شہبازشریف، مولانا فضل الرحمان، آصفہ بھٹو سمیت کئی اہم شخصیات نے ووٹ کاسٹ کردیئے

مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعظم نے لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 128 ماڈل ٹاؤن میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 8 فروری 2024 11:52

شہبازشریف، مولانا فضل الرحمان، آصفہ بھٹو سمیت کئی اہم شخصیات نے ووٹ ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 فروری 2024ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی اور پیپلز پارٹی کی رہنماء آصفہ بھٹو سمیت کئی اہم شخصیات نے اپنے ووٹ کاسٹ کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 128 ماڈل ٹاؤن میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ابھی ووٹ ڈالنے آیا ہوں، سکیورٹی کے حوالے سے تمام انتظامات مناسب ہیں، محنت کریں اور پاکستان کی خدمت کریں، آج پاکستان کی تقدیر عوام کے ہاتھ میں ہے، پاکستان کی ترقی کے لیے ووٹ ڈالیں گے تو ملک کی تقدیر بدلے گی، عوام نے نواز شریف کو موقع دیا تو سب مل کر ملک کی تقدیر بدلیں گے، نفرتیں دور کریں گے، اس وقت ملک میں دراڑیں اور تقسیم پڑ گئی ہے اس کو ختم کریں گے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آبائی حلقہ گاؤں عبدالخیل میں ووٹ کاسٹ کیا، نگراں وفاقی وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کردیا، انہوں نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 46 کے پولنگ اسٹیشن ماڈل اسکول ڈورہ میں ووٹ کاسٹ کیا، وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی صبح 8 بجے پولنگ اسٹیشن پہنچے، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ووٹ قومی فریضہ ہے ہر ذمہ دار شہری نے ادا کرنا ہے، آزادانہ اور شفاف انتخابات جمہوریت کو مضبوط بناتے ہیں، روشن مستقبل کے لیے عوام ووٹ ضرور ڈالیں، ووٹنگ کاعمل پرامن ،منظم طریقے سے مکمل ہوگا۔

علاوہ ازیں اسلام آباد سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 47 اور 48 سے آزاد امیدوار مصطفیٰ نواز کھوکھرنے اپنا ووٹ کاسٹ کیا، مصطفی نواز کھوکھر نے ای 7 پولنگ اسٹیشن میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا، ان کا کہنا ہے کہ امیدواروں کا ایجنٹس اور انتخابی مشینری سے رابطہ کاٹنا زیادتی ہے، ملک بھر میں موبائل فون سروس بند کرنا دھاندلی کی ابتدا ہے، کچھ عرصے سے پولیس گردی کا بھی سامنا ہے، جب کہیں سے اطلاع آئے گی دیر ہو چکی ہوگی، دھونس اور دھاندلی کے الیکشنز کسی صورت منظور نہیں ہیں۔

معلوم ہوا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی بیٹی آصفہ بھٹو اور بہن ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے نواب شاہ میں اپنے ووٹ کاسٹ کیے، آصفہ بھٹو زرداری اپنی خالہ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کے ہمراہ گورنمنٹ بوائز اسکول ایل بی او ڈی کالونی پہنچیں جہاں انہوں نے اپنے ووٹ کاسٹ کردیے، آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمیں نکلنا ہے اور ووٹ دینا ہے، جیت پیپلز پارٹی کی ہی ہوگئی۔

اسی طرح قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 232 سے ایم کیو ایم کی امیدوار آسیہ اسحاق نے ووٹ کاسٹ کیا، انہوں نے ووٹ آئی ایم اسلامک اسکول ماڈل کالونی ڈسٹرکٹ کورنگی حلقہ 232 میں کاسٹ کیا، راولپنڈی میں مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کیا، چیف سیکرٹری پنجاب نے جی او آر ٹو میں قائم پولنگ اسٹیشن میں ووٹ ڈالا، زاہد اختر زمان نے حلقہ این اے 129 اور پی پی 171 کے لیے حق رائے دہی استعمال کیا۔