بھارت پاکستان میں براہ راست قتل کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے،لاہور میں قتل کے واقعہ کی بھی تحقیقات جاری ہیں‘ محسن نقوی

پیر 15 اپریل 2024 17:31

بھارت پاکستان میں براہ راست قتل کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے،لاہور میں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں براہ راست قتل کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے ،لاہور میں قتل کے واقعہ کی بھی پولیس تحقیقات کر رہی ہے ،اس قتل میں بھی وہی پیٹرن ہے جو ماضی کے واقعات کا ہے اس لئے شک اسی طرف جارہا ہے،بلوچستان میں 8پنجابیوں کے قتل کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، ان کو زیارات کے ویزے پر لے جایا جارہا تھا، حالیہ جتنے بھی دہشتگردی کے واقعات ہو ئے تمام کے ماسٹر مائنڈ اور منصوبہ بندی افغانستان سے ہو رہی ہے ،صرف لیسکو میں 83کروڑ یونٹس کی اوور بلنگ کی گئی ، ظلم یہ ہے کہ سرکاری محکموں اور صنعتوں کے ساتھ 300یونٹس استعمال کرنے والے غریب صارفین کو بھی اوور بلنگ کی جارہی ہے ، ایک گھر میں بھائیوں میں بھی لڑائی ہو جاتی ہے ، بہاولنگر واقعہ کو بلا وجہ ایشو بنایا گیا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف آئی اے لاہور ریجن کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ہوائی اڈوں پر امیگریشن کائونٹرز کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،ائیر پورٹس پر روانگی اور آمد کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ای گیٹز کی تنصیب کر رہیہیں اور اس پر کام شروع کر دیا ہے ، اس حوالے سے وفاقی وزیر خواجہ آصف سے بات ہوئی ہے اور ہم آنے والے دنوںمیں اس حوالے سے دورہ کرنے لگے ہیں ، ہم کائونٹرز کی تعداد بھی بڑھارہے ہیں تاکہ مسافروں کو انتظار نہ کرنا پڑا۔

ویسے تو ہیتھرو ائیر پورٹ پر جاتے ہیں تو وہاں پر دوسے ڈھائی گھنٹے انتظار کرنا پڑتا ہے اور میں نے خود انتظار کیا ہے لیکن ہم اپنے لوگوں کو انتظار نہیں کراناچاہتے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت پہلے ہی بہت زیادہ ہے اور اس کے ساتھ اوور بلنگ بھی کی جارہی ہے ،اس حوالے سے وزیر اعظم سے بات ہوئی ہے ،جس طرح کا بھی دبائو ہوگا ہم ایف آئی اے کو سپورٹ کریں گے۔

اس حوالے سے ایف آئی اے لاہور نے بہت اچھا کام کیا ہے ۔اس کے ثبوت موجودہیں کہ صرف لیسکو میں 83کروڑ یونٹس کی اوور بلنگ کی گئی ہے ، ظلم یہ ہے کہ سرکاری دفاتر اور صنعتوں کے علاوہ 300یونٹس استعمال کرنے والے غریب صارفین کو بھی اوور بلنگ کی گئی ہے ، جو ایکسین گرفتار ہوا ہے وہ تین سو یونٹس والے صارفین کو بھی اوور بل کر رہا تھا۔ جس غریب بے چارے کا گھر نہیں چلتا اس کے ساتھ اس طرح کی زیادتی کرنا ظلم ہے ،جب تک اوور بلنگ ختم نہیں ہو گی یہ مہم کسی صورت نہیں رکے گی ۔

اس حوالے سے ڈی جی ایف آئی اے پر بہت زیادہ دبائو آرہا ہے لیکن میری سپورٹ ان کے ساتھ ہے اور اس حوالے سے وزیر اعظم سے بھی بات کی ہے ۔اوور بلنگ منصوبہ بندی سے ہو رہی ہے جسے روکنا ہمارا فرض ہے ۔ اووربلنگ کے خاتمے کے لئے دیگر سرکلز بھی کام شروع کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کے خلاف بھی مہم چل رہی ہے اور اس میں بہت زیادہ کام کرنا ہے ، وزارت توانائی کے ساتھ مل کر بلوچستان اور خیبر پختوانخواہ جہاں پر بہت زیادہ بجلی چوری ہے وہاں پر ٹاسک دیدیا ہے اور امید ہے کہ اچھے نتائج آئیں گے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بہت جلد سائبر ونگ کی ری ویمپنگ شروع کی جائے گی اور جلد اس کے بہتر نتائج سامنے آئیں گے ،بہت سے کمزور قوانین میں ترمیم بھی ہونے والی ہے ،ایف آئی اے میں خالی آسامیوں پر بھی فوری بھرتیاں کریں گے،اگر کہیں اچھا افسر ہے اسے لینا ہے تو ہم اس کے لئے تبدیل کر لیں گے۔ وزیر داخلہ نے نوشکئی میں دہشتگردی کے واقعہ کے حوالے سے کہا کہ بلوچستان میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے 8افراد کو قتل کیا گیا ، جو ایجنٹس انہیں لے کر جارہے تھے وہ خود بھی مارے گئے ہیں ، اس کی تحقیقات کی ہیں ، ایجنٹس ان لوگوں کو زیارات کے ویزے پر لے کر جارہے تھے اور پر وہاں سے انہیں آگے لے کر جانا تھا ، ہیومن ٹریفکنگ پر کام کر رہے ہیں لیکن ابھی بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے ۔

انہوںنے ایف آئی اے میں ترقیوں کے حوالے سے کہا کہ اس حوالے سے صرف نوٹیفکیشن رہ گیا ہے وہ ہو جائے گا ۔ایف آئی اے میں پہلے سیاسی دبائو کے حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتا لیکن اب کسی طرح کا دبائو نہیں آئے گا ۔انہوں نے لاہور میں عامر تابنا کے قتل کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ بھارت پاکستان میں براہ راست قتل کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے اس واقعہ کی بھی پولیس تحقیقات کر رہی ہے ،جس طرح کے شک کا اظہار کیا جارہاہے کیونکہ اس قتل میں بھی وہی پیٹرن ہے ،تاہم جب تک تفتیش مکمل نہیں ہوجاتی اس لیے ابھی کچھ کہنا ممکن نہیں ہے۔

انہوںنے کہا کہ ملک میں بجلی چوری اتنی زیادہ ہے کہ اس کو پورا کرنے کے لئے اوور بلنگ کی جاتی ہے ،دو ایکسین گرفتار ہوئے ہیں ، ہمیں اس کے لئے کسی سطح پر جانا پڑا جائیں گے ،جو ایکسین گرفتار ہوا ہے وہ خود تسلیم کر رہا ہے کہ اس نے اوور بلنگ کی ہے ،وہ چھوٹ گئے لیکن آپ دیکھیں گے ہم چھوڑنے والے نہیں ہیں ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ جو کمزور قوانین ہیں ان کو مضبوط کرنے کے لئے قانون سازی کریں گے اور آنے والے دنوں میں قانون سازی ہوتی ہوئی نظر آئے گی ۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے رانا ثنا اللہ کے بیان کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ وہ اچھے دوست اور بھائی ہیں میں ان کے بیان پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا ۔انہوںنے پولیس کی جانب سے لوگوںکے گھروں پر چھاپوں کے حوالے سے کہا کہ اس حوالے سے صوبائی حکومت بہتر جواب دے سکتی ہے لیکن سوال یہ ہے کہ اگر کسی کریمینل کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مارنا ہے تو نہ ماریں البتہ یہ ضرور ہے یہ سیاسی بنیادوں پر نہیں ہونا چاہیے ،کریمینل کے گھر چار بجے کیا دو بجے بھی جانا پڑے جانا چاہیے ۔

انہوںنے کہا کہ وزارت توانائی کو گائیڈ نہیں کر سکتے لیکن جہاں عوام کا مسئلہ آتا ہے ہمیں امید ہے کہ وزیر اعظم خود ایکشن لیںگے ، ہم بھی ان کو آگاہ کر رہے ہیں ۔ عوام کو اووربلنگ کی صورت میں دھچکے لگ رہے ہیں ہم اسے روکنے کے لئے اپنا پورا کام کریں گے۔ انہوںنے بہاولنگر واقعہ کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ کسی ایک واقعہ سے کوئی فورس ڈی مورلائز ہو گئی ، ایک واقعہ ضرور ہوا ہے اس کی تحقیقات ہو رہی ہیں، گھر میں بھائیوں کی بھی لڑائی ہو جاتی ہے لیکن یہ کہنا کہ فورس ڈی مورلائز ہو گئی یہ درست نہیں ، یہ اتنا بڑا ایشو نہیں ہونا چاہیے ہمیں بطور قوم اس طرح کے واقعات کو بڑھاوا نہیں دینا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں بھارت میں بھی بالکل اسی طرح کا واقعہ ہو اوہاں تو ایسا کچھ نہیں ہوا یہاں اس کو ایشو بنا دیا گیا ہے ،ان کا رویہ دیکھیں اور ہم اپنا رویہ دیکھیں ہمیں اس سے سبق سیکھنا چاہیے ۔ انہوں نے سندھ میں جرائم کے حوالے سے کہا کہ وہاں پولیس اور رینجرز کام کر رہی ہے ، کرائم ہو رہا ہے لیکن یہ بھی دیکھیں پولیس روز کتنے مقابلے کر رہی ہے ۔

انہوں نے سوشل میڈیا کے حوالے سے کہا کہ میں اس حق میں ہوں کہ اس کے غلط استعمال کو روکنے کے لئے قانون سازی ہونی چاہیے، برطانیہ اور متحدہ عرب امارات میں کسی کے خلاف جھوٹی ٹوئٹ کر کے دکھائیں پھر دیکھیں آپ سے کیا سلوک ہوتا ہے ،آزادی اظہا ر رائے کی اجازت ہونی چاہیے لیکن کسی کے اوپر کیچڑ اچھالنا درست نہیں ہے ، اس کی روک تھائی کے لئے قانون ہونا چاہیے ۔

آپ مڈل ایسٹ میں کسی افسر کے خلاف ویڈیو چھوڑیں صرف یہ ویڈیو شیئر کر کے دکھادیں کہ فلاں جگہ اتنا پانی کھڑا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان سے مسلسل بات کر رہا ہے ، حالیہ جتنے بھی دہشتگردی کے واقعات ہو ئے ہیں تمام کے ماسٹر مائنڈ اور منصوبہ بندی افغانستان سے ہو رہی ہے ،ہمارے اس پر شدید تحفظات ہیں اور ہم ہر سطح پر اس معالے کو اٹھا رہے ہیں ، دفتر خارجہ اس حوالے سے اپنا کام کر رہا ہے ،یہ بہت سنجیدہ ایشو آیا ہو ا ہے ۔

قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے لاہور ریجنل آفس میں نئے انوسٹی گیشن بلاک کا افتتاح کیا ۔ریجنل آفس آمد پر ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے اسحاق جہانگیر اورڈائریکٹر لاہور سرفراز ورک نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا ایف آئی اے لاہور کے افسران سے تعارف کرایا گیا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید انسپکٹر شہزاد یونس کو خراج عقیدت پیش کیاوفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید انسپکٹر شہزاد یونس کی بیوہ سب انسپکٹر فائزہ شہزاد سے ایف آئی اے کے نئے انوسٹی گیشن شہید شہزاد یونس بلاک کا افتتاح کرایا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے نئے انوسٹی گیشن بلاک کا دورہکیا اور مختلف شعبے دیکھے ۔ڈی جی ایف آئی اے اسحاق جہانگیر،ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور سرفراز ورک، ڈائریکٹر فیصل آباد،ڈائریکٹر گوجرانوالہ اور اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔محسن نقوی نے کہا کہ اوور بلنگ کے معاملے پر عوام کو فوری ریلیف دیا جائے اورر بلنگ کے معاملے پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے،کے الیکٹرک میں اوور بلنگ کے مسائل کا فوری حل کیا جائے ،پشاور اور کوہاٹ کے علاقوں میں بجلی چوری کی ریڈز کے لئے ایف سی اہلکار کی خدمات مہیا کی جائیں گی ۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی کی خالی آسامیوں میں بھرتی کے عمل کو مکمل کیا جائے گا،امیگریشن کا مسائل کے فوری حل کے لئے ممکنہ اقدامات کی ضرورت ہے،امیگریشن میں ایف آئی کے کائونٹرز میں اضافہ کی ضرورت ہے۔