نگراں حکومت، پی ڈی ایم حکومت کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوام پر مہنگائی کے بم گرا رہی ہے،حافظ طاہر مجید

ہفتہ 3 فروری 2024 22:54

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2024ء) جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سکریٹری اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 220 حیدرآباد سے امیدوار حافظ طاہر مجید نے کہا ہے کہ نگراں حکومت، پی ڈی ایم حکومت کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوام پر مہنگائی کے بم گرا رہی ہے، پیٹرول، ایل این جی اور جان بچانے والی ادویہ کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے کے بعد اب بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے، جماعت اسلامی اس فیصلے کو مسترد کرتی ہے اور احتجاج کا حق رکھتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ فیصل کالونی کچہ قلعہ میں کارنر میٹنگ اور الیکشن آفس کے افتتاح سے خطاب اور عوام سے ملاقاتوں میں کیا، اس موقع پر امیدوار پی ایس 64 ظہیرالدین شیخ، صوبائی رہنما و سابق ایم پی اے عبدالوحیدقریشی، الحاج رانا محمد اسماعیل اور ناظم زون وسطی اصغر علی خان یوسف زئی نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

حافظ طاہر مجید نے کہا کہ علاقوں میں ترقیاتی کاموں میں خصوصی توجہ دیں گے گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کریں گے اور علاقوں میں نئے ٹرانسفارمر لگوائیں گے بجلی گیس قیمتوں میں میں کمی کرائیں گے کینٹونمنٹ بورڈ میں کچی آبادیوں کی مستقل آبادکاریوں کے سلسلے میں رہنے والے باشندوں کو زمینوں کی آباد کاری کے سلسلے میں ڈیمانڈ نوٹس دلوا کر ان کے مکانوں کی لیز کرائیں گے اور علاقوں میں سرکاری ڈسپینسریوں کا قیام اور حیدرآباد میں یونیورسٹی اور میڈیکل کالج بنائیں گے، انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے تنخواہ دار اور کم آمدنی والا طبقہ بری طرح متاثر ہو رہا ہے عوام فاقہ کشی پر مجبور ہورہے ہیں جبکہ موجودہ و سابقہ حکمرانوں کی عیاشیاں بھی قوم کے سامنے ہیں، انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت میں شامل رہنے والی جماعتیں انتخابات کے موقع پر نورا کشتی کر رہی ہیں اندر سے یہ سب ایک ہیں عوام انہیں مسترد کر دیں گے، انہوں نے کہا کہ کراچی و حیدرآباد کی ٹھیکیداری کا دعوی کرنے والے اپنی عوام کا مینڈیٹ بڑی جماعتوں کو فروخت کر کے ہر حکومت میں اقتدار کے مزے لیتے رہے ہیں اور متوسط و خود کو غریب کہنے والی اس پارٹی کی قیادت ارب پتی ہو گئی ہے جبکہ کراچی و حیدرآباد کے نوجوان اعلی تعلیم و روزگار سے بھی محروم کر دیئے گئے ہیں۔

امیدوار پی ایس 64 ظہیرالدین شیخ نے کہا کہ چوڑی و جفت سازی کی صنعت میں حیدرآباد کا مقام تھا لیکن یہاں نااہل قیادت نے ان صنعتوں کی حوصلہ افزائی کے لیے کچھ کام نہیں کیا۔صوبائی رہنما و سابق ایم پی اے عبدالوحید قریشی نے کہا کہ ترازو ٹیم منتخب ہو کر حیدرآباد کے نوجوانوں کے لئے خصوصی معاشی پیکیج لائے گی، ان کے لئے روزگار کے دروازے کھولے گی، کھیلوں کے میدان بحال کرے گی نیاز اسٹیڈیم میں بین الاقوامی میچز کرائے گی ضرورت اس امر کی ہے کہ قوم ترازو کو ووٹ دیں۔