کراچی میں مقامی پولیس کے بغیر جرائم کنٹرول نہیں کیے جا سکتے ،حافظ نعیم الرحمن

صوبائی وزیر داخلہ کراچی میں جرائم کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کا بیان واپس لیں اور عوام سے معافی مانگیں ،پریس کانفرنس

پیر 1 اپریل 2024 19:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اپریل2024ء) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی میں جب تک مقامی پولیس کا تصور اور نظام قائم نہیں کیا جائے گاجرائم کو کنٹرول اور شہریوں کی جان و مال کو تحفظ حاصل نہیں ہو گا، کراچی پولیس میں مقامی افراد کو ترجیحی بنیادوں پر بھرتی کیا جائے اور کالی بھیڑوں کا صفایا کیا جائے ، صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار کراچی میں جرائم کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کا اپنا بیان واپس لیں اور عوام سے معافی مانگیں ، کچے اور پکے کے ڈاکوئوں کو سندھ حکومت کی سرپرستی حاصل ہے، کراچی میں مسلح ڈکیتیوں میں صرف رمضان المبارک میں 10شہری اپنی جان گنوا بیٹھے جبکہ رواں سال49افراد ڈاکوئوں کی گولیوں کا نشانہ بنے اور ان کی زندگی کا چراغ گل ہو گیا ۔

(جاری ہے)

بڑھتی ہوئی مہنگائی ، گیس ، بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ جماعت اسلامی عوام کو ڈاکوئوں، ان کے سرپرستوں اور جعلی مینڈیٹ والی حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گی ، عید الفطر کے بعد فارم 47کی پیدوار زبردستی مسلط کی گئی حکومت اور جعلی مینڈیٹ کے خلاف بھر پور تحریک چلائے گی ، جمعةالوداع کو یوم القدس ہے ،امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر پورے پاکستان میں ’’یوم القدس ‘‘منائیں گے ، ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیر کے روز ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان، ڈپٹی پارلیمانی کونسل قاضی سیدصدرا لدین،سکریٹری پبلک ایڈ کمیٹی نجیب ایوبی،نائب صدر پبلک ایڈ کمیٹی عمران شاہد موجود ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے اہل غزہ سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل و امریکہ کی مذمت کے لیے عظیم الشان اور تاریخ ساز ’’شب یکجہتی غزہ ‘‘ میں اہل کراچی کی جوق در جوق شرکت پر ان سے اظہار تشکر بھی کیا اور واضح اور دو ٹوک انداز میں کہا کہ عوام اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوششوں اور امریکی آشیر واد کے لیے بھارت کی بالا دستی کسی صورت قبول نہیں کریں گے ۔

کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور قبلہ اوّل و فلسطین کی آزادی ہر مسلمان کے ایمان اور عقیدے کا حصہ ہے ، کشمیر پر سودے بازی اور اسرائیل کو تسلیم کرنا ملک اور ملت سے غداری ہو گی ۔ وزیر داخلہ اسحاق ڈار کا بھارت سے تجارت کو از سر نو بحال کرنے کا بیان سامنے آیا ہے ، نواز شریف بھی دونوں ملکوں کے درمیان لکیر ختم کرنے کی باتیں کرتے رہے ہیں ۔

کیا ملک کی معیشت بھارت نے خراب کی ہے ، اصل میں امریکہ کے غلام اور آئی ایم ایف کے ایجنٹوں نے ہی ملک و قوم اور قومی معیشت کو تباہ و برباد کیا ہے ۔ نواز لیگ ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم جیسی پارٹیوں کو عوام نے مسترد کر دیا ہے لیکن ان کو عوام پر زبردستی مسلط کیا گیا ہے اور یہ سب مل کر عالمی ایجنڈے کوپورا کر رہے ہیں ۔ ہمارے سارے معاملات اسی عالمی ایجنڈے سے منسلک ہیں ۔

ہمیں آئی ایم ایف کے شکنجے میں جکڑ کر امریکہ کا غلام اور گریٹر بھارت کے امریکہ منصوبے کو پورا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن ایسا کسی صورت نہیں ہونے دیا جائے گا ۔ پاکستان برصغیر کے مسلمانوں نے لازوال قربانیاںدے کر حاصل کیا تھا ، کلمے کی بنیاد پر جدو جہد کی گئی تھی اور پاکستان کا قیام عمل میں آیاتھا ، ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں ہونے دیا جائے گا ۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ سندھ میں نگراں حکومت کے دور میں ڈاکوئوں کے خلاف بڑے آپریشن اور کرپشن کے لیے قائم سسٹم کے خلاف عملی اقدامات کرنے کا اعلان کیا گیا تھا مگر عملاً کیا ہوا صورتحال سب کے سامنے ہے ، ڈاکو راج بھی قائم ہے اور سسٹم بھی کام کر رہا ہے اور وہ سسٹم جو پہلے سندھ میں تباہی پھیلا رہا تھا اب اسلام آباد میں جاکر بیٹھ گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ سکھر ملتان موٹر وے رات کو بند کر دی جاتی ہے ، کچے کے علاقے میں ڈاکوئوں کا راج ہے ، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اتنا جد ید اسلحہ ان تک کیسے پہنچتا ہے ۔ اگر بارڈر سے یہ اسلحہ ان تک پہنچتا ہے تو بارڈر سیکوریٹیز کیا کر رہی ہیں اور کون ان کی سرپرستی کر رہاہے ۔ کچے کے علاقے کے ڈاکوئوں کے خلاف فوجی آپریشن کیوں نہیں کیا جا تا ۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں 10روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے ، گیس کی قیمت میں گزشتہ سال نومبر میں 200فیصد اضافہ کیا گیا تھا ، فکس چارجز اور ٹیکس بے تحاشہ بڑھا دیئے اور پھر جنوری میں 123فیصد اور فروری میں 67فیصد اضافہ کیا گیا ، یہ ہیں آئی ایم ایف کے ایجنٹ اور امریکہ کے غلام حکمران جو عوام کی زندگی مشکل سے مشکل تر بنا رہے ہیں ۔