پاکستان خودمختارجمہوری ملک ،سیاست کی آڑ میں ریاست ،پاکستانیت کیخلاف کسی قسم کاراست اقدام ہر گزبرداشت نہیں کیاجاسکتا،ملک سجاد

جس کسی نے ریاست کی رٹ چیلنج کی وہ قانون کی گرفت میں ہوگا،مٹھی بھر شخصیت پرست گمراہ عناصر کو ریاست کے قومی مفادات بلڈوز کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی،مسلم لیگی رہنما ء

اتوار 8 دسمبر 2024 17:30

ْ اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2024ء)پاکستان مسلم لیگ(ن) اسلام آباد کے سنیئر رہنما وسابق یوسی چیئرمین ملک سجاد نے اپنے جاری بیان میں کہاہے کہ پاکستان کی معیشت کو بحال اور فعال کرنے میں وزیراعظم شہبازشریف اور اُن کی ٹیم کی انتھک محنت اور کاوشوںکے ساتھ ساتھ افواج پاکستان کے پروفیشنل سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے بھی جس طرح اپنا انتہائی کلیدی اور قائدانہ کردار ادا کیا اس کی ثمرا ت سے کوئی انکار نہیںکرسکتا،پاکستان کا کوئی ریاستی ادارہ ریاست کی سالمیت پر سمجھوتہ نہیں کرتا، منفی پروپیگنڈے کی بنیاد پر نوجوانوں کو گمراہ اور مشتعل کرنا ملک دشمنی کے سوا کچھ نہیں۔

انہوں نے کہاکہ افواج پاکستان نے ہر دور میں اندرونی و بیرونی ملک دشمن قوتوں کا ناطقہ بند کیا، خوارج کو پاکستان میں دندنانے کی اجازت دینا خارج ازامکان ہے،سیاست کی آڑ میں ریاست اور پاکستانیت کیخلاف کسی قسم کاراست اقدام ہر گزبرداشت نہیں کیاجاسکتا،جس کسی نے ریاست کی رٹ چیلنج کی وہ قانون کی گرفت میں ہوگا،مٹھی بھر شخصیت پرست گمراہ عناصر کو ریاست کے قومی مفادات بلڈوز کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

(جاری ہے)

مسلم لیگی رہنما ملک سجاد نے مزید کہاکہ قائد نوازشریف کو قوم نے تین مرتبہ وزیراعظم بنایا مگر ہر بار ان کی وزارت عظمیٰ کی مدت پوری نہ ہونے دی گئی انہیں جھوٹے مقدمات میں قیدوبند کی صعوبتوں کا شکار کیاگیا اور سیاسی عمل سے دوررکھنے کی خاطر ان پر تاحیات پابندی عائد کی گئی مگر انہوں نے ہمت نہیں ہاری او ر قانون کا را ستہ اختیار کیا ایک ایک کرکے تمام جھوٹے مقدمات میں سرخرو ہوئے مگر پی ٹی آئی نے اپنے لیڈر کی گرفتار ی پر ملک کو آگ میں جھونکنے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی لانگ مارچ اور اسلام آباد احتجاج کی شکل میں ملک میں انتشار برپا کرکے عوا م اور اداروں کو آمنے سامنے لانے کی سازش میں ناکامی کے بعد اپنی سیاسی ساکھ کی بحالی کیلئے سہارے تلاش کررہی ہے،اپنے غیرملکی آقائوں سے مددمانگی جا رہی ہے اور مختلف ممالک کی اسمبلیوں میں اپنے حق میں قراردادیں منظور کروانے کیلئے لابنگ فرموں کو اربوں روپے اداکئے جا رہے ہیں ،ملکی قوانین کو پس پشت ڈال کر حاصل کی گئی ممنوعہ فارن فنڈنگ کو بین الاقوامی سطح پرملکی وقار کو نقصان پہنچانے کی خاطر بے دریغ استعمال کیاجا رہاہے،اپنی حکومت کے خاتمے کا ذمہ دار امریکہ کو قرار دینے والے پی ٹی آئی کے حواری بانی پی ٹی آ ئی کی رہائی کیلئے نئے امریکی صدر کی منت سماجت کررہے ہیں، پی ٹی آئی کی قیادت کا دوہرا کردار اور دوغلی پالیسی قوم سے ڈھکی چھپی نہیں،پاکستان خودمختار جمہوری ملک ہے،موجودہ حکومت کسی اندرونی و بیرونی سازش کوکامیاب نہیں ہونے دیے گی اورملک دشمن ایجنڈ اچلانے والوں کا کڑامحاسبہ کیاجائے گا۔