Live Updates

حماد اظہر نے انتخابات سے دستبرداری کا اعلان کر دیا

حماد اظہر اپیل کی پیروی نہیں کرنا چاہتے،معاون وکیل ؛ پی ٹی آئی رہنمانے سپریم کورٹ سے اپیل واپس لے لی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 31 جنوری 2024 12:12

حماد اظہر نے انتخابات سے دستبرداری کا اعلان کر دیا
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 31 جنوری 2024ء ) سپریم کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کے کاغذات نامزدگی کیس کی سماعت ہوئی۔ حماد اظہر نے انتخابات سے دستبرداری کا اعلان کر دیا، حماد اظہر نے سپریم کورٹ میں دائر کی گئی اپیل واپس لے لی۔معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ حماد اظہر اپیل کی پیروی نہیں کرنا چاہتے، جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے کہ لگتا ہے حماد اظہر سرینڈر نہیں کرنا چاہتے،حماد اظہر کے کاغذات نامزدگی اشتہاری ہونے پر مسترد کر دیے گئے تھے۔

ایک پیغام میں حماد اظہر نے کہا تھا کہ کہ لاہور ہائیکورٹ نے میرے الیکشن لڑنے کا دروازہ بند کر دیا، اب عمران خان کے ساتھ ہی الیکشن میں حصہ لوں گا۔ ایکس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ اپنے ہی فیصلوں کے بر عکس لاہور ہائی کورٹ نے میرے الیکشن لڑنے کا دروازہ بند کر دیا۔

(جاری ہے)

مجھے فخر ہے کے میں نے اسمبلی اور وزارت میں ایمانداری اور خلوص نیت کے ساتھ خدمات سرانجام دیں۔

انہوں نے کہا کہ انشاللہ اپنے لیڈر عمران خان کے ساتھ ہی اب انتخاب میں حصہ لوں گا اور پارٹی کے لئے بطور کارکن کام کروں گا۔ یاد رہے لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان سمیت تحریک انصاف کے اہم رہنماؤں کو الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار دے دیا ہے۔ جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے فیصلہ سنایا۔ عدالت نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے این اے 122 اور این اے 89 سے کاغزات نامزدگی پر اعتراضات برقرار رکھے گئے۔

عدالت نے سابق چیرمین پی ٹی آئی کے دونوں حلقوں سے کاغذات نامزدگی بحال کرنے کی درخواست خارج کی۔ اس کے علاوہ عدالت نے فواد چوہدری ،حبا فواد، حماد اظہر اور پرویز الہیٰ کو ابھی الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار دے دیا۔جب کہ لاہور ہاٸیکورٹ نے صنم جاوید کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف درخواست پر فیصلہ جاری کر دیا۔ عدالت نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف درخواست خارج کر دی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات