ملکی سالمیت، ترقی، استحکام و بقاء کے لئے مِنی ’’آل پارٹیز کانفرنس‘‘ بلا لی گئی

بدھ 25 ستمبر 2024 23:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 ستمبر2024ء) ملکی سالمیت، ترقی، استحکام و بقاء کے لئے مِنی ’’آل پارٹیز کانفرنس‘‘ بلا لی گئی۔ پاکستان جمہوری پارٹی کے صدر امتیاز رشید قریشی کا احسن اقدام، لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن میں تمام سیاسی جماعتوں کے رفقاء کار کو تقریب میں مدعو کرنے کے لیے دعوت نامے بجھوا دیئے گئے۔ بابائے جمہوریت نواب زادہ نصراللہ خان کی 21ویں برسی کے موقع پر ان سمیت ائیر مارشل ریٹائر اصغر خان، بانی ممبر پی ڈی پی و چیئر مین عدلیہ بچائو کمیٹی عبدالرشیدقریشی، سابق وزیراعظم پاکستان ملک معراج خالد، بابائے سوشلزم و سابق وفاقی وزیر شیخ رشید، محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ’’یاد رفتگان‘‘ تقریب کا انعقاد صبح گیارہ بجے لاہور ہائی کورٹ بار کے کراچی ہال میں آج منعقد کی جا رہی ہے جس میں استقلال پارٹی کے چیئرمین سید منظور علی گیلانی، جماعت اسلامی، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن، پاکستان تحریک انصاف، شعیہ پولیٹکل پارٹی، پاکستان بچائو پارٹی، جمعیت علماء اسلام (ف) گروپ خاکسار تحریک، جے یو پی نورانی گروپ، اے این پی کے رہنما، وکلاء رہنمائوں احسن بھون، حامد خان، سپریم کورٹ بار کے سابق سیکرٹری راجہ ذوالقرنین ایڈووکیٹ،احسان وائیں سیکرٹری جنرل اے این پی تقریب میں شرکت کریں گے جبکہ شرکاء مرحومین رہنمائوں کی پاکستان کے لئے خدمات پر روشنی ڈالیں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان جمہوری پارٹی کے سربراہ امتیاز رشید قریشی اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ یہ تقریب نواب زادہ نصراللہ خان کی 21ویں برسی کے موقع پر منعقد کی جارہی ہے جبکہ دیگر رہنمائوں نے پاکستان کے استحکام کے لیے گراں قدر خدمات پیش کی ہیں جنہیں کبھی بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔