چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی ، اسحق ڈار ، شہزاد وسیم ، رضا ربانی سمیت 52 ارکان کی مدت مکمل

ایوان بالا میں اب فاٹا کی چاروں نشستیں ختم ہو جائیں گی اور نئی سینیٹ میں ارکان کی تعداد 100 سے کم ہو کر 96 رہ جائے گی

پیر 11 مارچ 2024 22:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2024ء) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، ڈپٹی چیئرمین مرزا آفریدی، قائد ایوان اسحاق ڈار، قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم اور سینیٹر رضا ربانی سمیت سینیٹ کے 52 ارکان کی مدت 11 مارچ کو مکمل ہوگئی ،ایوان بالا میں اب فاٹا کی چاروں نشستیں ختم ہو جائیں گی اور نئی سینیٹ میں ارکان کی تعداد 100 سے کم ہو کر 96 رہ جائے گی۔

مسلم لیگ (ن )کی حمایت سے منتخب 13 سینیٹرز، پیپلز پارٹی کے 12، پی ٹی آئی کے 8، جمعیت علماء اسلام ف، پی کے میپ اور نیشنل پارٹی کے دو دو ارکان کی مدت ختم ہوگئی ،بلوچستان عوامی پارٹی کی حمایت سے منتخب 6، جماعت اسلامی، ایم کیو ایم پاکستان اور مسلم لیگ (ف) کی ایک ایک نشستیں خالی ہوں گی۔ایوان بالا سینٹ میں پی ٹی آئی کے 17، پیپلز پارٹی کی 9، مسلم لیگ ن کے 5، بلوچستان عوامی پارٹی کے 7، جمعیت علماء اسلام ف کی 3، ایم کیو ایم اور اے این پی کے دو دو جبکہ مسلم لیگ ق کے 1 اور دو آزاد ارکان رہ جائیں گے۔

(جاری ہے)

،اسلام آباد سے دو سینٹرز اسد جونیجو اور مشاہد حسین سید ریٹائر ہو جائیں گے۔سندھ سے 12 سینٹرز ریٹائر ہوں گے، ان میں سینٹر رضا ربانی، امام دین شوقین، مولا بخش چانڈیو، سید محمد علی شاہ جاموٹ، فروغ نسیم، مظفر شاہ، وقار مہدی، خالدہ سکندر میندرو، رخسانہ زبیری، کیشو بائی، قرت العین مری اور انور لعل دین شامل ہیں۔پنجاب سے ریٹائر ہونے والے 12 سینیٹرز میں قائد ایوان اسحاق ڈار اور قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم کے علاوہ ڈاکٹر آصف کرمانی، رانا محمود الحسن، مصدق ملک، شاہین خالد بٹ، ولید اقبال، حافظ عبدالکریم، نذہت صادق، سیمی ایزدی، کامران مائیکل شامل ہیں۔

رانا مقبول کی نشست انکے انتقال کے باعث خالی ہو گئی تھی۔خیبر پختونخوا سے ریٹائر ہونے والے 11 سینٹرز میں بہرمند خان تنگی، فیصل جاوید، فدا محمد، پیر صابر شاہ، طلحہ محمود، مشتاق احمد، دلاور خان، اعظم سواتی، مہر تاج روغانی اور روبینہ خالد شامل ہیں۔ شوکت ترین کی نشست استعفی کے بعد پہلے ہی خالی ہو چکی ہے۔بلوچستان سے ریٹائر ہونے والے 11 سینیٹرز میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، احمد خان، مولوی فیض محمد، کہدا بابر، محمد اکرام، شفیق ترین، طاہر بزنجو، نصیب اللّٰہ بازئی، عابدہ عظیم اور ثنا جمالی شامل ہیں۔

فاٹا سے چار سینیٹرز ہدایت اللّٰہ خان، ہلال الرحمان، شمعیم آفریدی اور ڈپٹی چئیرمین مرزا محمد آفریدی ریٹائر ہو جائیں گے۔عام انتخابات میں کامیابی کے بعد 6 سینیٹر کی نشستیں خالی ہو گئی ہیں جن پر ضمنی الیکشن 14 مارچ کو ہوگا۔