Live Updates

حکومت سازی کے لئے رابطوں کا سلسلہ جاری، مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے ایم کیو ایم کے وفد کی جاتی امراء میں ملاقات

حکومت سازی کے حوالے سے تجاویز پر تبادلہ خیال ،بنیادی نکات طے پا گئے، ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے مل کر چلنے پر اتفاق کیا گیا ‘ مریم اورنگزیب ایم کیو ایم کے پی پی سے متعلق تحفظات پر نواز شریف نے شہباز شریف کو دونوں جماعتوں میں مصالحت کا کردار ادا کرنے کی ذمہ داری سونپ دی ‘ ذرائع

اتوار 11 فروری 2024 15:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 فروری2024ء) حکومت سازی کیلئے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے ، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد نے جاتی امراء رائے ونڈ میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور صدر شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں مرکز میں حکومت سازی کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ایم کیو ایم نے اپنی شرائط سمیت پیپلز پارٹی سے متعلق اپنے کچھ تحفظات بھی پیش کئے ، دونوں جماعتوں نے ملک و قوم کو مشکلات سے نکالنے کیلئے مل کر چلنے پر اتفاق کیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، ڈاکٹر فاروق ستار اورمصطفی کمال پر مشتمل وفد جاتی امراء رائے ونڈ پہنچا جہاں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور صدر شہباز شریف نے پارٹی کے دیگر رہنمائوں کے ہمراہ ان کا خیر مقدم کیا ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں مریم نواز، اسحاق ڈار ، احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق ، رانا ثنا اللہ خان، سردار ایاز صادق ، مریم اورنگزیب اور رانا مشہود نے قیادت کی معاونت کی ۔

دونوں جماعتوں کے رہنمائوں نے انتخابات میں کامیابی پر ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی ۔ اس موقع پر مرکز میں حکومت سازی سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کے حوالے ے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں دونوں جماعتوں نے مرکز میں سامنے آنے والے نمبرز کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔ مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم کی ملاقات کے حوالے سے جاری اعلامیے میں کہا ہے کہ دونوں جماعتوںمیں سیاسی تعاون اورمل کر چلنے پر اصولی اتفاق ہوگیا ہے۔

دونوںجماعتوں میں بنیادی نکات طے پا گئے ہیں اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک اور قوم کے مفاد کے لئے مل کر چلا جائے گا۔دونوں جماعتوں کے قائدین میں مشاورت کا سلسلہ تقریباً ایک گھنٹہ تک جاری رہا جس میں موجودہ صورتحال پر تفصیلی مشاورت اور تجاویز کا تبادلہ ہوا ۔رہنمائوں نے مجموعی سیاسی صورتحال اور اب تک ہونے والے رابطوں کے حوالے سے بھی ایک دوسرے کو اعتماد میں لیا ۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں ایم کیو ایم نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے سامنے پیپلز پارٹی سے متعلق کچھ تحفظات بھی پیش کئے جس پر نواز شریف نے پارٹی صدر شہباز شریف کو پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان مصالحت کا کردار ادا کرنے کی ذمہ داری سونپی ہے ۔ ایم کیو ایم نے کراچی میں وفاق کے ترقیاتی منصوبوں میں ایم کیو ایم کو آن بورڈ لینے کی شرط بھی پیش کی ہے ۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات