اپوزیشن کو عوام نے اس لیے ووٹ نہیں دیئے کہ وہ محظ گالی گلوچ اور شور شرابہ کرتے پھریں،چیئرمین پیپلزپارٹی

بلاول بھٹو زرداری کاعوام کو درپیش مسائل کے حل اور ملک میں ترقی و استحکام کے لیے حزب اختلاف کو ذمہ دارانہ پارلیمانی کردار ادا کرنے کا مشورہ

جمعہ 5 اپریل 2024 21:05

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عوام کو درپیش مسائل کے حل اور ملک میں ترقی و استحکام کے لیے حزب اختلاف کو ذمہ دارانہ پارلیمانی کردار ادا کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہاہے کہ اپوزیشن کو عوام نے اس لیے ووٹ نہیں دیئے کہ وہ محظ گالی گلوچ اور شور شرابہ کرتے پھریں۔

میڈیا سیل بلاول ہائوس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے بھٹو ہاس، نوڈیرو، میں اپنے حلقہ انتخاب این اے 194 اور اس میں شامل صوبائی حلقے پی ایس 11 کے کارکنان، شہریوں اور معززین کے اعزاز میں منعقد افطار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت سے اپوزیشن تعاون کرے تو عوام کے زیادہ تر مسائل حل ہوسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امید رکھتا ہوں کہ جو منتخب نمائندے نیشنل اسمبلی میں ہیں، وہ اپنا کردار ادا کرتے ہوئے حکومت سے تعاون کریں گے، تاکہ قومی میثاق برائے مفاہمت (نیشنل چارٹر آف ریکنسیلیشن)، میثاق معیشت اور عدالتی اصلاحات پر کام کر کے عام آدمی کو انصاف دلایا جاسکے۔

انہوں نے زور دیا کہ سیاستدانوں کو مفاہمت اختیار کرنے چاہیے یا کم از کم ایک ضابطہ اخلاق ہونا چاہیے۔ اگر سیاستدان اور ادارے اپنے اپنے دائروں کے اندر رہتے ہوئے کام کریں تو پاکستان ترقی کرسکتا ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی اس حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان معاشی اور سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں مشکل میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ عام انتخابات میں عوام نے کسی جماعت کو واضح اکثریت نہ دے کر سب کو ملکر مسائل حل کرنے کا پیغام دیا ہے۔ عوام نے کسی ایک جماعت کو واضح اکثریت نہیں دی، عوامی چاہتے ہیں کہ سارے مل کر مسائل کا حل نکالیں اور پاکستان کو ایک جدید ترین ملک بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل ہماری ترجیح ہے، مسائل کے حل میں منتخب نمائندوں کا اہم کردار ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ منتخب نمائندے عوامی ضرورتوں کے مطابق مشاورت سے منصوبے ترتیب دیں۔پی پی پی چیئرمین نے حالیہ عام انتخابات میں بھرپور حمایت کرنے پر شرکا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی محنتوں کی وجہ سے صدر آصف علی زرداری ایک بار پھر صدر مملکت منتخب ہوئے ہیں۔ ایک بار پھر تاریخ رقم ہوئی ہے کہ صدر آصف علی زرداری ملک کے وہ پہلے سویلین ہیں جو دوسری بار صدر منتخب ہوئے ہیں۔

ہم ایلک بار پھر ثابت کریں گے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہے چاروں صوبوں کی زنجیر ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا کہ 14 اپریل کو قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے حوالے سے گڑھی خدابخش میں ایک تاریخی جلسہ عام منعقد ہوگا، جس میں ملک بھر سے جیالے شرکت کرکے قائدِ عوام کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کیس کے متعلق صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کے فیصلے کو پارٹی اور جیالوں کے لیے ایک تاریخی کامیابی قرار دیا۔

عدالت نے تسلیم کیا ہے کہ قائدِ عوام کو فیئر تڑائیل نہیں ملا، اِس کامیابی پر ہم صدر آصف علی زرداری کے شکر گذار ہیں۔ یہ ہر جیالے کا خواب تھا کہ وہ اپنی زندگی میں قائدِ عوام کو انصاف مِلتا دیکھے۔تقریب میں پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و رکنِ سندھ اسمبلی فریال تالپور، پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھڑو، ایم پی اے جمیل احمد سومرو، ایم این اے اعجاز جکھرانی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔