عالمی عدالت کاغزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے کا حکم، دیرآیددرست آید ہے

ہفتہ 27 جنوری 2024 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جنوری2024ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی اور امید وار این اے 124 محمد جاویدقصوری نے عالمی عدالت کے فیصلے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی عدالت انصاف کا اسرائیل کو غزہ میں نسل کشی روکنے کا حکم دیرآیددرست آید کے مترادف ہے۔عالمی عدالت نے اسرائیل کو نسل کشی پر اپنے فوجیوں کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر تحقیقات کرنے اور غزہ میں انسانی امداد کی رسائی میں رکاوٹ ختم کرنے کا حکم بھی دیا،مگریہودی وزیراعظم کی ہٹ دھرمی برقرار ہے۔

عالمی عدالت اپنے فیصلے پرعمل درآمدکویقینی بنائے۔ان کا کہنا تھاکہ غزہ تباہی کی داستان بن چکا ہے‘ اقوام متحدہ کے مطابق غزہ رہنے کے قابل نہیں رہا۔ 7 اکتوبرکے بعد غزہ میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی‘ ہزاروں افراد جاں بحق اور 63 ہزار سے زاید زخمی ہوئے، 9 اکتوبر کو اسرائیلی وزیردفاع نے غزہ کے محاصرے اور بجلی پانی بند کرنے کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ غزہ کی 20 لاکھ سے زاید آبادی نفسیاتی اور جسمانی تکالیف میں مبتلا ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے یورپی مبصرین نے غزہ میں120 اجتماعی قبروں کا انکشاف کیا ہے،غزہ میں اسرائیلی بمباری سے 26 ہزار سے زاید ہلاکتیں ہوچکی ہیں جن میں سے نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے‘ خوراک کی قلت الگ ہے‘ اس صورت حال نے غزہ کو جہنم بنا دیا ہے۔

عالمی برادری اور اقوام متحدہ کے دیگر اداروں بالخصوص سلامتی کونسل پر غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے اقدامات پر زور دیتے ہوئے۔ محمد جاوید قصوری نے کہا کہ عالمی برادری اور سلامتی کونسل اسرائیل کو فلسطین میں مزید خونریزی سے روکے۔غزہ میں اسپتالوں پر بھی حملے کیے جارہے ہیں۔ فلسطین کی زمین مسلمانوں کی ملکیت ہے اسرائیل نے غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے ۔تمام مسلم ممالک اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کریں۔ صہیونی فورسز رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنا رہی ہیں جس سے غزہ کھنڈر بن گیا ہے۔غزہ کی آبادی کو ایک طرف دھکیل کر قبضہ کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، جو کہ کسی طور پر بھی قابل قبول نہیں ہے۔