2025ترقی کا سال ، مہنگائی مزید کم ہوگی، پاکستان کی معیشت کا دنیا کی بہترین معیشتوں میں شمار ہوگا‘ عطا تارڑ

وزیر اعظم شہباز شریف نے معیشت پر توجہ دی اور ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے سے واپس لے آئے ہیں،ملک ترقی کی منازل طے کر رہا ہے ملک پر ایک نحوست کا سایہ تھا، یہ سایہ پنکی ،گوگی اور کپتان کا تھا جو پاکستان کو لوٹ کے کھاگئے ، ملک پر نحوست کا سایہ چھٹ گیا ہے‘ وفاقی وزیر

اتوار 2 فروری 2025 19:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2025ء)وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ 2025ترقی کا سال ہے، مہنگائی مزید کم ہوگی، پاکستان کی معیشت کا دنیا کی بہترین معیشتوں میں شمار ہوگا، اڑان پاکستان منصوبہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا منصوبہ ہے، وزیراعظم شہباز شریف شفافیت کے نئے ریکارڈ قائم کر رہے ہیں، تحریک انصاف کے دور میں ترقی کا ایک منصوبہ نہیں لگا، ان کے دور میں صرف لوٹ مار کی گئی، آج یہ اپنے کئے کی سزا بھگت رہے ہیں،وزیر اعظم شہباز شریف نے معیشت پر توجہ دی اور ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے سے واپس لے آئے ہیں، اس ملک پر ایک نحوست کا سایہ تھا، یہ سایہ پنکی ،گوگی اور کپتان کا تھا جو پاکستان کو لوٹ کے کھاگئے ، ملک پر نحوست کا سایہ چھٹ گیا ہے، ساراٹولہ رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، ہم کہتے تھے ان کے ہاتھ کرپشن میں رنگے ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

حلقہ این اے 127 کی یونین کونسل 232 میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)تعمیر و ترقی کی سیاست کرتی ہے، جہاں ملکی حالات بہتر ہو رہے ہیں وہاں معیشت بہتر ہو رہی ہے، مہنگائی میں کمی آرہی ہے، شرح سود نیچے جا رہی ہے، عالمی ممالک پاکستان کی معیشت کی تعریف کر رہے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، مسلم لیگ (ن)نے ملک کو مشکل ترین حالات سے نکالا، آج ملک ترقی کی منازل طے کر رہا ہے، معیشت کے حوالے سے دن بدن اچھی خبریں آرہی ہے۔

ملکی برآمدات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر نحوست کا سایہ چھٹ گیا ہے، پی ٹی آئی دور حکومت میں لوٹ مار کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ190 ملین پائونڈ کیس ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکہ ہے، 190ملین پائونڈ کیس کے فیصلے پر پی ٹی آئی پروپیگنڈا کر رہی ہے۔ آج جب ان کو اس کیس میں سزا ہوئی ہے تو چوری چھپانے کے لئے مذہب کارڈ کا استعمال کیا جا رہا ہے، کہا جا رہا ہے کہ ہمیں سیرت پر چلنے کی سزا دی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ پورا ٹولہ رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے، ان کے پاس 190 ملین پائونڈ کا کوئی جواب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ توشہ خانہ سے گھڑیاں چوری کر رہے تھے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے توشہ خانہ کے قواعد و ضوابط بنائے، وزیراعظم شہباز شریف شفافیت کے نئے معیار قائم کر رہے ہیں، آج کے بعد توشہ خانہ سے کوئی بھی 300 ڈالر سے زائد کی چیز نہ لے سکے گا نہ رکھ سکے گا، اگر لینی ہوگی تو پوری قیمت ادا کرنا ہوگی۔

عطااللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی دور حکومت میں کوئی ایک منصوبہ نہیں لگا، ہمیشہ مسلم لیگ (ن)کے دور میں ہی تعمیر و ترقی ہوئی، جو وعدے کئے تھے آج پورے کر رہے ہیں، پی ٹی آئی والے پیسے کمانے میں لگے ہوئے تھے، انہیں عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں تھا، یہ کیش اکٹھی کر رہے تھے، ڈیلیں کر رہے تھے، ہیرے کی انگوٹھیاں لے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس حلقے کو مثالی بنانے کا وعدہ کیا تھا، پہلے دس ماہ میں لوگوں کے مسائل حل ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

حلقے میں سوئی گیس، قبرستان کی سڑک کی تعمیر دنوں میں مکمل ہوگی، ٹان شپ کا علاقہ مثالی بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2025ترقی کا سال ہے، ملک میں مہنگائی کی شرح کم ہو رہی ہے، اڑان پاکستان پروگرام پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا منصوبہ ہے، پاکستان کی معیشت کا دنیا کی بہترین معیشتوں میں شمار ہوگا، سٹاک مارکیٹ کے ریکارڈ ٹوٹ رہے ہیں، یہ تبھی ہوتا ہے جب تاجر خوشحال ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حلقے کے عوام کی خوشی اور غم میں برابر کے شریک رہیں گے، اس حلقے کی فلاح و بہبود کے لئے جو کرنا پڑا کریں گے۔ وفاقی وزیر عطااللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے دور میں جھوٹ کا بازار گرم کئے رکھا، علاقے کی ترقی کے لئے انہیں فرصت نہیں تھی، وہ لوٹ مار کرتے رہے، اپنی جیبیں گرم کیں، عوامی پیسے کا ذاتی استعمال کیا جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

یہ وہ لوگ ہیں جو شہداء کی بے حرمتی کرتے ہیں، ان کے سیاسی مقاصد پاکستان کے خلاف ہیں، ہم شہداکی تعظیم و تکریم کرنے والے لوگ ہیں۔ پاکستان ہے تو سیاست ہے، ہم پاکستان کو مضبوط کریں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف معیشت کو مضبوط کر رہے ہیں، مریم نواز پنجاب کی خدمت کر رہی ہیں، ہم اس وژن اور مشن کو آگے لے کر چلیںگے۔