ملک کو آئی پی پیز کے عوام اور صنعت دشمن غیر حقیقی معاہدوں سے نجات دلانے کیلئے آخری حد تک جائیں گے، گورنرپنجاب

جمعہ 2 اگست 2024 20:35

ملک کو آئی پی پیز کے عوام اور صنعت دشمن غیر حقیقی معاہدوں سے نجات دلانے ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اگست2024ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خاں نے کہاسہے کہ ملک کو آئی پی پیز کے عوام اور صنعت دشمن غیر حقیقی معاہدوں سے نجات دلانے کیلئے آخری حد تک جائیں گے، آئی پی پیز حرف آخر نہیں ان میں وقت ، حالات اور ضروریات کے مطابق تبدیلی ہو سکتی ہے اور وہ اس سلسلہ میں اپنی سفارشات کے ساتھ صنعتکاروں کے مسائل وفاق تک پہنچائیں گے ۔

چین پاکستان اقتصادی راہداری کو علاقائی ترقی کی سمت اہم پیشرفت ہے آج ہر کوئی سی پیک کا کریڈٹ لے رہا ہے۔ پرویز مشرف نے گوادر پورٹ ڈیڑھ سو سال کیلئے لکھ کر دے دی تھی مگر آصف علی زرداری نے اس معاہدے کو ختم کیا اور چین کو لیکر آئے ۔ آن لائن کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

گورنر نے بجلی کے بحران کے حوالے سے کہاکہ صدر آصف علی زرداری نے 2013ء میں شمسی توانائی کے فروغ کیلئے عملی اور کلیدی اقدامات اٹھائے تھے یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اپنے گھر اور ڈیرے پر سولر لگوائے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مہنگی روایتی بجلی کی بجائے قابل تجدید ، سستی اور آلودگی سے پاک شمسی توانائی کو فروغ دینا ہو گا۔ گیس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے ایران سے گیس کی خریداری کا معاہدہ کیا تھا اگر اس پر عمل ہو جاتا تو اس سے گیس کے تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ گورنر پنجاب کو ملنے والے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے وفد میں نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی، ایگزیکٹو ممبر رانا عامر رضا اور سید شفیق حسین شاہ بھی موجود تھے۔