یوم یکجہتی ٴ کشمیر : ایوان قائداعظم اور ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں خصوصی تقاریب کا انعقاد

بدھ 5 فروری 2025 23:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 فروری2025ء)کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں۔ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ضروری ہے کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دیا جائے تاکہ وہ اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کر سکیں۔ قائداعظمؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا‘ یہ شہ رگ آزاد کروانے کیلئے ہمیں قومی یکجہتی اور سیاسی استحکام کی ضرورت ہے۔

کشمیری مسلمانوں کو بندوق کے زور پر زیادہ دیر تک غلام بنا کر نہیں رکھا جاسکتا اور بہت جلد وہاں آزادی کا سورج طلوع ہو کررہے گا۔ مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے ‘ کشمیر کے پاکستان سے الحاق کے بغیر پاکستان ادھورا ہے۔ کشمیریوں کا جذبہٴ حریت دیکھ کر کامل یقین ہے کہ کشمیر بہت جلد آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔

(جاری ہے)

کشمیری عوام کی استقامت ، جرأت اور قربانیوں پر انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار مقررین نے ’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ کے موقع پر ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں منعقدہ خصوصی نشست کے دوران کیا ۔ نشست کا اہتمام ادارہٴ نظریہٴ پاکستان نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا ۔ پروگرام کے آغاز پر تلاوت کلام پاک کی سعادت عبدالاحد نے حاصل کی جبکہ بارگاہِ رسالت مآبؐ میں ہدیہٴ نعت حافظ مرغوب احمد ہمدانی نے پیش کیا۔

نظامت کے فرائض محمد سیف اللہ چوہدری نے انجام دیئے۔ گولڈمیڈلسٹ کارکن تحریک پاکستان و سینئر وائس چیئرمین ادارہٴ نظریہٴ پاکستان میاں فاروق الطاف نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا آج پاکستان کے طول و عرض سے ’’ کشمیریوں سے رشتہ کیا۔ لا الٰہ الا اللہ‘‘ کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں۔بانئ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا اور اس پر بھارت نے غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے۔

آج کے دن ہم حریت پسند کشمیریوں کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ بھارتی تسلط سے نجات حاصل کرنے کیلئے جاری جدوجہد میں وہ تنہا نہیں بلکہ ہم بھی ان کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر ہمارا ہے اور ہم سب ایک ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر کو بھارت سے آزاد کروانے کیلئے ہمیں وطن عزیز کی تعمیر وترقی میں بھرپور حصہ اور اپنے کردار کو مضبوط بنانا ہو گا۔ ممتاز صحافی و دانشور مجیب الرحمن شامی نے کہا کہ دنیا کا کوئی ملک کشمیر کو بھارت کا حصہ ماننے کو تیار نہیں بلکہ دنیا اسے ایک ایسا متنازعہ علاقہ سمجھتی ہے جس کا فیصلہ ابھی ہونا ہے۔

اقوام متحدہ میں دنیا کی پانچ بڑی طاقتوں کے پاس ویٹو کا اختیار ہے۔ سوویت یونین نے کئی بار مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پیش کی گئی قرارداد کو ویٹو کر دیا اور ایک بڑی وجہ ہے کہ یہ مسئلہ تاحال حل طلب ہے ۔پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے‘مسئلہ کشمیر پر کوئی سیاسی اختلاف نہیں اور تمام سیاسی جماعتیں کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی ہیں۔

مجھے امید ہے کہ حالات بدلیں گے اور کشمیر جلد پاکستان کا حصہ بنے گا۔ سینئر صحافی و تجزیہ کار سلمان غنی نے کہا کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے ۔ ہر سال 5فروری کو کراچی سے لیکر خیبر تک پاکستانی قوم اس عزم کا اظہار کرتی ہے کہ ہم جدوجہد آزادی کشمیر کی حمایت جاری رکھیں گے اور کشمیر بہت جلد پاکستان کا حصہ بنے گا۔ یہ حکومت یا زمین کے حصول کا مسئلہ نہیں بلکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دیا جائے۔

بھارت نے کشمیریوں کو یہ حق دینے کا وعدہ کیا لیکن بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی ہے کہ وہ بزور طاقت اس مسئلہ کو دبارہا ہے۔ مسئلہ کشمیر پر پوری پاکستانی قوم اور سیاسی قیادت یکجا ہے کہ کشمیریوں کو ان کا حق دیا جائے۔ کشمیری رہنما اور صدر نظریہٴ پاکستان فورم آزاد کشمیر مولانا محمد شفیع جوش نے کہا کہ قائداعظمؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا اور شہ رگ کے بغیر کوئی بھی زندہ نہیں رہ سکتا ہے۔

آج کشمیرمظلوم‘مجبور اور اسیر ہے۔ کشمیر کی آبادی کی اکثریت مسلمان ہے۔ ہم تکمیل پاکستان کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ یاد رکھیں قومیں نظریات پر ڈٹی رہیں تو بالآخر کامیابی ان کا مقدر بنتی ہے۔ ممتاز سیاسی و سماجی رہنما بیگم مہناز رفیع نے کہا کشمیر کے بغیر پاکستان نا مکمل ہے ۔ کشمیری مسلمان پاکستان میں شمولیت کیلئے ہر طرح کی قربانیاں دے رہے ہیں ‘ہمیں زبانی جمع خرچ کے بجائے کشمیرکی آزادی کیلئے عملی اقدامات اٹھانا ہوں گے۔

کشمیری رہنما سید نصیب اللہ گردیزی نے کہا کہ کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔ کشمیری مجاہدین نے بھارتی تسلط کیخلاف جنگ کا آغاز کیا تو وہ سرینگر تک پہنچنے والے تھے کہ نہرو اس مسئلہ کو اقوام متحدہ لے گیا اور اس شرط پر جنگ بندی ہو گئی کہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دیا جائے گا۔ کنوینر مادر ملت سنٹر ڈاکٹر پروین خان نے کہا کہ پاکستان کے لفظ میں ک سے کشمیر مراد ہے اور کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔

کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور کشمیر بہت جلد پاکستان کا حصہ بنے گا۔ صدر آل پاکستان سکول مینجمنٹ ایسوسی ایشن کاشف ادیب جاودانی نے کہا یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ہمیں پاکستان کے جھنڈے کے ساتھ کشمیر کا جھنڈا بھی ہر جگہ لہرانا چاہئے۔ کشمیری رہنما ئوں رشید احمد اعوان ‘ راجہ ابرار ‘ شیخ عبدالمتین نے کہا کشمیری نظریہ کی بنیاد پر پاکستان سے وابستہ ہیں ۔

پاکستان اور کشمیری عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ یہ یک جان دو قالب ہیں۔ شہدائے کشمیر کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ سیکرٹری ادارہٴ نظریہٴ پاکستان ناہید عمران گل نے کہا کشمیر مذہبی‘ جغرافیائی‘ تہذیبی‘ ثقافتی لحاظ سے پاکستان کا حصہ ہے‘ وہاں کے عوام کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ بھارتی فوج کے ظلم و ستم کے باوجود کشمیری مسلمانوں کا جذبہٴ حریت روزبروز تقویت حاصل کررہا ہے اور وہاں کے گلی کوچے ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘ ‘کے فلک شگاف نعروں سے گونج رہے ہیں۔

سیکرٹری تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ محمد سیف اللہ چوہدری نے کہا آج کا دن یہ پیغام دے رہا ہے کہ کشمیری اور پاکستانی یک جان دو قالب ہیں اور انہیں کبھی ایک دوسرے سے جدا نہیں کیا جا سکتا ۔ کشمیری عوام کی قربانیاں ایک نہ ایک دن ضرور رنگ لا ئیں گی اور مقبوضہ وادی میں آزادی کا سورج بہت جلد طلوع ہوگا۔ پروگرام کے دوران زبیر بن اسماعیل اور ڈاکٹر اسماء حسن نے شہدائے کشمیر کو منظوم خراج عقیدت پیش کیا۔

قبل ازیں ادارہٴ نظریہ پاکستان کے زیراہتمام مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کشمیر چوک ایوان قائداعظم لاہور میں مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر ماہر تعلیم پروفیسر عابد شیروانی‘ ممبر بورڈ آف گورنرز میاں سلمان فاروق‘اورنگزیب خان‘ رشید اعوان‘ احمد ملک‘ نعیم احمد‘ معاذ اکرام‘ حامد ولید‘ طلباوطالبات‘ اساتذہ کرام‘ ادارہ کے عہدیداران و کارکنان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادموجود تھے۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین ’’ کشمیر بنے گا پاکستان،کشمیریوں سے رشتہ کیا لا الہ الا اللہ، کشمیر کی آزادی تک جنگ رہے گی‘ کے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔