ایران بس حادثے میں جاں بحق زائرین کی میتیں پاکستان واپس پہنچا دی گئیں

حادثے میں زخمی ہونے والے 16 پاکستانی زائرین کو بھی اسی خصوصی طیارے کے ذریعے واپس لایا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 24 اگست 2024 10:20

ایران بس حادثے میں جاں بحق زائرین کی میتیں پاکستان واپس پہنچا دی گئیں
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اگست 2024ء ) ایران کے شہر یزد میں بس حادثہ میں جاں بحق ہونے والے 28 پاکستانی زائرین کی میتیں خصوصی طیارے کے ذریعے جیکب آباد پہنچا دی گئیں۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ اور دفتر خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل لیزان آفس کراچی عرفان سومرو نے میتیں وصول کیں، ایران میں 20 اگست کو ہونے والے اس بس حادثہ میں زخمی ہونے والے 16 پاکستانی زائرین کو بھی اسی خصوصی طیارے کے ذریعے واپس لایا گیا ہے، وطن واپسی سے قبل یزد ائیرپورٹ پر گورنرمہران فاطمی اور امام جمعہ نے میتوں کو روانہ کیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم ایرانی حکام کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے پاکستانی زائرین کے حادثہ متاثرین کو ریسکیو کیا اور ان کی وطن واپسی میں مکمل معاونت کی، ہم حادثے میں جاں بحق افراد کے لئے دعائے مغفرت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ ایران کے شہر یزد میں پیش آیا جہاں بس کے بریک فیل ہونے کی وجہ سے زائرین کی بس دہشیر تفتان چیک پوائنٹ کے سامنے الٹ گئی جس کے بعد بس میں آگ لگ گئی، حادثے کا شکار بس میں 53 زائرین سوار تھے، حادثے کے فوری بعد امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں اور لاشوں کو بس سے نکال کر مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا، حادثے کے بعد یزد کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

بتایا گیا کہ صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ سے 110 زائرین کا قافلہ 2 بسوں میں ایران روانہ ہوا تھا، قافلے کی ایک بس گوادر ایران سرحدی علاقے رمدان میں موجود ہے، جو ایرانی شہر یزد میں حادثے کا شکار ہونے والی بس سے پیچھے رہ گئی تھی، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے ایران جانے والی پاکستانی زائرین کی بس کے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے حادثے میں شہید ہونے والے زائرین کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا، گورنر پنجاب نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی، سردار سلیم حیدر کا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں تمام تر ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔