آزاد کشمیر کے متاثرین برفباری کو وزیراعظم پاکستان کی طرف سے امدادی پہنچا دی گئی

جمعہ 22 مارچ 2024 23:01

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2024ء) آزاد کشمیر میں فروری میں ہونے والی بارشوں و برف باری کے متاثرین کے لئے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی طرف سے مالی امداد مظفرآباد کے بعد کوٹلی سے تعلق رکھنے والے متاثرین تک بھی پہنچادی گئی اس حوالے سے جمعہ کے روز ڈپٹی کمشنر و چئیرمین ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی ضلع کوٹلی چوہدری حق نواز نے اپنے آفس میں آٹھ متاثرین بارش میں 28لاکھ روپے کے چیک تقسیم کئے۔

چیک حاصل کرنے والوں میںعبدالرحیم ولدمبشر حسین قوم سیدساکن ٹھنڈی ہاں بنالا، محمد آصف ولد دل محمد ساکن بنالہ خاص ،محمد امتیاز ولد نظرمحمد قوم کھٹانہ ساکن کھنڈہار، محمد رفیق ولدشاہ محمد قوم گوجر ساکن پلانی، محمد اسحاق ولدحسن محمدقوم بھٹی ساکن پلانی،احمد الطاف ولدمحمدالطاف قوم ڈومال ساکن پلانی، محمدلیاقت ولدمحمد حسین قوم گوجر ساکن پلانی،محمدنعیم ولد شبیر خان قوم تھکیال ساکن کھچوٹی میرہ شامل تھے کنٹرول لائن کے قریب رہنے والے ان متاثرین کے مکانات کو جزوی نقصان پہنچا تھا جس پر ان کو فی کس ساڑھے تین لاکھ روپے دئیے گئے۔

(جاری ہے)

امدادی چیکس وصول کرنے کے بعدمتاثرین نے کہا کہ ہم وفاقی حکومت بالخصوص وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے تہہ دل سے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں اپنے شہریوں کا خیال رکھا اور ہم غریبوں کی مالی امداد کی۔انہوں نے کہا کہ اس قبل 2005 کے زلزلہ کے بعد بھی پاکستانی قوم اور حکومت نے کشمیریوں کی دل کھول کر مدد کی اور مشکل سے نکالا انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر یوں کی منزل اور امیدوں کا محور ہے اور انشااللہ جلد مقبوضہ کشمیر بھی بھارتی تسلط سے آزاد ہوکر پاکستان کا حصہ بنے گا۔

اس موقع پر متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت اپنے شہریوں کے مسائل سے آگاہ ہے اور اس مسائل کے حل کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔بارش و برفباری کے متاثرین کے لئے حکومت پاکستان کی طرف سے فوری امداد سے لوگوں کو بڑا ریلیف ملا ہے۔