Live Updates

نواز شریف کو جنرل باجوہ نے ثاقب نثار سے ملی بھگت کرکے نکلوایا تھا

نوازشریف کو جس الزام پر نکلوایا گیا وہ غلط تھا، میں اس فیصلے کا دفاع نہیں کرسکتا،اقامہ اور تنخواہ نہ لینے کے جرم پر نکالنا نہیں بنتا تھا ، ایون فیلڈ یا پانامہ میں نکالنا چاہیے تھا،رہنماء پی ٹی آئی شیرافضل مروت

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 17 فروری 2025 23:22

نواز شریف کو جنرل باجوہ نے ثاقب نثار سے ملی بھگت کرکے نکلوایا تھا
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے نیوزایجنسی۔ 17 فروری 2025ء )رہنماء پی ٹی آئی شیرافضل مروت نے کہا ہے کہ نواز شریف کو جنرل باجوہ نے ثاقب نثار سے ملی بھگت کرکے نکلوایا تھا،نوازشریف کو جس الزام پر نکلوایا گیا وہ غلط تھا، میں اس فیصلے کا دفاع نہیں کرسکتا،اقامہ اور تنخواہ نہ لینے کے جرم پر نکالنا نہیں بنتا تھا ، ایون فیلڈ یا پانامہ میں نکالنا چاہیے تھا۔

انہوں نے سماء نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کو بھی آج تک سمجھ نہیں آئی کہ کیوں نکالا گیا تھا، شاید مجھے بھی سمجھ نہیں آئے گی، یہ ہم دونوں میں ایک مماثلت ہے ،آج پھر میں نے اسمبلی کے فلور پر نعرہ لگایا کہ مجھے کیوں نکالا؟جب عمران خان کو عدت اور سائفر کیس میں سزائیں ہوئیں تو ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے مٹھائی بانٹی، جب نوازشریف کو نکالا گیا اور سزا دی گئی تو پی ٹی آئی کیمپوں میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔

(جاری ہے)

اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ نواز شریف کو جنرل باجوہ نے ثاقب نثار سے ملی بھگت کرکے نکلوایا تھا۔نوازشریف کو جس الزام پر نکلوایا گیا وہ غلط تھا، میں اس فیصلے کا دفاع نہیں کرسکتا۔نوازشریف کو اقامہ اور تنخواہ نہ لینے کے جرم پر نکالنا نہیں بنتا تھا ، ایون فیلڈ یا پانامہ میں نکالنا چاہیے تھا،جنرل باجوہ نے نکلوایا اور ثاقب نثار آلہ کار بنا تھا۔

میں سمجھتا ہوں ہر دور میں قانون کی کسوٹی پر پرکھ کر فیصلہ دینا چاہئے۔ یہ سلسلہ اب ختم ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے تیسری بار نکالا گیا، اگر ان کے نام لوں گا تو عمران خان کو دکھ ہوگا۔ سینئر سیاسی رہنماء سینیٹر فیصل واوڈا نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی یا سینیٹ پچھلے 75سالوں سے ڈرامے بازی جھوٹ فریب بیچنے اور گالی دے کر گلے ملنے کا اکھاڑا بن گیا ہے،ہم ایکٹنگ کرتے ہیں اور جس کی ہمیں تنخواہ ملتی ہے۔

ہمارے جمہوری رویے نہیں ہیں، یہاں گالی کا جواب گالی سے اور تھپڑکا جواب تھپڑ سے دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایف بی آر گاڑیوں کا کام رک گیا ہے، بدھ کو پھر ایک اچھا کام کرنے جارہا ہوں، میری ٹائم وزارت 3 ارب ڈالر کا قرضہ اتار سکتی ہے۔خیبرپختونخواہ پولیس اگر گنڈاپور کے ماتحت نہ ہوتی تو پھر وفاق میں آکر فائرنگ بھی نہ کرتی، احتجاج میں موجود نہ ہوتی ، بندوقیں بھی نہ ہوتیں اور گاڑیاں بھی نہ ہوتیں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ نے چار ہفتے پہلے مولانا کیلئے جو زبان استعمال کی ہے اس سے واضح ہوجاتا ہے کہ مولانا کو تھریٹ الرٹ علی امین گنڈاپور کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات