وزیر اعظم کا صدر مملکت ،پاک افواج ، مختلف ممالک کے سربراہان کو ٹیلیفون، عید الفطرکی مبارکباد پیش کی

شہباز شریف نے سیاسی شخصیات ،اتحادی جماعتوں کے رہنمائوں کو بھی ٹیلیفون کر کے عید الفطر کی مبارکباد پیش کی مجھ سمیت پاکستانی قوم سرحدوں پر اپنے وطن کی حفاظت پر مامور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے‘ وزیر اعظم شہباز شریف شہباز شریف کو کویت کے وزیر اعظم کاٹیلیفون ،اقتصادی اور تجارتی تعاون کے فروغ کی ضرورت پر روز ،فلسطینیوںپر جاری ظلم و جبر کے خاتمے کی دعا کی وزیر اعظم شہباز شریف کاملائیشیا ء کے وزیر اعظم انور ابراہیم کو ٹیلی فون ،ملائیشیا ء کے وزیر اعظم کو جلد پاکستان کا دورہ کرنیکی دعوت دی شہباز شریف کابحرین کے فرماں روا کو ٹیلیفون ،دونوں رہنمائوں کا برادرانہ تعلقات کی مضبوطی پر گہرے اطمینان کا اظہار ، دورہ پاکستان کی دعوت قطر کے وزیر اعظم کا بھی ٹیلیفون ،باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے عزم کا اعادہ ،دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی وزیر اعظم کا یو اے ای کے صدر کو ٹیلی فون ، ،برادرانہ تعلقات باہمی طور پر مفید معاشی شراکت داری میں بدلنے کے عزم کا اعادہ شہباز شریف نے صدر کو جلد پاکستان دورے کی دعوت دی،یو اے ای کے صدر نے بھی وزیر اعظم کو امارات کے دورے کی دعوت دی

جمعہ 12 اپریل 2024 10:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2024ء) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے صدر پاکستان آصف علی زرداری، سیاسی شخصیات ،اتحادی جماعتوں کے رہنمائوں پاک افواج اور مختلف ممالک کے سربراہان کو ٹیلیفون کر کے مبارکباد پیش کی ، کویت کے وزیر اعظم شیخ محمد صباح آلسالم آلصباح اورقطر کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آلثانی نے بھی وزیر اعظم شہباز شریف کو ٹیلیفون کر کے عید کی مبارکباد پیش کی ۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو عید الفطر کی مبارکباد دی ۔وزیر اعظم نے دیگر اتحادی جماعتوں کے رہنمائوں کو بھی عید الفطر کی مبارکباد دی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ عید کے پر مسرت و بابرکت موقع پر پاکستان کی بہتری کیلئے آپکے تعاون کا تہہ دل سے مشکور ہوں،پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے اتحادی حکومت میں آپ کا تعاون تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا،اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے یہ اتحاد مبارک ثابت ہو اور آئندہ عید الفطر پاکستان معاشی طور پر مزید مضبوط اور مستحکم ہو۔

(جاری ہے)

انشا اللہ ہم دن رات محنت سے پاکستان کو اس مقام پر لے جائیں گے، جس کا خواب پاکستان کے معماروں نے دیکھا تھا۔وزیر عظم محمد شہباز شریف نے افواجِ پاکستان کے سربراہان کو بھی عید الفطر کی مبارکباد دی۔وزیر اعظم نے چیئرمین جوائنٹ چیفز آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، پاک فضائیہ کے سربرہ ائیر چیف مارشل ظہر احمد بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کو ٹیلیفون کر کے عید کی مبارکباد دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم سرحدوں پر اپنے وطن کی حفاظت پر مامور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔افواجِ پاکستان کے سربراہان کی پیشہ ورانہ قیادت میں ہمارے جوان وطن کے دشمنوں اور دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا رہے ہیں۔عید الفطر کے موقع پر پوری قوم اپنے شہدا ء کو خراجِ عقیدت اور ان کے اہل خانہ کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے سربراہ جمعیت علما ء اسلام (ف) مولانا فضل الرحمن کو بھی ٹیلی فون کیا اورعید الفطر کی مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہارکیا۔مولانا فضل الرحمن نے بھی وزیر اعظم کو عید کی مبارکباد پیش کی۔دونوں رہنمائوں نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی ،فلسطین اور کشمیر کے عوام پر ظلم و جبر کے خاتمے کیلئے دعا کی۔وزیر اعظم شہباز شریف کو کویت کے وزیر اعظم شیخ محمد صباح آلسالم آلصباح نے ٹیلیفون کر کے عید کی مبارکباد پیش کی ۔

گفتگو کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے انتخاب کے موقع پر کویتی قیادت کی جانب سے تہنیتی پیغام کا ذکر کرتے ہوئے کویتی وزیر اعظم کو شکریہ کا پیغام دیا۔انہوں نے پاکستان اور کویت کے مابین دیرینہ و تاریخی برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے پاکستان اورکویت دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی اور پاکستان کے ان تعلقات کو دونوں ممالک کے عوام کیلئے باہمی طور پر مفید شراکت داری میں بدلنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس سلسلے میں وزیر اعظم شہباز شریف نے نہ صرف پاکستان اور کویت کے مابین اقتصادی اور تجارتی تعاون کے فروغ کی ضرورت پر روز دیا بلکہ پاکستان کی جانب سے گزشتہ برس دونوں ممالک کے درمیان دستخط شدہ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر جلد عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی۔دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور کویت کے عوام کی سلامتی اور خوشحالی، امت مسلمہ کے مابین بھائی چارے اور بالخصوص نہتے فلسطینی بہن بھائیوں پر جاری اسرائیلی ظلم و جبر کے خاتمے کی دعا کی۔

کویت کے وزیر اعظم نے پاکستان کے عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ کویتی حکومت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ تعاون کے مزید فروغ کی خواہش کا اظہار کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے ملائیشیا ء کے وزیر اعظم انور ابراہیم کو ٹیلی فون کیا اور عید الفطر کی مبارکباد پیش کی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے عید کے موقع پر ملائیشیا ء کے عوام کیلئے بھی مبارکباد اور خیر سگالی کا پیغام دیا۔

شہباز شریف نے اس امید کا اظہار کیا کہ رمضان المبارک کی برکتیں بشمول دونوں ممالک، پوری امت مسلمہ کیلئے امن و سلامتی اور ترقی و خوشحالی کا باعث بنیں گی۔ وزیر اعظم نے اپنے انتخاب کے موقع پر ملائیشیا کے وزیر اعظم کے تہنیتی پیغام کا بھی ذکر کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان اورملائیشیا کے درمیان تعلقات کے فروغ کیلئے اپنے پختہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے ملائیشیا ء کے وزیر اعظم کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام ملائیشیا ء کے وزیرِ اعظم کے دورے کے منتظر رہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبال کی لازوال شاعری کا ملائیشین زبان میں ترجمہ ہو رہا ہے جس کا اجرا ء ملائیشیا ء کے وزیر اعظم انور ابراہیم کے دورہِ پاکستان کے دوران ان کے دست مبارک سے کروایا جائے گا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے دوطرفہ تجارت کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ملائیشیا ء کے تجارتی وفد کو پاکستان کا جلد دورہ کرنے کی دعوت دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی اپنا ایک تجارتی وفد جلد ملائیشیا ء بھیجے گا جو تجارت بالخصوص پاکستان سے ملائیشیا ء کو گوشت کی برآمد کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم نے غزہ میں نہتے فلسطینی بہن بھائیوں پر جاری اسرائیلی بربریت و نسل کشی کے خلاف ملائیشیا ء کے واضح اور دوٹوک موقف کی تعریف کی۔

دونوں رہنمائوں نے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا بھی اظہار کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے مسئلہ کشمیر پر ملائیشیا ء کی پاکستان کے موقف کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ملائیشیاء کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور جلد پاکستان کے دورے کی خواہش کا اظہار کیا۔انہوں نے دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی کیلئے تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بحرین کے فرماں روا حماد بن عیسا آلخلیفہ کو ٹیلی فون کیا اور انہیں اور بحرین کے عوام کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی۔دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور بحرین کے مابین برادرانہ تعلقات کی مضبوطی پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ باہمی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بحرین کو پاکستان میں سرمایہ کے مواقع کے بارے آگاہ کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے بحرین کے بادشاہ کے 2014 میں پاکستان کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے انہیں دوبارہ پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو قطر کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آلثانی نے ٹیلی فون کیا اور دونوں رہنمائوں نے عید کے پر مسرت موقع پر مبارکباد کا تبادلہ کیا۔دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور قطر کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات کی مضبوطی پر اطمینان کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف اس امر پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارت، سرمایہ کاری اور متعلقہ شعبوں میں تعاون کے فروغ کی وسیع استعداد موجود ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے قطر کے وزیر اعظم کو پاکستان قطر باہمی تعاون کے فروغ کیلئے جلد پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔قطری وزیر اعظم نے شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور ان کی دعوت کو قبول کر لیا۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آلنہیان کو ٹیلی فون کیا اور عید الفطر کے پر مسرت موقع پر مبارکباد پیش کی۔ گفتگو کے دوران وزیر اعظم پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین موجود قریبی تقافتی، مذہبی اور تاریخی تعلقات کو سراہا۔شہباز شریف اپنے انتخاب کے موقع پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کی جانب سے خصوصی نیک خواہشات کا ذکر کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر سے شکریہ ادا کیا اور اپنی حکومت کے پاک،امارات تعلقات کو روایتی دیرینہ برادرانہ تعلقات سے باہمی طور پر مفید معاشی شراکت داری میں بدلنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

شیح محمد بن زاید آلنہیان نے پاکستان کیلئے متحدہ عرب امارات کی حمایت و تعاون کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر کو جلد پاکستان دورے کی دعوت دی۔متحدہ عرب امارات کے صدر نے بھی وزیر اعظم کو امارات کے دورے کی دعوت دی اور دونوں رہنماں نے باہمی تعلقات کے مزید فروغ کیلئے آپسی روابط کو باقائدگی سے جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔