احتجاج عوام کا بنیادی حق ہے لیکن پرتشدد احتجاج سے مسائل حل نہیں ہوسکتے ،وزیر بحالیات

پیر 13 مئی 2024 16:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2024ء) آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیر بحالیات،پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں وکشمیر کے مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری جاوید بڈھانوی نے کہا ہے کہ احتجاج عوام کا بنیادی حق ہے لیکن پرتشدد احتجاج سے مسائل حل نہیں ہوسکتے آزاد حکومت نے خلوص نیت سے وزراء پر مشتمل اعلیٰ سطح کمیٹی بنائی جس نے پورے خلوص کے ساتھ مذاکرات کئے جو چیزیں آزاد حکومت کے اختیار میں تھی وہ معاملات حل ہونے اور جو معاملات وفاقی حکومت کے ذمے ہیں ان پر حکومت کوشاں ہی تھی کہ اچانک 11 مئی کی ہڑتال کا اعلان ہو گیا جسمیں پرتشدد واقعات ہوئے پرتشدد واقعات کے دوران سب انسپکٹر عدنان فاروق قریشی شہید ہو گئے اور سینکڑوں پولیس اہلکاران زخمی ہوئے سرکاری گاڑیاں بھی جلائی گئی احتجاج کرنے والے لوگ بھی ہمارے اپنے ہیں اور یہ سرکاری گاڑیاں اور پولیس بھی ہماری ہے ہمیں ایک دوسرے کی عزت اور جان ومال کا خیال رکھنا ہو گا۔

(جاری ہے)

جاوید بڈھانوی نے مزید کہا کہ گذشتہ روز صدر مملکت آصف علی زرداری سے سے ملاقات کے دوران پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کی سیاسی قیادت نے تمام صورتحال سے آگاہ کیا اس پر صدر پاکستان نے نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم پاکستان اور نائب وزیراعظم پاکستان سے کہا کہ وفاقی حکومت ذمہ داری کا مظاہرہ کرے کشمیریوں نے بے شمار قربانیاں دی ہیں ہم انھیں تشدد کا نشانہ نہیں بنا سکتے ہم نے ان کے زخموں پر مرہم رکھنی ہے ان کے مسائل ایک دو دن میں حل ہونگے۔

آٹا سبسڈی اور پیداواری لاگت پر بجلی کی فراہمی کے حوالہ سے صدر آصف علی زرداری نے کشمیری قیادت کو یقین دہانی کروائی ہے ان شاء اللہ آج مذاکرات کامیاب ہونگے احتجاج کا اختتام مذاکرات سے ہی ممکن ہے مظاہرین عوامی ایکشن کمیٹی اور ان کی تمام قیادت ہمارے لئے قابل احترام ہے لیکن جس طرح اور جس القاب سے سیاسی قیادت کو پکارا جا رہا ہے وہ انتہائی قابل افسوس ہے ہم لوگ بھی لوگوں سے ووٹ لے کر طویل جدوجہد کے بعد اسمبلی میں جاتے ہیں ہمارے کوئی پس پردہ مقاصد نہیں ہے آپ سے کئی گناہ زیادہ ہمیں عوام کے دکھ درد کا احساس ہے اور اقتدار،وزارت یا سرکاری سیٹ اپ لوگوں کے مسائل کے حل کے لئے ہی ہوتا ہے۔

اس لئے ہمیں ایک دوسرے کی عزت واحترام کا خیال رکھنا چاہیے۔جاوید بڈھانوی نے کہا کہ حکومت مزاکرات میں مخلص ہے اور تمام مسائل مزاکرات کے ذریعے ہی حل گئے اور امن بھی قائم ہو گا۔جاوید بڈھانوی نے مزید کہا کہ تحریک آزادی کشمیر میں سب کی قربانیاں ہیں اور ایسے اقدامات سے ہمیں گریز کرنا چاہیے جس سے مخالفین فائدہ اٹھا کر ہمیں بدنام کریں۔

جاوید بڈھانوی نے کہا کہ پاکستان اور افواج پاکستان کو گالیاں دینے والا کوئی بھی شخص تحریک آزادی کشمیر کے لئے مخلص نہیں ہو سکتا پاکستان کشمیریوں کا وکیل ہے اور افواج پاکستان ہماری محافظ ہے ہمیں ادب کے دائرے کے اندر رہ کر عوام کے مسائل حل کرنا ہونگے ہمارا اور آپ کا مقصد ایک ہے کہ ہم عوام کی بھلائی اور بہتری کے لئے مل کر اقدام اٹھائیں۔جاوید بڈھانوی نے سب انسپکٹر پولیس عدنان فاروق قریشی کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی کامل بخشش ومغفرت اور بلندی درجات کے لئے خصوصی دعا بھی کی ہے۔