عالمی برادری کشمیر اور فلسطین میں جاری مظالم بند کروائے،سردار عتیق احمد خان

فلسطین اور کشمیر کی آزادی کیلئے امت مسلمہ کااتحاد وقت کی ضرورت ہے ، رابطہ عالمی اسلامی کی جانب سے بین المذاہب کانفرنس سے امت مسلمہ میں ہم آہنگی پیدا ہوتی ہے،خطاب

اتوار 24 مارچ 2024 13:30

مظفرآباد/جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2024ء) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ عالمی برادری کشمیر اور فلسطین میں جاری مظالم بند کروائے،امت مسلمہ اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں اور کشمیریوں کی آواز بنیں بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس سعودی حکومت کا امت مسلمہ کیلئے احسن اقدام ہے ،اوور سیز کے حوالے سے ہماری حکومتوں کو چاہئیے جس بھی جماعت کی ہو پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ جو رابطہ ہے وہ جماعتوں بنیادوں پر نہیں ہونا چاہئے،بلکہ جس کے پاس پاکستانی پاسپورٹ ہوا اس کو پاکستانی کمیونٹی کا فرد سمجھا جائے ہماری یہ کمیونٹی اگر پاکستانی سفارتخانوں کے ساتھ رابطے میں رہے تو یہ اپنے ملک کی تعمیر و ترقی میں بہت بے پناہ کردار اد کر سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دو رروزہ رابطے عالمی اسلامی کانفرنس کے اختتام پر اپنے اعزاز میں جدہ میں مقیم معروف کاروباری سماجی شخصیت سید سعید شاہ کی جانب سے افطار ڈنر عشائیہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ،افطار ڈنر کی تقریب کی صدارت جدہ میں مقیم کشمیری معروف کاروباری سماجی شخصیت سید سعید شاہ نے کی جبکہ تقریب کے مہمان خصوصی سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان تھے عشائیے میں بڑی تعداد میں کشمیری کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات کے علاوہ ترکش سفیر ایڈیشنل سیکرٹری جنرل او آئی سی موس ولا لیا معروف عرب بزنس مین حسن الصمدانی ،حسین احمد الصمدانی ،محمد بن یحی،محمد الصمدانی ناصر الصمدانی، سابق امیدوار اسمبلی راجہ افتخار احمد، سردار اشفاق خان صدر مسلم کا نفرنس سعودی عرب، کامران بیگ جنرل سیکرٹری مسلم کانفرنس ،سردار وقاص عنائیت اللہ چیئر مین جموں کشمیر کمیونٹی ،راجہ طاہر اقبال سابق امیدوار اسمبلی ،عبدالطیف عباسی،چوہدری خورشید متیال،سابق چیئر مین جے کے سی او ،انجینئر محمد عارف مغل،سردار مہتاب سرور،چوہدری تصور حسین صدر پی پی پی،چوہدری اظہر وڑائچ نے شرکت کی، سردار عتیق احمد خان کو عمرہ کی مبارک باد دی۔

تقریب سے خطاب میں سردار عتیق احمد خان نے مزید کہا کہ فلسطین اور کشمیر کی آزادی کیلئے امت مسلمہ کااتحاد وقت کی ضرورت ہے ، رابطہ عالمی اسلامی کی جانب سے بین المذاہب کانفرنس سے امت مسلمہ میں ہم آہنگی پیدا ہوتی ہے۔ہندستان دہشت گرد ملک اور مودی انسانیت کا قاتل ہے ،ہم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں ،مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیاں انتہا کو پہنچ چکی ہیں مگر کشمیری پورے عزم و ہمت کے ساتھ ڈھٹے ہوئے ہیں،عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں بند کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کروائے ،اس موقع پر سردار عتیق احمد خان نے پر تکلف افطار ڈنر پر معرو ف کشمیری بزنس مین سید سعید شاہ کا شکریہ ادا کیا، اس سے قبل سردار عتیق احمد خان جب تقریب میں پہنچے تو ان کا فقید المثال استقبال کیا گیا۔

دریں اثناء صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمد خان نے مدینہ منورہ میں حضرت پیر محبوب الہی سجادہ نشین وادی عزیز شریف چنیوٹ کے آستانہ پر دیے گئے عشائیہ میں شرکت کی اس موقع پرمسلم کانفرنس کے مرکزی چیف آرگنائزر راجہ ثاقب مجید سمیت دیگر کارکنان بھی موجود تھے۔