Live Updates

شرجیل میمن نے بی آر ٹی سسٹم میں انضمام کرنے والے اورنج لائن ایکسٹینشن کا افتتاح کردیا

سندھ حکومت نے عوامی ضروریا ت کو مدنظر رکھتے ہوئے عبدالستار ایدھی کے نام سے منسوب اورنج لائن اور گرین لائن سسٹم کو آپس میں ملادیا ہے،وزیر ٹرانسپور ٹ سندھ

جمعرات 16 مئی 2024 18:45

�راچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2024ء) محکمہ ٹرانسپورٹ حکومت سندھ کی جانب سے اورنج لائن اور گرین لائن بی آر ٹی سسٹم میں انضمام کرنے والے اورنج لائن ایکسٹینشن کا افتتاح کردیا گیا ہے۔ سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ، ماس ٹرانزٹ، ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول شرجیل انعام میمن نے اورنگی ٹان کراچی میں واقع اورنج لائن ڈیپو پر اورنج لائن ایکسٹینشن کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ، ایکسائز، ٹیکسیشن شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نے عوامی ضروریا ت کو مدنظر رکھتے ہوئے عبدالستار ایدھی کے نام سے منسوب اورنج لائن اور گرین لائن سسٹم کو آپس میں ملادیا ہے، اب اورنج لائن کی تمام بسیں گرین لائن بورڈ آفس اسٹیشن جائیں گی، جہاں سے مسافر پیدل چلنے والے پل کے زریعے گرین لائن میں سوار ہو جائیں گے، اور جو مسافر گرین لائن سے اتر کر واپس اورنگی جانا چاہیں گے وہ اورنج لائن بس کے زریعے واپس اورنگی جا سکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سہولت سے استفادہ کرنے والے مسافروں کیلئے زیادہ سے زیادہ کرایہ 25 روپے وصول کیا جائے گا، پاکستان پیپلز پارٹی اپنی قیادت صدر مملکت آصف علی زرداری ، چیئرپرسن بلاول بھٹو زرداری کے وژن پر عمل پیرا ہے، پارٹی قیادت کے ویژن اور حکومت سندھ، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے احکمات کی روشنی میں محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے عوام کے لئے منصوبے بنائے جا رہے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی عوام کو سہولیات کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے، پیپلز پارٹی نعروں پر نہیں عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے، اورنج لائن اور گرین لائن کے انضمام سے عوام کے لئے سفری آسانیوں میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ خودکار کرائے کی ادائیگی والے کارڈ بننا شروع ہو چکے ہیں، یہ سسٹم ایک ماہ کے اندر مکمل طور پر فعال ہو جائے گا، ہم چاہتے ہیں کہ عوام کو فوری ریلیف ملے اور کسی قسم کی پریشانی کا سامنا کرنا نہ پڑے۔ ایک سوال کے جواب میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پیڑول کی قیمتوں میں کمی خوش آئند بات ہے اور اس سے عوام کو ریلیف ملے گا، لیکن جب پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا تب بھی ہم نے پیپلز بس سروس کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا تھا، سندھ حکومت پیپلز بس سروس کے کرایوں کو ہر حال میں برقرار رکھے گی۔

ایک سوال کے جواب میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کل کے پی حکومت کی جانب سے جو حرکت کی گئی ایسی حرکت چھوٹی سوچ والے افراد ہی کر سکتے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے کارکنان کو تحمل اور برداشت نہیں سکھایا اور خود بھی ایک آمر کی طرح ہی ہیں، کے پی کے وزیر اعلی نے گورنر کے پی کے رہائشگاہ کو بند کرکے چھوٹی سوچ کا مظاہرہ کیا ہے، عمران خان نے اپنے کارکنان کو ہمیشہ انتشار، الزام، جھوٹ، پروپیگنڈہ، بدتمیزی اور تقسیم کی سیاست سکھائی ہے، جو کام عمران خان نے کئے ہیں وہ ایک دن ان کے ہی گلے پڑ جائیں گے۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ، بانی پی ٹی آئی انٹرنیشنل ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، پی ٹی آئی کے بانی اپنی لانچنگ سے آج تک عوام کی آنکھ میں دھول جھونکتے آئے ہیں، کوئی ماسٹر پلان ہے جس کے تحت بانی پی ٹی آئی کو چلایا جا رہا ہے، یہ ایک مضحکہ خیز اور غور طلب بات ہے کہ معصوم اور نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی کرنے والا اسرائیل عمران خان کی گرفتاری پر کہتا ہے کہ پاکستان میں انسانی حقوق کی پامالی ہو رہی ہے، اس سے واضح ہوتا ہے کہ عمران خان کے پیچھے کون ہے، عمران خان نے پرویز مشرف جیسے ڈکٹیٹر کو ریفرنڈم میں ووٹ کروایا، لاہور میں عمران خان کا جو جلسہ ہوا تھا ملک کا بچہ بچہ جانتا ہے کہ اس میں شرکت کے لئے لوگ کہاں سے لائے گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ میں حساب مانگتا ہوں، ہمارے عظیم لیڈر ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل ہوا مجھے اس کا حساب کون دے گا میں حساب مانگتا ہوں کہ کیوں ہمارے لیڈر صدر آصف علی زرداری کو بغیر کسی جرم کے 14 سال قید و بند میں رکھا گیا۔ وہ کون لوگ تھے جو ہمارے عظیم قائد ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل میں شریک تھے، جب عدالت نے کہا کہ بھٹو کو فیئر ٹرائل نہیں ملا تو ان عناصر کو کیا سزا دی گئی جو فیئر ٹرائل میں رکاوٹ تھے۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر کی نگرانی میں پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے، جن جن لوگوں کے ساتھ زیادتیاں ہوئی ہیں، ان کے ساتھ انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں، افتخار چودھری، ثاقب نثار نے ججز کی حیثیت سے جو غلط کام کئے ان کا حساب لیا جائے، افتخار چوہدری نے کرسی کا ناجائز فائدہ اٹھایا، سزا کے پیسے ڈیم فنڈ میں جمع کرانے جیسے فیصلے ثاقب نثار جیسے ججز نے دیئے۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عدلیہ کی آزادی کے لئے پیپلز پارٹی سیسہ پلائی کی دیوار بن کر کھڑی رہی ہے اور کھڑی رہے گی، ثاقب نثار نے منصف کا لبادہ اوڑھ کر غلط کام کئے، ان کا ہر ایک کام غیر اخلاقی، غیر قانونی اور غیر آئینی تھا۔ انہوں نے کہا کہ دبئی لیکس کی معلومات جس ویب سائیٹ نے جاری کی وہ کوئی مصدقہ اور معتبر ویب سائیٹ نہیں ہے، میرے متعلق معلومات الیکشن کمیشن میں جمع گوشواروں سے نکال کر اس میں شامل کیا گیا ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کل بھی کہا ہے کہ نومئی کے واقعے میں ملوث عناصر معافی مانگیں، ریاست کے خلاف سازش کرنے والوں کو معاف کیسے کیا جاسکتا ہی ہم انڈر ٹرائل تھے تو ہمیں چار چار ماہ پیشی کی تاریخ ملتی تھی، آج بھی لاڈلے کو روز روز ضمانتیں مل رہی ہیں، یہ ملک لاڈلہ ازم کی بنیاد پر نہیں چل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ امن امان کی مکمل بحالی اور منشیات کے خاتمے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے، متعدد منشیات فروشوں گروہوں کو پکڑا گیا ہے، سندھ حکومت منشیات کا نام و نشان مٹا دے گی۔ انہوں نے کہا کہ سارے وزرائے اعلی میں سندھ کے وزیرِ اعلی سید مراد علی شاہ ایک بہت ہی قابل وزیر اعلی ہیں، ان کی کارکردگی قابلِ فخر ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات