شہید ذوالفقار علی بھٹو اعلی درجے کے دانشور، بہترین مصنف اور بہت اچھے مقرر تھے، جمیل ضیا

جمعرات 4 اپریل 2024 16:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2024ء) پیپلز پارٹی پی ایس95کے صدر و ٹاون چیئرمین اورنگی ٹاون حاجی جمیل ضیا نے شہید جمہوریت و بانی پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 45ویں برسی کے موقع پر ان کی ملک وقوم کے لیئے دی جانے والی قربانی اور جمہوریت کے لیئے انکی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اعلی درجے کے دانشور، بہترین مصنف اور بہت اچھے مقرر تھے وہ غوروخوص کرنیوالے شخص اور نڈر اور بے باک لیڈر تھے ، ان خیالات کااظہارانہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا، ھاجی جمیل ضیا نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید سویلین مارشل لا ایڈمنسٹریٹر اور پھر 1971 سے 1973 تک پاکستان کے صدر رہے جبکہ 1973 سے 1977 تک پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم کے طور پر خدمات بھی سرانجام دیں، جب پاکستان کے عوام لاوارث اور بے زبان ہو چکے تھے تب انہوں نے عوام کی آواز اور ان کا ترجمان بننے کا فیصلہ کیا، ذوالفقار علی بھٹو شہید نے نا مساعد حالات اور خوف و جبر کے ماحول کے باوجود خطرات سے پر راستے کا انتخاب کیا، انہوں نے کہا کہ داخلی اور خارجی سازشوں کے نتیجے میں جنرل ضیا ء ا لحق نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی منتخب حکومت کا تختہ الٹا اور قتل کے الزام میں ان پر مقدمہ چلا کر 4 اپریل 1979 کو ذوالفقار علی بھٹو کو تختہ دار پر لٹکا دیا جبکہ ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کی افواج کو عزت اور وقار کے ساتھ بھارت سے آزاد کروا کر لائے انہوں نے کہا کہ جب بھٹو شہید کے خلاف کیس چلایا گیا اس وقت ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ آئین کے تحت کام نہیں کررہی تھیں، ملک میں مارشل لا نافذ تھا اور اس وقت شہید بھٹو کے کیس میں فیئر ٹرائل کے پراسیس پر بھی عمل نہیں کیا گیا تھا جس کی وجہ سے شہید بھٹو کی پھانسی کا فیصلہ عدالتی غلطی قرار پایا، چند ماہ قبل سپریم کورٹ آف پاکستان نے شہید ذوالفقارعلی بھٹو کے قتل پر تاریخی فیصلہ دیا، انہوں نے کہا کہ آئین و قانون کے مطابق ایسے اقدامات کی ضرورت ہے جس سے آئندہ کسی بھی بے گناہ کو خواہ و ہ سیاستدان ہو یا ایک عام شہری‘ عدالت کے ذریعے قتل کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے، ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر اس عزم کااعادہ کرتے ہیں کہ ان کے نواسے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ان کے ادھورے مشن کی تکمیل کے لیئے دن رات جدوجہد کریں گے ۔