بابائے جمہوریت نوابزادہ نصر اللہ خان کی 21ویں برسی (کل ) منائی جائے گی

بدھ 25 ستمبر 2024 17:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2024ء) پاکستان کے مایہ ناز سیاستدان ، بابائے جمہوریت نوابزادہ نصر اللہ خان کی 21ویں برسی کل ( جمعرات) کے روز منائی جائے گی ۔نوابزادہ نصر اللہ خان 13 نومبر 1916کو مظفرگڑھ کے قصبے خان گڑھ میں پیدا ہوئے۔ انہوںنے مجلس احرار اسلام کے پلیٹ فارم سے سیاست شروع کی اورقیام پاکستان سے قبل اس کے سیکرٹری جنرل بن گئے۔

1950 میں مسلم لیگ کے ٹکٹ پر پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے، بعدازاں اختلافات کی بنا پر مسلم لیگ سے استعفیٰ دے دیا اور حسین شہید سہروردی کے ساتھ مل کر عوامی لیگ قائم کی، نوابزادہ نصر اللہ خان 1962میں قومی اسمبلی کے ممبر منتخب ہوئے اور انہوں نے 1962میں ہی حزب اختلاف کا اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک فرنٹ تشکیل دے دیا، 1964میں متحدہ حزب اختلاف کے نام سے ایک تیسرا بڑا سیاسی اتحاد معرض وجود میں آیا۔

(جاری ہے)

نوابزادہ نصراللہ خان نے محترمہ فاطمہ جناح سے ایوب خان کے مقابلے میں صدارتی انتخاب لڑنے کی درخواست کی، پہلے انہوں نے انکار کیا مگر بعد ازاں انہوں نے آمادگی ظاہر کر دی، نوابزادہ نصراللہ خان نے فاطمہ جناح کی صدارتی انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لیا۔نوابزادہ نصرا اللہ خان نے ایوب خان کے خلاف 1967 میں حزب اختلاف کی جماعتوں پر مشتمل اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ تشکیل دیا، انہوں نے ایوب خان، ذوالفقار علی بھٹو، جنرل ضیا ء الحق، بینظیر بھٹو، میاں نواز شریف اور جنرل پرویز مشرف کے خلاف حزب اختلاف کا کردار ادا کیا، نوابزادہ نصراللہ خان کو اپنی سیاسی زندگی میں متعدد بار قید و بند کی صعوبتیں بھی برداشت کرنا پڑیں، کئی مرتبہ جیلوں میں گئے اور متعدد بار نظر بند رہے۔

نوابزادہ نصر اللہ خان نے 1988اور 1993کے صدارتی انتخابات میں بھی حصہ لیا، انہوں نے اپنی زندگی میں کم و بیش 18 سیاسی اتحاد بنائے، جن میں پاکستان قومی اتحاد، ایم آر ڈی، این ڈی اے، اے آر ڈی، اے پی سی اور دیگر سیاسی اتحاد شامل ہیں، جنرل پرویز مشرف کے دور حکومت میں انہوں نے اے آر ڈی کے نام سے ایک ایسا پلیٹ فارم بنایا جس میں بینظیر بھٹو کی پیپلز پارٹی اور میاں نواز شریف کی مسلم لیگ (ن)کو ایک فورم پر جمع کیا۔نوابزادہ نصرا للہ خان 26 اور 27 ستمبر 2003کی درمیانی شب خالقِ حقیقی سے جا ملے، انہیں ان کے آبائی قبرستان خان گڑھ میں سپرد خاک کیا گیا ۔