Live Updates

مراد سعید کے کاغذات نامزدگی پر جعلی دستخط کرنے والے 2 افراد گرفتار

ریٹرنگ افسر کی مدعیت میں گرفتار دونوں افراد کیخلاف مقدمہ درج ،عدالت نے جیل بھجوا دیا

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 24 جنوری 2024 15:05

پشاور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جنوری2024 ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءمراد سعید کے کاغذات نامزدگی پر جعلی دستخط کرنے والے 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا،ریٹرنگ افسر کی مدعیت میں گرفتاردونوں افراد کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے ۔ ایف آئی آر کے مطابق پولیس نے تھانہ مٹہ میں تینوں ملزمان کے خلاف دفعات 419,420,468,471 کے تحت مقدمہ درج کیا۔

پولیس نے جعلی دستخط کرنے والے دونوں افراد کو گرفتار کرکے مقامی عدالت میں پیش کیا جہاں عدالت نے انہیں جیل بھجوانے کا حکم دیا۔ ریٹرنگ آفیسر این اے4 کی جانب سے درج ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ملزم مراد سعید ولد سعداللہ خان ساکن کبل جو پہلے سے ملزم اشتہاری ہے، اس کی جانب سے این اے 4 کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے، جس میں ان کا تجویز کنندہ حمید خان ولد عمران خان ساکن کوزہ بانڈی اور تائید کنندہ عمران خان ولد تاج محمد ساکن کوزہ بانڈئی نے کاغذات نامزگی پر مراد سعید کے جعلی دستخط کئے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے روپوش رہنماءمراد سعیدعام انتخابات سے دستبردارہوگئے تھے۔ پشاور ہائیکورٹ میں کاغذات نامزدگی کیخلاف دائر درخواست کی سماعت کے دوران مراد سعید کے وکیل نے عدالت کوبتایا تھا کہ انہوں نے ٹکٹ واپس کر دیا ہے۔ پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اشتیاق ابراہیم، جسٹس اعجاز انوراورجسٹس صاحبزادہ اسداللہ پرمشتمل بینچ نے پی ٹی آئی رہنما کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

سماعت کے دوران مراد سعید کے وکیل نے عدالت کو بتایا تھاکہ درخواست گزارنے ٹکٹ واپس کردیا ہے ، وہ انتخابات میں حصہ نہیں لے رہے۔ پشاور ہائیکورٹ نے درخواست واپس لئے جانے کی بناء پر نمٹا دی تھی۔ قبل ازیں مراد سعید کی سوات کے حلقے این اے 3 اور 4 سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے کیخلاف اپیلیں خارج کر دی گئیں تھیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات