سعودی وزیرخارجہ کی قیادت میں وفد کی آمد دونوں ملکوں کے درمیان شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہے. شہبازشریف

وزیر اعظم ہاﺅس میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون و سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے گفتگو ‘سعودی وفد نے صدر آصف علی زرداری سے بھی ایوان صدر میں ملاقات کی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 16 اپریل 2024 14:25

سعودی وزیرخارجہ کی قیادت میں وفد کی آمد دونوں ملکوں کے درمیان شراکت ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16 اپریل۔2024 ) وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے کہاہے کہ سعودی وزیرخارجہ کی قیادت میں وفد کی آمد پاکستان سعودیہ سٹریٹجک و تجارتی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہے منگل کے روزوفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر اعظم ہاﺅس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران سعودی وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون و سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے گفتگو کی.

(جاری ہے)

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان، دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں تعاون کے مزید فروغ کا خواہاں ہے سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان نے پاکستان سعودیہ تعلقات کی مضبوطی، تجارت و سرمایہ کاری میں شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے لیے سعودی عرب کے عزم کا اعادہ کیا ہے. وزیراعظم پاکستان نے سعودی وفد کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اور اس کے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات سے بھی آگاہ کیا وزیراعظم نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل میں ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے تمام اداروں کے تعاون اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کے کلیدی کردار پر بھی روشنی ڈالی سعودی وفد کا دورہ پاکستان، وزیراعظم محمد شہباز شریف کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے تناظر میں ہو رہا ہے.

شہزادہ فیصل بن فرحان کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں فلسطین کے مقبوضہ علاقوں کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر بھی گفتگو ہوئی ملاقات میں وفاقی وزراءاسحاق ڈار، خواجہ محمد آصف، محسن رضا نقوی، جام کمال خان، رانا تنویر حسین، عبدالعلیم خان، ڈاکٹر مصدق ملک، سردار اویس خان لغاری، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ محمد جہانزیب خان، رکن قومی اسمبلی رومینہ خورشید عالم اور دیگر اعلی حکام بھی شریک تھے.

سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان اپنے وفد کے ہمراہ منگل کو سعودی وفد کے ہمراہ وزیراعظم ہاﺅس اسلام آباد پہنچے وفد میں سعودی نائب وزیرِ برائے سرمایہ کاری انجینیئر ابراہیم بن یوسف المبارک، سعودی وزیر برائے ماحولیات، آبی وسائل و زراعت انجینیئر عبدالرحمٰن بن عبدلامحسن آلفضلی، سعودی وزیرِ صنعت و معدنی وسائل عزت مآب انجینیئر بندر بن ابراہیم بن عبداللہ آلخریف اور اعلی سعودی حکام و سفارتی اہلکار شامل ہیں.

وزیراعظم نے وفد کا پاکستان آمد پر خیر مقدم کیا اور سعودی قیادت، خادم الحرمین شریفین سلمان بن عبدالعزیز اور ان کے ولی عہد محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور برادر ممالک سے شراکت داری کو باہمی طور پر مفید بنانے کے لیے اقدامات اٹھا رہا ہے. ملاقات میں وزیر اعظم نے سعودی وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد کے حوالے سے آگاہ کیا وزیراعظم نے سعودی ولی محمد بن سلمان کو پاکستان کے دورے کی دعوت کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی منتظر ہے سعودی وفد نے وزیرِاعظم کا پاکستان کی جانب سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا. 
وزیراعظم سے ملاقات کے بعد سعودی عرب کے وفد نے صدر پاکستان آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کی جس میں دوطرفہ مضبوط شراکت داری قائم کرنے، اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اور دہائیوں پرانے تعلقات ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ موجودہ تعلقات کو طویل المدتی تزویراتی اور اقتصادی شراکت داری میں بدلنا چاہتا ہے پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہے گا.

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین مضبوط تعلقات ہیں اور دونوں ملک کئی دہائیوں سے ایک دوسرے کی مدد کرتے آئے ہیں گذشتہ روز وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی قیادت میں سعودی وفد پیر کو پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچا تھا اور اب مہمان وفد نے پاکستانی حکام سے منگل کو مذاکرات کا آغاز کیا ہے پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق اس دورے میں سعودی وفد صدر آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ہم منصب وزرا سمیت آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور خصوصی سرمایہ کاری سہولیاتی کونسل (ایس آئی ایف سی) کی اپیکس کمیٹی سے ملاقاتیں کرے گا سعودی وزارت خارجہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پیغام میں کہا کہ وفد میں وزارت توانائی، پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) اور سعودی فنڈ برائے ترقی (ایس ایف ڈی) کے سینیئر حکام شامل ہیں.

دوسری جانب سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ کے اس دورے کے بعد 16 اپریل کی شام سعودی عرب کے معاون وزیر دفاع بھی ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان آئیں گے سرکاری ذرائع کے مطابق سعودی عرب کے معاون وزیر دفاع کے اس دورے کا مقصد دفاعی پیداوار اور تعاون سے جڑے منصوبوں کو حتمی شکل دینا ہے پاکستانی دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق سعودی وزیر خارجہ کا دورہ بنیادی طور پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ سعوی عرب کے دوران ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ معاشی تعاون کو بڑھانے کے لیے طے پانے والے مفاہمت پر پیش رفت کو تیز کرنے کے لیے ہو رہا ہے.