پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء سیداخونزادہ چٹان کی باجوڑ پولیس پر بم دھماکہ کی مذمت

پاک افغان سرحد پر باڑ لگنے کے باوجود بھی امن کا نہ آنا سمجھ سے بالاتر ہے،ریاست کو چاہئے کہ افغانوں کیساتھ برابری کی بنیاد پر پالیسی بنانی چاہئے، سابق رکن قومی اسمبلی

پیر 8 جنوری 2024 19:49

باجوڑ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جنوری2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء و سابق رکن قومی اسمبلی سیداخونزادہ چٹان نے باجوڑ پولیس پر بم دھماکہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بدامنی کے واقعات کو مزید برداشت نہیں کرسکتے لہذا ریاست سے اپیل کرتے ہیں کہ خدارا اپنی پالیسیاں تبدیل کریں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے باجوڑ پریس کلب میں پارٹی رہنمائوں اور کارکنان کے ہمراہ ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سید اخونزادہ چٹان نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر باڑ لگنے کے باوجود بھی امن کا نہ آنا سمجھ سے بالاتر ہے،باڑ لگنے کے بعد ہم نے یہ سمجھا کہ اس سے امن آجائے گا لیکن امن نہیں آیا، یہ امن کیوں نہیں آتا ، ریاست کو چاہئے کہ افغانوں کے ساتھ برابری کی بنیاد پر پالیسی بنانی چاہئے، پالیسی میں تبدیلی لانی چاہئے کیونکہ افغانستان میں کرزئی،اشرف غنی سمیت کئی حکومتیں بدل گئی اور اب گوڈ طالبان کی حکومت ہے لیکن وہاں پر امن ہے اور ہمارے ملک میں امن نہیں ہے، خدارا ریاست سے اپیل کرتے ہیں کہ اپنے پالیسیاں تبدیل کریں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ عسکریت پسندوں کیساتھ مذاکرات اس وجہ سے ناکام ہوئے کہ مذاکرات پر پارلیمنٹ، سیاسی لیڈرشپ، عوام اور شہداء کے لواحقین کو اعتماد میں نہیں لیاگیا، ہمیں یہ بھی بتایا گیا کہ نیٹو اور امریکہ کے جانے کے بعد امن قائم ہوگا لیکن پھر بھی قائم نہیں ہوا۔ انہون نے کہاکہ بامعنیٰ مزاکزات کی جائے یا نیشنل ایکشن پلان پر عملدراامد کو یقینی بنایا جائے،ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو تحفظ دیں، اب ہم مزید لاشیں اٹھانے کے متحمل نہیں ہوسکتے،ہمارے نوجوانوں نے خودکش حملہ آوروں کے ساتھ سینہ لگاکر قربانیاں دی ہیں لیکن ان کے ان قربانیوں سے بھی امن نہیں آیا۔

انہوں نے بتایاکہ باجوڑ میں بدامنی کی لہر کی وجہ سے لوگوں میں سخت خوف وہراس پایا جاتاہے لہذا سکیورٹی انتظامات کو بہتر کیا جائے۔ انہوںنے کہاکہ رات کو پولیس اور ایف سی کی گشتیں دوبارہ شروع کی جائے کیونکہ رات کو چیک پوسٹیں بھی خالی ہوتی ہیں،ہم نے آئی جی ایف سی، کور کمانڈر اور دیگر کے ساتھ مذاکرات کئے لیکن کوئی حل نہیں نکلا۔انہوںنے کہاکہ پی پی پی (آج)منگل کوصبح دس بجے باجوڑ پریس کلب سے بد آمنی کے خلاف امن مارچ کریگی لہذا تمام سیاسی پارٹیوں کو اس احتجاج میں شرکت کی دعوت دی جاتی ہیں۔