Live Updates

آٹھ فروری کو عوام آزادی کا اعلان کریں ،اسد قیصر

نواز شریف کا پختونوں کے خلاف بیان دینا پختونوں کے ساتھ دشمنی کے مترادف ہے،لسانی بنیادوں پر سیاست ،قوم کو تقسیم کرنا نواز شریف کیلئے کوئی نئی بات نہیں، پیپلز پارٹی نے سندھی عوام کیلئے کچھ کیا نہیں ،بلاول پورے ملک میں اقتدار کیلئے بھڑکیں مار رہے ہیں، صوابی میں جلسے سے خطاب

ہفتہ 3 فروری 2024 23:07

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2024ء) سابق سپیکر قومی اسمبلی اور این اے 19 صوابی 1 سے پی ٹی آئی کے امیدوار اسد قیصر نے کہا ہے کہ آٹھ فروری کو عوام آزادی کا اعلان کریں ، نواز شریف کا پختونوں کے خلاف بیان دینا پختونوں کے ساتھ دشمنی کے مترادف ہے،لسانی بنیادوں پر سیاست ،قوم کو تقسیم کرنا نواز شریف کیلئے کوئی نئی بات نہیں، پیپلز پارٹی نے سندھی عوام کیلئے کچھ کیا نہیں ،بلاول پورے ملک میں اقتدار کیلئے بھڑکیں مار رہے ہیں۔

صوابی میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ صوابی کی عوام نے آج اپنا فیصلہ سنا دیا،پاکستانی قوم 8فروری کو نواز شریف کا بوریا بستر گول کردے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف عدت نکاح کے حوالے سے فیصلہ کو مسترد کرتے ہیں،یہ طے شدہ فیصلے ہیں ان میں کوئی بھی فیصلہ انصاف پر مبنی نہیں ہے اسد قیصر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اسلام نہیں اسلام آباد چاہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مولانا صاحب ہر حکومت کا حصہ ہوتے ہیں لیکن انہوں نے اسلام کیلئے کچھ نہیں کیا۔اسد قیصر نے کہا کہ پی ڈی ایم نے 16 ماہ میں پاکستانی عوام کو تاریخی مہنگائی اور بد امنی کا تحفہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کونسا فارمولا تھا جو شہباز شریف کے پاس نہیں تھا اور اس کے بھائی نواز شریف کے پاس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور نواز شریف کے مشترکہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملک کی معیشت کو تباہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا پختونوں کے خلاف بیان دینا پختونوں کے ساتھ دشمنی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے دور حکومت میں پختونوں پر ڈرون حملے ہوئے، پختون دہشتگردی کا شکار ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے ہمیشہ پنجابی کارڈ کھیل کر پختونوں کا استحصال کیا اور لسانی بنیادوں پر سیاست کرنا اور قوم کو تقسیم کرنا نواز شریف کیلئے کوئی نئی بات نہیں ہے انہوں نے اپنی سیاسی جنم پر پہلا نعرہ بھی لسانی بنیادوں پر ہی لگایا تھا۔

اسد قیصر نے کہا کہ اب وقت بدل چکا ہے پاکستانی قوم کو عمران خان نے ایک قالب ایک جان بنا دیا ہے خیبر پختونخوا کی عوام کو جو نواز شریف نے تضحیک کا نشانہ بنایا ہے الحمد اللہ خیبر پختونخوا میں تو آپ کے پاس کچھ نہیں ہے لیکن اس کا جواب 8 فروری کو پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے عوام سے ملے گا۔انہوں نے کہا کہ 8فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں عوام آزادی کا اعلان کریں ،یہ الیکشن نہیں آزادی کیلئے جہاد ہے۔ خپلہ خاورہ خپل اختیار کا نعرہ لگانے والے اے این پی کے رہنما بھی اقتدارِ کے لیے اپنے آقائوں کی خوشامدی کررہے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے سندھ کے عوام کیلئے کچھ بھی نہیں کیا اب پورے ملک میں اقتدار کیلئے بھڑکیں مارتے ہیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات