غزہ میں دوبارہ اسرائیلی جارحیت قابل مذمت، مستقل جنگ بندی کو یقینی بنایا جائے،جاوید قصوری

ہفتہ 2 دسمبر 2023 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2023ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے غزہ میں مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوے کہا ہے کہ اسرائیل نے 7 روزہ وقفہ کے بعد غزہ کی پٹی پر دوبارہ وحشیانہ بمباری کرکے مزید 178 فلسطینیوں کو شہید اور 589 کو زخمی کردیا ہے۔سات اکتوبر کے بعد سے اب تک 71 صحافی شہید ہوچکے ہیں جبکہ 3365 فلسطینیوں کو گرفتار کیاہے ۔

اسرائیل کی جانب سے طبی مراکز پر حملوں کی عالمی تحقیقات کی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ صیہونی بمباری انسانیت کیخلاف جنگی جرم ہے۔مستقل جنگ بندی کی جائے۔ غزہ میں نسل کشی کو اپنے لئے کامیابی قرار دینے والے اسرائیل کو ابتک اس جنگ کے میدان میں کوئی کامیابی نہیں ملی ہے۔غزہ جنگ صیہونی فوج کے لئے ڈراونا خواب بن چکی ہے۔

(جاری ہے)

نا صرف یہ کہ اسے فوجی اہداف حاصل نہیں ہوئے ہیں بلکہ بھاری جانی اور مالی نقصانات بھی اٹھانا پڑ رہا ہے ۔

میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جنگ کی یومیہ لاگت تقریباً دوسو ستر ملین ڈالر ہے۔انہوں نے کہا کہ یورپی حکمرانوں کے نزدیک انسانی حقوق نام کی کوئی چیز بھی اہمیت نہیں رکھتی ہے مگر المیہ یہ ہے کہ مسلم حکمرانوں نے بھی مایوس کیا ہے ۔ پوری دنیا کے مسلمانوں سے ساتھ ساتھ غیر مسلم لوگ بھی اسرائیلی بربریت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔نہتے فلسطینیوں کو ہمدردی نہیں بلکہ ان کا بنیادی حق دیا جانا چاہئے ۔

فلسطین ، کشمیر سمیت دنیا میں جہاں بھی ظلم و نا انصافی کا بازار گرام ہے وہاں امن کو قائم کرنا اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور بھارت دہائیوں سے قتل عام کر رہے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے کہا کہ غزہ میں معصوم بچوں کی شہادت اقوام متحدہ ، عالمی برادری اور امن کے علمبر دار ممالک کے منہ پر طمانچہ ہے ۔فلسطین کے معاملے پر انسانی حقوق کے دعویداروں کا ضمیر مرنے والوں کے ساتھ ہی دفنایا جا چکا ہے۔ حکومت پاکستان مذمتی بیانا ت سے آگے بڑھے اور غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی رکوانے میں اپنا بنیادی کردار ادا کرئے ۔اسرائیلی اپنی سیکورٹی میں ناکامی کی ہزیمت کا بدلہ لے رہا ہے۔