قومی مفادات ترجیح ،عوام کی خدمت کیلئے سب متحد ہوکر آگے بڑھیں گے‘مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم کا اتفاق

شہبازشریف سے کامران ٹسوری، مصطفی کمال ،فاروق ستار پر مشتمل ایم کیوایم وفد کی ملاقات ،ملکی صورتحال ،سیاسی تعاون پر تبادلہ خیال تمام جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام ووٹ کو عزت دینا ہے،سب کی ذمہ داری ہے ملکر ملک کو معاشی خطرات سے بچائیں‘ شہباز شریف

جمعہ 23 فروری 2024 22:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) اور متحدہ قومی موومنٹ نے اتفاق کیا ہے کہ عوام کی خدمت کے لئے ہم سب متحد ہوکر آگے بڑھیں گے، سیاسی مفادات کے بجائے قومی مفادات ترجیح ہیں۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور نامزد وزیراعظم شہبازشریف سے ایم کیوایم کے وفد نے ملاقات کی ۔ وفد گورنر سندھ کامران ٹسوری، مصطفی کمال اور ڈاکٹر فاروق ستار پر مشتمل تھا جبکہ ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر اسحاق ڈار، رانا ثنااللہ خاں، سردار ایاز صادق ،خواجہ سعد رفیق، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، رانا مشہود، عطااللہ تارڑاور دیگر راہنمابھی موجود تھے ۔

ملاقات میں ملکی صورتحال اور سیاسی تعاون کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔شہبازشریف نے ایم کیوایم کے تعمیری اور مثبت جذبے کو سراہا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام ووٹ کو عزت دینا ہے، ہم سب جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں، سب کی ذمہ داری ہے کہ مل کر ملک کو معاشی خطرات سے بچائیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد اور پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے میں ایم کیو ایم کے کردار کو سراہتے ہیں۔

قائدین نے اتفاق کیا کہ عوام کی خدمت کے لئے ہم سب متحد ہوکر آگے بڑھیں گے، سیاسی مفادات کے بجائے قومی مفادات ترجیح ہیں۔ایم کیو ایم وفد نے شہبازشریف کی ملک وقوم کے لئے خدمات کو سراہا۔ ایم کیو ایم وفد نے کہا کہ شہبازشریف 16ماہ کے دوران تمام اتحادیوں کو بڑی خوش اسلوبی سے ساتھ لے کر چلے، امید ہے کہ آپ کی قیادت میں پاکستان اور عوام کو مسائل سے نجات ملے گی۔