Live Updates

تحریک انصاف کا 15 اکتوبر کو اسلام آباد ڈی چوک پر احتجاج کا اعلان

شرپسند عناصر کو شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں رخنہ ڈالنے کا موقع نہیں ملے گا ہم مہمانوں کا استقبال کرنے کے لیے تیار ہیں .عطاتارڑ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 12 اکتوبر 2024 11:12

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔12 اکتوبر ۔2024 ) پاکستان تحریک انصاف نے سابق وزیراعظم عمران خان کے حق میں 15 اکتوبر کو اسلام آباد کے ڈی چوک پر احتجاج کا اعلان کیا ہے دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں ایس سی او کے اجلاس کے دورا ن شرپسند عناصر کو رخنہ ڈالنے کا موقع نہیں ملے گا.

تحریک انصاف کی طرف سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق تحریک انصاف کی پولیٹکل کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کے اگر عمران خان تک فوری رسائی نہیں دی جاتی تو اسلام آباد میں 15 اکتوبر کو پورا پاکستان پہنچے گا پنجاب میں جاری تمام احتجاج موخر کیے جاتے ہیں کارکنان اسلام آباد کی تیاری کریں.

(جاری ہے)

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا سربراہی اجلاس خوش اسلوبی سے ہوگا اور اس دوران شرپسند عناصر کو رخنہ ڈالنے کا موقع نہیں ملے گا ہم مہمانوں کا استقبال کرنے کے لیے تیار ہیں انہوں نے کہا کہ ایس سی او میں شامل 12 ملکوں کے سربراہان آرہے ہیں پاکستان کی عزت و تکریم میں بین الاقوامی سطح پر اضافہ ہوگا اور ایس سی او سربراہ اجلاس کی میزبانی پاکستان کے لیے اعزاز ہے.

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سازشی ذہنیت والوں کو گھر بیٹھ کرسکون کرنا چاہیے سکیورٹی انتظامات مکمل ہیں، فوج، رینجرز اور پولیس تعینات ہے ادھر وزیر دفاع خواجہ آصف نے تحریک انصاف کے احتجاج کی کال کو پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کڑی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ایس سی او اجلاس کے دوران ہم ملک کو یرغمال بننے نہیں دیں گے ایس سی او اجلاس کی سکیورٹی کے لیے اسلام آباد میں 17 اکتوبر تک فوج تعینات کی گئی ہے .

قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف سیاسی کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں 15 اکتوبر کو ڈی چوک اسلام آباد میں احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا گیا تحریک انصاف نے 15 اکتوبر کو ڈی چوک کے پرامن احتجاج کی تیاریوں کے پیشِ نظر پنجاب کے اضلاع میں احتجاج کی منسوخی کا اعلان بھی کردیا تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے مطابق اڈیالہ جیل راولپنڈی میں قید بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو بطورخاص ظلم کے نئے سلسلے کا نشانہ بنایا جارہا ہے.

بیان میں کہا گیا کہ عمران خان کی زندگی، صحت اور سلامتی کو جان بوجھ کر سنگین خطرات سے دوچار کرنے کے لیے ان کے تمام بنیادی و انسانی حقوق سلب کرلے گئے دوسری جانب پی ٹی آئی کے سینئر راہنما شیخ وقاص اکرم نے بھی فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف15 اکتوبر کو ڈی چوک اسلام آباد میں احتجاج کرے گی نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور بھی پارٹی کے احتجاج میں حصہ لیں گے.

مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے معاملے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ انہیں پی ٹی آئی کی جانب سے 15 اکتوبر کو اسلام آباد کے احتجاج کے اعلان سے کوئی حیرت نہیں ہوئی ان کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ ملک کے چہرے پر کالک ملنے کا کام کیا ہے .
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات