پیپلزپارٹی کا امیدواروں کے ٹکٹ جمع کرانے کے وقت میں توسیع کا مطالبہ

امیدواروں کو آر اوز کے پاس ٹکٹ جمع کروانے میں مشکلات کا سامنا ہے، امیدواروں کو ٹکٹ جمع کروانے کے لیے دیا گیا وقت ناکافی ہے۔ الیکشن سیل انچارج سینیٹر تاج حیدر کا چیف الیکشن کمشنر کو خط

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 13 جنوری 2024 15:08

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 13 جنوری 2024ء ) پاکستان پیپلزپارٹی نے امیدواروں کے ٹکٹ جمع کرانے کے وقت میں توسیع کرنے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا ہے، مرکزی الیکشن سیل انچارج سینیٹر تاج حیدر کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا گیا، خط میں امیدواروں کے ٹکٹ جمع کرانے کی وقت میں توسیع کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

پیپلزپارٹی نے مؤقف اپنایا ہے کہ امیدواروں کو آر اوز کے پاس ٹکٹ جمع کروانے میں مشکلات کا سامنا ہے، امیدواروں کو ٹکٹ جمع کروانے کے لیے دیا گیا وقت ناکافی ہے، اس لیے ٹکٹ جمع کروانے کا وقت مزید بڑھایا جائے تاکہ تمام امیدوار اپنے ٹکٹ جمع کروا سکیں، الیکشن کمیشن کی طرف سے تمام ریٹرننگ افسران کو اس سلسلے میں ہدایات جاری کی جائیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے گزشتہ روز بھی امیدواروں کے دستبردار ہونے کے وقت میں توسیع کر دی گئی تھی، مختلف جماعتوں کے امیدوار رات 9 بجے ایک دوسرے کے حق میں دستبردار ہوئے تھے۔

دوسری طرف پاکستان پیپلز پارٹی نے لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقوں کیلئے ٹکٹیں جاری کر دیں، این اے 127 سے بلاول بھٹو زرداری الیکشن لڑیں گے، این اے 117 سے سید آصف ہاشمی، این اے 118 سے شاہد عباس، این اے 119 سے افتخار شاہد،این اے 120 سے منیر احمد، این اے 121 سے افتخار شاہد اور این اے 122 سے چوہدری عاطف کوپارٹی ٹکٹ دیا ہے جب کہ این اے 123 سے محمد ضیا الحق، این اے 125 سے چودھری عبدالغفور خان اور این اے 126 سے امجد علی پیپلزپارٹی کے امیدوار ہوں گے، این اے 128 سے عدیل غلام، این اے 129 سے اورنگزیب برکی جبکہ این اے 130 میں اقبال احمد خان کو ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔

اسی طرح پاکستان پیپلز پارٹی نے ملتان سے قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں کیلئے ٹکٹ جاری کر دیئے ہیں جہاں قومی اسمبلی کے 6 حلقوں میں سے 3 پر ٹکٹ جاری کئے گئے، قومی اسمبلی پر جاری کردہ تینوں ٹکٹ گیلانی خاندان کے نام رہے، این اے 148 کا سید یوسف رضا گیلانی کو ٹکٹ جاری کیا گیا، این اے 151 سے علی موسیٰ گیلانی اور این اے 152 کا عبدالقادر گیلانی کو ٹکٹ جاری کیا گیا۔