بانی پی ٹی آئی کا آرمی چیف کو خط لکھنے کا مطلب این آر او کیلئے ترلے منتیں کرنا ہے،پاک ایران تعلقات مضبوط ہیں، سپیکرپن جاب اسمبلی

جمعہ 14 فروری 2025 18:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2025ء) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا آرمی چیف کو خط لکھنے کا مطلب این آر او کیلئے ترلے منتیں کرنے کی آخری حد ہے، ماضی میں بھی پی ٹی آ ئی نے ملک کو ڈیفالٹ کر نے کی ناکام کوشش کی،پاک ایران تعلقات بہت مضبوط ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز پنجاب اسمبلی کے احاطہ میںمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے آرمی چیف کو خط لکھا ہے جس میں انکا مطلب این آر او کیلئے ترلے منتیں کرنا ہے اور یہ ان کی جیل سے باہر نکلنے کیلئے آخری حدتک جانے کی کوشش ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ خط انہی خطوط کی ایک کڑی ہے جب ان کی صوبوں میں حکومت تھی اور وزیر خزانہ شوکت ترین ملک کو ڈیفالٹ کروانے پر تلے ہوئے تھے، ماضی میں ان کی پہلے بھی کوشش رہی کہ پاکستان ڈیفالٹ کرجائے، ان کا ایجنڈا صرف ایک ہی تھا کہ ملک معاشی طورپر عدم استحکام کا شکار ہو ، یہ پاکستان میں سیاسی عدم استحکام ، عدالتوں میں تقسیم اور ملکی معیشت کو کمزور کرنا چاہتے تھے ۔

(جاری ہے)

ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ آج پی ٹی آئی کے حالات دیکھ لیں ان کے رہنما عمر ایوب اب آئی ایم ایف کو خط لکھ رہے ہیں، آخر ان کا ایجنڈا کیا ہے، عمرایوب جو آئی ایم ایف کو خط لکھ رہے ہیں اس کی کیا وجوہات ہیں؟ یہ پارٹی ملک کے ساتھ مخلص نہیں ،اس کا ہر وقت ملک میں انتشار ، افراتفری اور جلائو گھیرائو کی سیاست کو فروغ دینے کی کوشش رہی ہے ۔ماضی کی حکومت کی منفی پالیسیوں کی بدولت پاکستان مسائل کا شکار ہے اور اب مزید کسی بحران کا متحمل نہیں ہوسکتا۔