، یاسین ملک نے بھی ان کا ساتھ مرد مجاہد کے طور پر دیا، یاسین ملک کی سزا کو سزائے موت میں تبدیل کرنا بد ترین مثال ہے، سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی کو خراج پیش کرنے کا بہتر طریقہ کار یہ ہے کہ ان کا تحریک آزادی کا مشن قائم رکھا جائے۔

پاکستان کے سیاسی عدم استحکام و معاشی مشکلات کے پیش نظر تحریک کیلئے بڑی پیش رفت کی توقع نہیں لیکن تحریک کو زندہ رکھنا ہم کشمیری عوام کا فرض ہے۔سابق صدر سردار یعقوب خان نے کہا کہ سید علی گیلانی کے مشن کو سامنے رکھتے ہوئے ہم جلد آزادی لے کر رہیں گے۔ سید یوسف نسیم نے کہا کہ جب تک ہم بین الاقوامی سطح پر اپنی حیثیت بطورکشمیری ثابت نہیں کر پائیں گے تب تک آزادی نہیں مل سکتی، سید علی گیلانی کی ثابت قدمی سب کے لیے مثال ہے، رفیق ڈار نے کہا کہ ہر ایک کو ادراک ہے کہ سید علی گیلانی اپنے عقیدہ کے مرد مجاہد تھے۔

عبدالرشید ترابی نے کہا کہ سید علی گیلانی نے ہر مشکل میں امید اور حوصلے کا دامن تھامے رکھنے اور چراغ جلائے رکھنے کا سبق دیا۔ حسن ابراہیم نے کہا کہ کشمیریوں نے کسی مشکل کو تحریک کے راستے میں رکاوٹ نہیں بننے دیا۔ خواجہ فاروق نے کہا کہ تحریک آزادی کے لیے جو ذمہ داریاں ہم نے پوری کرناتھیں وہ نہیں کر پائے۔ لیکن ناامیدی کا دامن کبھی نہیں چھوڑنا، ڈاکٹر مشتاق نے کہا ہے کہ خطے میں تحریک آزادی کے لیے جواں مردی اور بزرگی کی جو مثال سید علی گیلانی نے پیش کی کوئی اور نہیں پیش کر سکتا۔ راجہ نجابت نے کہا کہ پوری دنیا سمیت برطانیہ میں بھی سید علی گیلانی کو خراج پیش کیا جا رہا ہے ہم ان کا مشن جاری رکھیں گے۔