Live Updates

عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے کیخلاف اپیلوں پر اعتراضات عائد

اپیل مقررہ وقت کے بعد دائر کی گئی،سپریم کورٹ نے بانی چئیرمین پی ٹی آئی اپیلیں اعتراضات لگا کر واپس کر دیں

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 31 جنوری 2024 16:22

عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے کیخلاف اپیلوں پر اعتراضات ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 31 جنوری 2024ء ) سابق وزیراعظم عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے کیخلاف اپیلوں پر اعتراضات عائد کر دیا گیا۔ سپریم کورٹ نے بانی چئیرمین پی ٹی آئی اپیلیں اعتراضات لگا کر واپس کر دیں۔رجسٹرار سپریم کورٹ نے اعتراض عائد کیا کہ اپیل مقررہ وقت کے بعد دائر کی گئیں۔اپیل میں دستاویزات کی فہرست پر اے او آر کے دستخط نہیں۔

اپیل میں لف کیے گئے دستاویزات کی فوٹوکاپیز پڑھنے کے قابل نہیں۔بانی پی ٹی آئی نے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔عمران خان نے دو حلقوں سے الیکشن لڑنے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جو ریٹرننگ آفیسر نے مسترد کر دیے تھے۔درخواست میں بانی پی ٹی آئی کی جانب سے این اے 89 میانوالی اور این اے 122 لاہور سے انتخابات کے لیے اہل قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اپیل میں موقف اپنایا گیا کہ آرٹیکل 63 (1) (H) کے تحت نااہلی کا نوٹی فکیشن درست نہیں، آرٹیکل 63 (1) (H) کے تحت نااہلی کے لیے اخلاقی جرم کا ہونا بھی ضروری ہے۔ اپیل میں کہا گیا کہ توشہ خانہ کیس میں سزا اخلاقی بنیاد پر نہیں ہوئی، ریٹرننگ افسر، الیکشن ٹربیونل اور ہائی کورٹ کے فیصلے کالعدم قرار دیے جائیں۔واضح رہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے لاہور اور میانوالی کے حلقوں سے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے گئے تھے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما میاں نصیر نے کاغذات پر اعتراض کیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی توشہ خانہ کیس میں نااہل ہیں اور ان کے تجویز و تائید کنندہ این اے 122 سے نہیں ہیں۔ریٹرننگ آفیسر این اے 122 کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی سزا یافتہ ہیں۔این اے 89 میانوالی سے بھی بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات