ساکنان شہر قائد کراچی کا 20 اپریل کو منعقد ہونیوالا 29 واں عالمی مشاعرہ ا پنے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیگا، پیرزادہ قاسم رضا صدیقی

پیر 15 اپریل 2024 21:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) ساکنان شہر قائد کراچی کا 20 اپریل کو منعقد ہونے والا 29 واں عالمی مشاعرہ ا پنے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیگا، عالمی مشاعرے کے انعقاد سے نہ صرف ملک بلکہ بیرون ملک میں بھی کراچی کا مثبت امیج جاتا ہے، کراچی اپنی دریا دلی، فراغ دلی، سخاوت اور محبت سے پہچانا جاتا ہے،سب سے بڑی بات یہ ہے اس کا دامن بہت وسیع ہے۔

ان خیالات کا اظہار عالمی مشاعرے کے کنوینر محمود احمد خان اور پیرزادہ قاسم رضا صدیقی نے پیر کو کراچی پریس کلب میں منعقدہ ایک پرہجوم پریس کانفرنس میں کیا۔ کنوینر محمود احمد خان نے کہا کہ عالمی مشاعرہ اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ ہر سال کی طرح اس سال بھی 20 اپریل بروزہفتہ رات 8بجے ایکسپو سینٹر گلشن اقبال کراچی میں منعقد ہوگا۔

(جاری ہے)

ہم نے نوجوانوں کے جوہر سب کے سامنے لانے کے لیے ایک مشاعرہ منعقد کیا ہے۔

ہماری کوشش ہوتی ہے ایک بہترین مشاعرہ منعقد کرسکیں اور اس سے محبت رکھنے والے پوری طرح لطف اندوزہوں، اس میں بہت سی مشکلات ہوتی ہیں، بیرون ملک او ر بھارت سے شعرا کو مدعو کرنے کے لیے حکومت وقت سے NOC کی ضرورت ہوتی جو کہ حالات تحت ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش اور روایت ہے کہ ہم چاروں صوبوں سے شعرا ء کرام کو مدعو کرتے ہیں۔ لوگوں کی پسندیدگی کا یہ عالم ہے کہ اس کے چاہنے والوں میں اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔

تربت، گوادر اور مختلف شہروں سے شعراء تشریف لارہے ہیں۔ عالمی مشاعرے کی بھرپور کوریج کرنے میں پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا پیش پیش رہتا ہے، اس سے مشاعرے کی کامیابی کو تقویت ملتی ہے۔ ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی نے کہا کہ ہمارے اس عالمی مشاعرے کے انعقاد سے نہ صرف ملک بلکہ بیرون ملک میں بھی کراچی کا مثبت امیج جاتا ہے اور یہ تاثر ابھرتا ہے کہ اس شہر میں ادبی حوالے سے تقریبات منعقد ہوتی رہتی ہیں،ہم پاکستان کی تمام زبان بولنے والوں کو موقع فراہم کرتے ہیں اور وہ اپنے کلام سے سامعین سے داد وصول کرتے ہیں، سینیٹر عبدالحسیب خان نے کہا کہ اس مشاعرے کی سب سے بڑی بات یہ ہے کہ یہ دنیا کا سب سے بڑا مشاعرہ ہوتا ہے جس میں نہ صرف پاکستان کے مختلف شہروں، کراچی، لاہور، کوئٹہ، اسلام آباد اور حیدرآبادوغیرہ اور بیرون ملک سے مہمان شاعر شرکت کرتے ہیں۔

اس موقع پر کراچی پریس کلب کے سیکرٹری شعیب احمد نے کہا کہ مشاعرے کے شوقین اس کا سال شروع ہونے سے ہی انتظار کرتے ہیں اور ایک دوسرے سے اس کی تیاری کے سلسلے میں معلومات حاصل کرتے رہتے ہیں۔اس مشاعرے کی خوبی یہ ہے کہ شاعروں کے آنے،جانے، کھانے،پینے، رہائش اور سفری اِخراجات ساکنان شہر قائدہی ادا کرتا ہے اور ِان کی خدمت میں معقول نذرانہ بھی پیش کیا جاتا ہے۔

مشاعرے میں شرکت کے متوقع شعرا اِکرام میں برطانیہ سے عقیل دانش، امریکہ سے باسط جلیلی، فرح اقبال، خالد عرفان، ریحانہ قمر، محبوب خان محبوب، جرمنی سے عاطف توقیر، کینیڈا سے فاطمہ زہرہ،بحرین سے احمد عادل،قطر سے ثمرین ندیم ثمر، متحرہ عرب امارات سے تابش زیدی، اندرون پاکستان اسلام آباد سے افتخار عارف، سینیٹر عرفان صدیقی، فواد حسین فواد، شکیل جاذب،لاہور سے عطا الحق قاسمی،خورشید رضوی،عباس تابش، وصی شاہ،رحمن فارس، ایبٹ آباد سے احمدحسین مجاہد، تھر پارکر سے سید سردار علی شاہ،آزاد کشمیر سے احمد عطااللہ،بھاولپور سے اظہر فروغ،کراچی سے ڈاکٹر پیر زادہ قاسم رضا صدیقی،پروفیسر سحر انصاری، انور شعور، محمود شام، ریحانہ روحی، جاوید صبا،خالد معین، اجمل سراج، اقبال خاور،ڈاکٹر جاویدمنظر، سیما غزل، ناصرہ زیدی، توقیر احمد خان، مورو سندھ سے احمد سولنگی اورتربت گوادر سے وحید نور جبکہ نظامت کے فرائض عنبرین حسیب عنبر،وجیہ ثانی اورآغا شیرازی انجام دیں گے،اِن کے منتظمین بھی آ پ کی شرکت کے متمنی ہوں گے۔

اس پروگرام میں اگر دعوت نامہ موجود نہ بھی ہو تو شناختی کارڈ دِکھا کر پنڈال میں داخل ہوا جاسکتا ہے یعنی اِنٹری بلا معاوضہ ہوتی ہے تاکہ ہر شہری لطف اندوز ہوسکے۔ امید ہے کہ کراچی کے شہری اپنی اردو ادب اور عالمی مشاعرے سے ولولہ انگیز محبت کو سامنے رکھتے ہوئے زیادہ سے زیادہ تعداد میں اپنی فیملی کے ساتھ شرکت کرکے مشاعرے کی رعنائیوں کو دوبالا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کشادہ دل رکھنے والوں کا شہرہے اور مشاعرے تیاری میں شامل نوجوانوں کا جوش و خروش دیکھ کرنظر آرہا ہے کہ ساکنان شہر قائد کراچی کا20اپریل2024 کو منعقدہونے والا یہ 29 واں عالمی مشاعرہ ا پنے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیگا اور عوام کو ایک اچھی ادبی تقریب دیکھنے کو ملے گی۔ اس موقع پر اراکین مشاعرہ کمیٹی حسن امام صدیقی، فاروق عرشی،ڈاکٹر شبیر حسین، وسیع قریشی،شاہین مصور،تنویر احمد،توقیر احمدخان ودیگر بھی موجود تھے۔ محمود احمد خان اور پیرزادہ قاسم رضا صدیقی نے کراچی پریس کلب اور سیکرٹری شعیب احمد کا شکریہ اداکیا کہ انہوں نے اپنے قیمتی وقت میں سے اپنا وقت نکال کر اس پریس کانفرنس میں شرکت کی۔