جماعت اسلامی کی مہنگی بجلی، آئی پی پیز مافیا اور تنخواہ دار طبقے پر ناجائز ٹیکسز کیخلاف ملک بھر میں مظاہرے ،ریلیاں

بجلی سستی کرنے ،آئی پی پیز معاہدوں کے خاتمہ سے قومی خزانے کو پہنچنے والے فائدے کو عوام کو ریلیف دینے کیلئے استعمال کرنے کا مطالبات حکومت نے مہنگائی کم کرنے کے دعوے سراسر جھوٹ پر مبنی ہیں، غریب پس گیا ہے، حکومت فوری طور پر بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں کمی کرے، تنخواہ داروں پر ناجائز ٹیکسز ختم کیے جائیں، جاگیرداروں پر ٹیکس عائد اور چھوٹے کسانوں کو سبسڈی دی جائے‘قائدین

جمعہ 31 جنوری 2025 20:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جنوری2025ء)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر مہنگی بجلی، آئی پی پیز مافیا اور تنخواہ دار طبقے پر ناجائز ٹیکسز کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ اسلام آباد، لاہور، کراچی ، پشاور، کوئٹہ، راولپنڈی اور دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں ہونے والے مظاہروں میں عوام کی بڑی تعداد نے کتبے اور بینرز اٹھا کر شرکت کی۔

جماعت اسلامی کے مرکزی، صو بائی اور ضلعی رہنمائوں نے مظاہروں کی قیادت کی اور شرکا سے خطاب کیے۔ بینروں اورکتبوں پر مہنگائی کے خلاف نعرے درج تھے۔ قائدین نے بجلی سستی کرنے اور آئی پی پیز معاہدوں کے خاتمہ کے نتیجے میں قومی خزانے کو پہنچنے والے فائدے کو عوام کو ریلیف دینے کے لیے استعمال کرنے کے مطالبات کیے۔

(جاری ہے)

انھوںنے کہا کہ حکومت نے مہنگائی کم کرنے کے دعوے سراسر جھوٹ پر مبنی ہیں، غریب پس گیا ہے، حکومت فوری طور پر بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں کمی کرے، تنخواہ داروں پر ناجائز ٹیکسز ختم کیے جائیں، جاگیرداروں پر ٹیکس عائد اور چھوٹے کسانوں کو سبسڈی دی جائے۔

انھوں نے کہا کہ امیر جماعت نے احتجاجی تحریک کو ری لانچ کر دیا ہے، پرامن مزاحمت جاری رہے گی اور عوام کو ان کا حق دلائیں گے، آنے والے دنوں میں تحریک مزید تیز ہو گی۔مزیدبرآں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن ہفتہ (کل) کو منصورہ میں پریس کانفرنس کے دوران احتجاجی تحریک کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف مقامات پر مظاہرے کیے گئے، جی نائن میں ہونے والے مظاہرے سے نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم اور امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے خطاب کیا، لاہور پریس کلب کے سامنے ہونے والے مظاہرے سے امیر لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ نے خطاب کیا، مردان میں امیر کے پی وسطی عبدالواسع نے مظاہرہ کی قیادت کی، امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے ٹنڈوالہ یار، امیر کے پی شمالی عنایت اللہ خان اور امیر ضلع مولانا اسد اللہ نے دیرپائن میں مظاہروں سے خطاب کیا، گجرات میں اسلامک سنٹر سے گیپکو تک نکالی جانے والی احتجاجی ریلی کی قیادت امیر صوبہ پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم، نائب امیر پنجاب شمالی ڈاکٹر خالد محمود، قائم مقام امیر ضلع میاں شبیر احمد خاورنے کی۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں نائب امیر صوبہ مولانا سلیم اللہ ارشد، امیر ضلع منظر مسعود خٹک، حافظ آباد میں صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل رانا تحفہ دستگیر، امیر ضلع ملک شوکت علی بھلروان، سرائے نورنگ میں صوبائی سیکرٹری جنرل محمد ظہور خٹک، امیر ضلع مفتی عرفان اللہ نے احتجاجی مظاہروں کی قیادت کی اور خطاب کیا۔ امیر جماعت کی ہدایت پر واپڈا ہائوس پشاور کے سامنے ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے امیر ضلع بحراللہ خان نے خطاب کیا۔

بدین پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ سے امیر ضلع سید علی مردان شاہ، کندھکوٹ پریس کلب کے سامنے امیر ضلع غلام مصطفی میرانی نے خطاب کیا۔ جیکب آباد میں مقامی دفتر سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس سے امیر شہر حاجی دیدار علی لاشاری نے خطاب کیا۔ بونیر میں امیر ضلع انجینئر ناصر علی،اوکاڑہ میں امیر ضلع رضوان احمد، شمالی وزیرستان کے صدر مقام میران شاہ میں امیر ضلع طارق شاہ، چارسدہ میں امیر ضلع شاہ حسین ایڈووکیٹ، ننکانہ میں ضلعی سیکرٹری جنرل ہمایوں محمود، تاندلیاوالہ میں امیر ضلع فیصل آباد غربی سردار عثمان علی ایڈووکیٹ، نوشہرہ میں امیر ضلع حاجی عنایت الرحمن، لاڑکانہ میں امیر ضلع نادر علی کھوسہ ایڈووکیٹ، جامشورو میں امیر ضلع مولانا محمد عمر، چترال میں امیر چترال مولانا جمشید احمد، سوات میں امیر ضلع حمید الحق، اپردیر میں امیر ضلع فصیح اللہ، نارووال میں قائم مقام امیر ضلع محمد صادق تتلہ، سیالکوٹ میں امیر ضلع چودھری امتیاز احمد نے مظاہروں کی قیادت کی۔

میلسی، بہاولنگر، وہاڑی، بہاولپور، صادق آباد، جہانیاں، خانیوال، شانگلہ، ملتان ،مظفرگڑھ، ہری پور اور دیگر شہروں میں بھی مہنگی بجلی اور مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔